جاسوسی اسکینڈل - مودی کیخلاف ایف آئی آر درج کرنے سے گجرات پولیس کا انکار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-07

جاسوسی اسکینڈل - مودی کیخلاف ایف آئی آر درج کرنے سے گجرات پولیس کا انکار

گجرات پولیس نے چیف منسٹر نریندر مودی، ان کے ساتھ امیت شاہ اور دیگر افراد کے خلاف ایک خاتون کی جاسوسی سے متعلق اسکینڈل (اسنوپنگ اسکینڈل) میں ایف آئی آر درج کرنے سے انکار کردیا ہے۔ ایف آئی آر کے اندراج کیلئے شکایت ایک معطل آئی اے ایس عہدیدار پردیپ شرما نے پیش کی ہے جنہوں نے عدالت سے رجوع ہونے کی دھمکی دی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ شرما جن کا نام اس تنازعہ (اسنوپنگ اسکینڈل) میں آیا ہے، اپنی شکایت لے کر گاندھی نگر پولیس اسٹیشن پہنچے اور ایف آئی آر درج کرانے کی خواہش کی لیکن پولیس نے محض ان کی درخواست قبول کرنے پر اتفاق کیا۔ شرما نے اخبار نویسوں کو بتایاکہ "پولیس انسپکٹر (انچارج) سیکٹر۔7 پولیس اسٹیشن نے درخواست تو قبول کرلی لیکن ایف آئی آر درج کرنے سے انکار کردیا، اس لئے میں اب اپنی شکایت کرانے سپرنٹنڈنٹ پولیس کے دفتر کو جارہا ہوں۔ انہوں نے مزید کہاکہ اگر ایف آئی آر درج کرانے کی کوشش ناکام ہوجائے تو وہ عدالت سے رجوع ہوں گے۔ معطل آئی اے ایس عہدیدار نے کہاکہ وہ شکایت کنندہ فریق ہے اس لئے ایف آئی آر درج کرانے کا حق پہنچتا ہے۔ "سیکٹر۔7 پولیس اسٹیشن کے عہدیداروں نے ابتداء کوئی کارروائی کرنے سے انکار کردیا اور مجھ سے خواہش کی کہ میں کمیشن یا عدالت سے رجوع ہوں۔ یہ (اسنوپنگ اسکینڈل) ایک مستوجب دست اندازی پولیس جرم ہے اور سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ ایسے جرم کے سلسلہ میں ایف آئی ار درج کیا جانا چاہئے۔ میں نے ثبوت کے طورپر 2 ویب سائٹس (غلیل اور کوبرا پوسٹ) کے 2 آڈیو ٹیپ پیش کئے ہیں۔ میری شکایات چیف منسٹر گجرات نریندر مودی، سابق ریاستی وزیر داخلہ امیت شاہ، اس وقت کے انسپکٹر جنرل (انٹلیجنس ) اے کے شرما اور دیگر افراد کے خلاف ہے"۔ شرما نے بتایاکہ اس اسکینڈل کی تحقیقات کیلئے قائم کردہ تحقیقاتی کمیشنوں کو اختیار ہے کہ وہ سفاراشات پیش کرے لیکن ایف آئی آر درج کرنا،تحقیقات کرنا اور مقدمہ قائم کرنا تو پولیس کا کام ہے۔ "مجرمامہ سرگرمیوں سے، کمیشن آف انکوائری کا کوئی لینا دینا نہیں ہوتا۔ اگر کوئی مجرمانہ واقعہ ہوتا ہے تو ایف آئی آر درج کرانا ہوتاہے۔ کمیشن ، کسی کیس کی مجرمانہ نوعیت پر نظر نہیں ڈالتا۔ اسی دوران گاندھی نگر کے ایس پی شرد سنگھل نے ان سے رابطہ قائم کئے جانے پر کہا کہ شرما کی درخواست قبول کرلی گئی ہے تاہم سنگھل نے تفصیلات بتانے سے انکار کردیا۔ یہاں یہ تذکرہ بیجا نہ ہوگا کہ دو تحقیقاتی نیو پورٹلس کوبرا پوسٹ ڈاٹ کام اورغلیل ڈاٹ کام نے گدشتہ 15نومبر کو دعویٰ کیا تھا کہ سابق وزیر داخلہ امیت شاہ نے ایک "صاحب" کے اشارہ پر ایک خاتون کی غیر قانونی جاسوسی کرنے کا حکم دیا تھا۔ سمجھا جاتاہے کہ وہ "صاحب" مود ی تھے۔

Snooping scandal: Gujarat Police refuse to file FIR against Modi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں