بارہ ہیلی کاپٹروں کیلیے آگسٹا ویسٹ لینڈ معاملت منسوخ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-02

بارہ ہیلی کاپٹروں کیلیے آگسٹا ویسٹ لینڈ معاملت منسوخ

ہندوستان نے اپنے فضائیہ کیلئے 12 ویں آئی پی ہیلی کاپٹرس کی فراہمی کی غرض سے اینگلو۔ اطالوی کمپنی آگسٹا ویسٹ لینڈ سے طے پائی3600 کروڑ روپئے کی معاملت آج منسوخ کردی۔ معاملت میں 360 کروڑ روپئے کی رشوت کی ادائیگی کے الزامات سامنے آنے پر یہ معاملت منسوخ کی گئی ہے۔ یہ معاملت 2010ء میں طئے پائی تھی۔ یہ اطلاعات سامنے آنے کے بعد کہ کمپنی کے دو اعلیٰ عہدیداروں نے یہ کنٹراکٹ حاصل کرنے مبینہ طورپر رشوت دی تھی، اس معاملت کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔ اس کیس میں سابق سربراہ فضائیہ ایس پی تیاگی بھی ملزم ہیں۔ سی بی آئی اس معاملہ کی تحقیقات کررہی ہے۔ وزارت دفاع کے ذرائع نے بتایا کہ تنسیخ کا فیصلہ آج صبح وزیراعظم منموہن سنگھ سے وزیر دفاع اے کے انٹونی کی ملاقات کے بعد کیاگیا۔ معاملت، نہایت اہم شخصیتوں(وی وی آئی پیز) کیلئے 12 ہیلی کاپٹروں کی سربراہی کیلئے تھی اور ان 12 ہیلی کاپٹروں میں سے آگسٹا ویسٹ لینڈ کمپنی نے 3 ہیلی کاپٹرس پہلے ہی فراہم کردئیے ہیں۔ وزارت دفاع کے ذرائع نے یہاں بتایاکہ ہندوستان اب اینگلو ۔اطالوی کمپنی کے ساتھ ثالثی اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت نے بارہ AW-101 وی وی آئی پی ہیلی کاپٹرس کی فراہمی کا کنٹراکٹ گذشتہ فروری میں منجمد کردیا تھا۔ یہ ہیلی کاپٹرس، انڈین ایرفورس کو فراہم کئے جانے والے تھے۔ اس معاملت میں 360کروڑ روپئے رشوت کی ادائیگی کے الزامات کے بعد یہ معاملت منسوخ کی گئی۔ اس سلسلہ میں کمپنی کے 2 اعلیٰ عہدیداروں پر الزامات عائد کئے گئے تھے اور اٹلی میں انہیں گرفتار کیا گیا تھا۔ ہندوستان نے 30فیصد رقم پہلے ہی ادا کردی ہے اور مزید 3 ہیلی کاپٹروں کیلئے مزید رقومات کی ادائیگی ہونے والی تھی کہ اس معاملت کو منجمد کردینے کا حکم دے دیا گیا۔ گذشتہ 10ماہ کے دوران وزارت دفاع ہند نے اینگلو۔ اطالوی فرم کو 2 وجہ نمائی نوٹسیں جاری کیں۔ ان نوٹسوں کے جواب میں کمپنی نے کسی بھی غلطی سے انکار کیا ہے لیکن حکومت ہند نے اس کمپنی کے استدلال کو مسترد کردیا۔ وزارت دفاع نے ان دستاویزات تک بھی دسترس حاصل کرلی جو اٹلی میں مبینہ درمیانی آدمیوں کے پاس سے ضبط کئے گئے تھے۔ سمجھا جاتا ہے کہ کنٹراکٹ کو ختم کرنے کیلئے یہ دستاویزات بھی بنیاد بنے ہیں۔ گذشتہ سال فروری میں معاملت کو وزارت دفاع کی جانب سے منجمد کئے جانے کا حکم دئیے جانے کے جلد بعد آگسٹا ویسٹ لینڈ کمپنی نے یہ الزام لگایا تھا کہ ہندوستان "یکطرفہ طورپر" قدم اٹھارہا ہے۔ اس کمپنی نے ہندوستان کے اقدام کے خلاف ثالثی کارروائی شروع کرنے کی مانگ کی۔ اس مرحلہ پر وزارت دفاع نے کمپنی کے ساتھ کسی قانونی جنگ میں پڑنے سے انکار کردیا تھا۔ کمپٹرولر اینڈ آڈیٹر جنرل (سی اے جی) نے بھی معاملت میں نقائص پر روشنی ڈالی تھی۔ کیس کے سلسلہ میں اٹلی میں آگسٹا ویسٹ لینڈ کمپنی کے سابق چیف ایگزیکٹیو آفیسر جی اور سی کی گرفتاری کے بعد وزیر دفاع ہند اے کے انٹونی نے ان ادائیگیوں کو معطل کردیا جو ہندوستانی فضائیہ کو مابقی 9 ہیلی کاپٹروں کی فراہمی کے ساتھ کی جانے والی تھیں۔

India Cancels AugustaWestland Helicopter Deal

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں