ہند - جنوبی کوریا پانچ معاہدات پر دستخط - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-17

ہند - جنوبی کوریا پانچ معاہدات پر دستخط

نئی دہلی
(یو این آئی)
ہندوستان اور جنوبی کوریا کے درمیان آج5معاہدات پر دستخط ہوگئے۔ دونوں ممالک نے اپنے اپنے قومی سلامتی ڈھانچوں کے درمیان سالانہ تال میل قائم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے باہمی سیاسی، سکیورٹی اور دفاعی تعاون کو مستحکم کرنے کی کوشش کی ہے اور راز کی فوجی اطلاعات کے تحفظ پر ایک معاہدہ پر بھی دستخط کئے۔ یہ فیصلے وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ اور جنوبی کوریا کی دورہ کنندہ صدر پارک گیون۔ ہائی کے درمیان یہاں بات چیت کا نتیجہ تھے۔ وزیراعظم نے بعد میں میڈیا کو دئیے گئے ایک بیان میں یہ بھی اعلان کیا کہ جنوبی کوریا کی ایک مشہور اسٹیل کمپنی پوسکو کے پلانٹ کو اڈیشہ میں کانکی سہولت بہت جلد دی جارہی ہے۔ 12بلین ڈالر کے مصارف سے قائم کیا جانے والا یہ پلانٹ ہندوستان میں اب تک کی سب سے بڑی بیرونی راست سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) کا مظہر ہوگا۔ یہ پلانٹ گذشتہ تقریباً7سال سے رکا ہوا تھا۔ پارک کے دورہ سے ایک ہفتہ قبل ہی حکومت نے اس پلانٹ کا ماحولیاتی کلیرنس دیا ہے۔ دونوں ممالک نے سائبر امور پر مذاکرات شروع کرنے سے بھی اتفاق کرلیا اور خلائے بسیط کے پرامن استعمال پر ایک یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے۔ ڈاکٹر سنگھ نے بتایاکہ انہوں نے دورہ کنندہ قائد سے باہمی دلچسپی اور علاقائی و نیز عالمی اہمیت کے معاملات پر تفصیلی گفتگو ہوگی"۔ اس طرح ہمارے ممالک کے درمیان فوجی اشتراک کو ایک نئی قوت تحریک ملی ہے"۔ وزیراعظم ہند نے کہاکہ صدر پارک اور انہوں نے تجارت میں اضافہ کی رفتار کو برقرار رکھنے اور معاشی وفود کے تبادلوں میں وسعت دینے سے بھی اتفاق کرلیا ہے۔

India, South Korea ink five accords, Posco gets go-ahead

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں