عشرت جہاں انکاونٹر - سی بی آئی کی جانب سے ضمنی چارج شیٹ کا ادخال ممکن - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-21

عشرت جہاں انکاونٹر - سی بی آئی کی جانب سے ضمنی چارج شیٹ کا ادخال ممکن

عشرت جہاں فرضی انکاونٹر کیس میں سی بی آئی توقع ہے کہ اندرون 10یوم ضمنی چارج شیٹ داخل کرتے ہوئے کارروائی کو آگے بڑھائے گی۔ سی بی آئی کے ذرائع نے بتایاکہ چارج شیٹ کے ادخال سے قبل اگر انٹلیجنس بیورو(آئی بی) کے عہدیداروں کے خلاف چارہ جوئی کی منظوری کے احکام موصول نہ ہوں تب بھی ایجنسی متعلقہ عدالت کو اس بات سے واقف کروائے گی کہ معاملہ حکومت کے پاس زیر التواء ہے۔ سمجھا جاتا ہے کہ وہ عشرت جہاں اور اس کے ساتھیوں کو فرضی انکاونٹر کے ذریعہ ہلاک کرنے کی سازش میں ملوث مشتبہ آئی بی عہدیداروں کے نام نہیں بتائے گی۔ ذرائع نے کہاکہ اندرون 10یوم ایجنسی اپنی چارج شیٹ داخل کرے گی لیکن اس میں چیف منسٹرگجرات نریندر مودی کے قریبی ساتھی امیت شاہ کا نام نہیں ہوگا۔ ذرائع نے دعویٰ کیا کہ انکاونٹر کی سازش میں آئی بی عہدیداروں کے ملوث ہونے کے ایجنسی کے پاس کافی ثبوت موجود ہیں لیکن وہ چارج شیت میں عہدیداروں کے نام بتانے سے گریز کررہی ہے اور اس معاملہ کو وزارت قانون سے رجوع کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیر قانون سے رائے طلب کی گئی ہے کہ آیا اسپیشل ڈائرکٹر آئی بی راجندر کمار (ریٹائرڈ) اور آئی بی کے دیگر3عہدیداروں پی متل، ایم کے سنہا اور راجیو وانکھیڈے کے خلاف مقدمہ چلانے وزارت داخلہ کی اجازت حاصل کرنا ضروری ہے۔ ایک رائے یہ ہے کہ کمار چونکہ انکاونٹر کے وقت اہم ذمہ داری پر فائز تھے اس لئے ان کے خلاف کارروائی کیلئے وزارت داخلہ سے اجازت کا حصول ضروری ہے۔ دوسری رائے یہ ہے کہ چونکہ وہ اس سال جولائی میں ریٹائرڈ ہوگئے اس لئے ان کے خلاف بغیر اجازت کارروائی کی جاسکتی ہے۔

Ishrat case: CBI may file supplementary chargesheet

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں