31/دسمبر نئی دہلی پی۔ٹی۔آئی
صدر جمہوریہ پرنب مکرجی اور وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ نے سال نو کے موقع پر قوم کو مبارکباد دی ہے اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سال نو کے اپنے پیام میں تمنا ظاہر کی ہے کہ نیا سال، تشدد اور مصائب کو ختم کرکے امن کا خوشگوار ماحول پیدا کرے۔ صدر جمہوریہ نے کہاکہ "سال نو کے پرمسرت موقع پر میں، اندرون اور بیرون ملک اپنے تمام ہم وطنوں کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں اور نیک خواہشات کااظہار کرتا ہوں۔ خدا کرے کہ نیا سال ہمارے معاشر میں شعور بیدار کرے جس کے ذریعہ علم کو سماجی بھلائی اور معاشی ترقی کیلئے استعمال کیا جاسکے۔ خدا کرے کہ ہمارے نوجوانوں کی اختراعی صلاحیتوں میں اضافہ ہو۔ آئیے ہم عہد کریں کہ نئے سال میں ملک کے عوام اپنی متنوع صلاحیتوں کو ہمہ گیر ترقی کے اجتماعی مقصد کیلئے استعمال کریں گے۔ نیا سال امن و مساوات اور خیر سگالی لائے"۔ نائب صدر حامد انصاری نے تمام شہریوں کو مبارکباد دیتے ہوئے پرمسرت اور خوشحال نئے سال کی تمنا ظاہر کی۔ وزیراعظم نے عوام کو سال نو کی مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ یہ ایک ایسا موقع ہے جب ہم تمام لوگوں کو گزرے ہوئے سال کا محاسبہ کرنا چاہئے کہ کیا کیا کامیابیاں اور کارنامے ہمارے حصہ میں آئے اور ہم سے کیا کمیاں اور کوتاہیاں ہوئیں۔ وزیراعظم نے مزید کہاکہ یہ وقت امید کا بھی ہے اور اہداف تک پہنچنے کیلئے نئے عزم اور نئے اعتماد کے ساتھ نئے آغاز کا بھی ہے۔India President, Vice President and Prime Minister's New Year Message
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں