مسجد الحرام میں دنیا بھر سے معتمرین اور زائرین کا ازدحام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-24

مسجد الحرام میں دنیا بھر سے معتمرین اور زائرین کا ازدحام

مسجد الحرام میں شدید اژدھام کے باعث غیر معتمرین کو پہلی منزل ، چھت اور صحنوں میں منتقل کردیا گیا۔ ان دنوں سعودی عرب کے تما م علاقوں سمیت دنیا بھر سے لاکھوں زائرین اور معتمرین عبادت، عمرے او رزیارت کیلئے مسجد الحرام پہنچ رہے ہیں۔ حرم شریف کے داخلی و خارجی صحن دالان اور مطاف میں زبردست اژدھام دیکھا جارہا ہے مسجد الحرام کی انتظامیہ نے زائرین کی سہولت اور سلامتی کی خاطر یہ انتظام کر رکھا ہے کہ اگر حرم شریف کا داخلی حصہ زائرین سے بھر گیا ہو تو ایسی صورت میں حرم کے دروازوں پر سرخ روشنی خو د بخود جلنے لگتی ہے۔ یہ اس بات کی علامت ہوتی ہے کہ اب مزید زائرین کیلئے حرم شریف کے اند ر گنجائیش نہیں رہی ہے۔ سرخ روشنی دیکھتے ہی سیکیورٹی کے اہلکار متحرک ہوجاتے ہیں اور وہ مزید نمازیوں اور زیارت کیلئے آنے والوں کو مطاف میں جانے سے روک دیتے ہیں اور حرم شریف میں داخل نہیں ہونے دیتے۔ مسجد الحرام سیکیورٹی فورس کے معاون کمانڈر بریگیڈئیر خالد صالح الشہری نے عکاظ اخبار کو بتا یا کہ یہ اقدام احتیاطی تدبیر کے طور پر کیا جاتا ہے۔ اسپیشل فورس کو فوری طور پر تعینات کردیا جاتا ہے تاکہ اس کے جوان مزید زائرین کو حرم شریف کے اندر نہ جانے دیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عمرے کیلئے آنیوالے کو ترجیحی بنیادوں پر مطاف میں جانے کا موقع مہیا کیا جارہا ہے جبکہ عام نمازیوں اور عبادت و زیارت کیلئے آنیوالوں کو حرم شریف کی چھت، پہلی منزل اور خارجی صحنوں میں عبادت پر آمادہ کیا جارہا ہے۔ الشہری نے زائرین سے اپیل کی کہ وہ سیکورٹی کے اہلکاروں سے تعاون کریں۔ مقررہ قوائد و ضوابط کی پابندی کریں اور مصروف مقامات سے دور رہیں۔ مطاف کو طواف کیلئے آنیوالوں کیلئے خالی رکھیں۔ عارضی مطاب، وہیل چیئرز پر طواف کرنے اور معزوروں کیلئے مختص کیا گیا اس کی بھی پابندی کریں۔ انہو ں نے بتا یا کہ ان دنو ں مملکت سمیت تمام خلیجی ممالک کے اسکولوں میں تعطیلات چل رہی ہیں اس وجہ سے بھی زائرین بہت زیادہ بڑھے ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ مطا ف میں توسیع کے لئے خادم حرمین شریفین شاہ عبداللہ منصوبہ نافذ کیا جارہا ہے۔ یہ دوسرا برس ہے آئندہ سال مکمل ہوجائیگا۔ مکمل ہونے پر ایک لاکھ 48ہزار کے لگ بھگ افراد بیک وقت طواف کرسکیں گے۔

Heavy rush of umrah pilgrims at Makkah

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں