وقف ڈیولپمنٹ کارپوریشن جلد ہی شرمندہ تعبیر - کے رحمن خان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-28

وقف ڈیولپمنٹ کارپوریشن جلد ہی شرمندہ تعبیر - کے رحمن خان

مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور جناب کے رحمن خان نے نیشنل ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے دوررس اثرات کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ یہ برسوں کا میرا ایک خواب ہے جو جلد ہی شرمندہ تعبیر ہونے والا ہے۔ روزنامہ راشٹریہ سہارا سے ایک خصوصی بات چیت میں کے رحمن خان نے کہاکہ 29جنوری کو وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ اور یوپی اے کی چےئر پرسن محترمہ سونیا گاندھی کے ہاتھوں نیشنل وقف ڈیولپمنٹ کارپوریشن کا افتتاح ہوگا، ان کے مطابق اس تاریخ ساز قدم سے ملک میں ایک مثبت انقلاب کا تجربہ ہوگا اور مسلمانوں کے دیرینہ مطالبات کو ہم عملی جامہ پہنانے کی جانب سے تیزی سے آگے بڑھ سکیں گے۔ انہوں نے کہاکہ اس کارپوریشن کا راس المال Capital 500کروڑ روپئے ہوگا لیکن فی الحال اسے 100کروڑ روپئے سے شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ اس منصوبہ میں 58فیصد حکومت کا شےئر ہوگا جس میں سے 49فیصد شےئر قومی اقلیتی مالیاتی کارپوریشن،9فیصد سنٹرل وقف کونسل اوربقیہ 42فیصد میں وقف بورڈ اور پبلک حصہ داری ہوگی۔ روزنامہ راشٹریہ سہارا کی خاص بات چیت میں کے رحمن خان نے وضاحت کی ہے کہ یہ کارپوریشن حال ہی میں پارلیمنٹ سے منظور شدہ نئے وقف قانون کی روشنی میں کام کرے گا اور انہوں نے کہاکہ پہلی بار ہندوستان میں شرعیہ قانون کی بنیاد پر وقف کارپوریشن کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے، جس کی آفادیت آنے والے دنوں میں سامنے آئے گی۔ انہوں نے وضاحت کی کہ کارپوریشن اوقافی جائیدادوں کے تحفظ ارو ان کی ترقی کیلئے کام کرے گا اور کارپوریشن کے حوالے کرنے کیلئے فی الحال 100سے زائد جائیدادوں کی نشاندہی کرلی گئی ہے۔ کے رحمن خان نے کہاکہ اوقافی جائیدادوں کی ترقی کا ایک ہمہ گیر منصوبہ بنایا گیا ہے جس سے وقف کی منشا فوت بھی نہیں ہوگی اور وقف جائیدادوں کی ترقی سے زیادہ سرمایہ بھی حاصل کیا جاسکے گا جس کے نتیجہ میں وقف کی منشا کے مطابق وسیع پیمانے پر خیر و فلاح کا کام انجام پائے گا۔ روزنامہ راشٹریہ سہارا کے گروپ ایڈیٹر سید فیصل علی کے ایک سوال کے جواب یمں مرکزی وزیر کے رحمن خان نے امیدظاہر کی کہ نیشنل وقف ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے قیام سے ایک طرف ہم مسلمانوں کے متفرق مسائل کو حل کرنے اور مسلمانوں کی ہمہ جہت ترقی میں اہم رول ادا کرسکیں گے اور دوسری طرف اوقافی جائیدادوں کی خردبرد اور بے کار وبے اثر ہونے پر بھی قابو پایا جاسکے گا۔ کے رحمن خان کے مطابق وہ جلد ہی ایک ٹاسک فورس تشکیل دئیے جانے کی کوشش کررہے ہیں جس کیلئے 29جنوری کو ہی انہوں نے وقف محکمہ کے ریاستی وزراء اور تمام ریاستوں کے ڈائرکٹر جنرل آف پولیس سمیت دیگر افراد کی ایک اہم میٹنگ بھی طلب کی ہے جس میں ٹاسک فورس کی تشکیل کے تعلق سے غوروخوص کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایاکہ ٹاسک فورس اس لئے ضروری ہے تاکہ اوقافی جائیدادوں پر ناجائز قبضوں پر روک لگ سکے اور جو پہلے سے ناجائز قبضے ہیں ان کو واگذار کرایاجائے۔ انہوں نے ٹاسک فورس کا ذکر کرتے ہوئے کہاہے کہ اس میں پولیس محکمہ کے اعلیٰ عہدیداران شامل رہیں گے تاکہ ناجائز قبضہ کنندگان کے خلاف فوری کارروائی کی جاسکے۔ مرکزی وزیر کے مطابق نیشنل ڈیولپمنٹ کارپوریشن کا قیام سچر کمیٹی کی سفارشات میں سے ایک اہم کام ہے جس کا راست فائدہ ملت اسلامیہ کو ہونے والا ہے۔

National Wakf Development Corporation on the Anvil

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں