بدعنوانی سے پاک حکومت دینے کا کانگریس کا وعدہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-18

بدعنوانی سے پاک حکومت دینے کا کانگریس کا وعدہ

کانگریس نے بدعنوانی کے خاتمے اور ملک کے عوام کو صاف شفاف اور جوابدہ حکومت دینے کے عہد کے ساتھ پارٹی کے نائب صدر راہل گاندھی کی قیادت میں آئندہ عام انتخابات میں اترنے کا عہدہ کیا ہے۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے یہاں ایک قرارداد میں گذشتہ اسمبلی انتخابات میں پارٹی کی شکست کو ایک چیلنج قرار دیتے ہوئے کارکنوں سے متحد ہوکر کام کرنے کی اپیل کی۔ قرارداد میں فرقہ پرست اور تخریبی طاقتوں کو ملک کیلئے سنگین چیلنج بتاتے ہوئے کہاگیا کہ کانگریس نے سیکولر اقدارکے تحفظ اور انہیں مضبوط بنانے کیلئے ہمیشہ اپنا رول ادا کیا ہے اور آئندہ بھی بلاخوف یہ رول ادا کرتی رہے گی۔ پارٹی نے کہاکہ 2014ء کے لوک سبھا انتخابات دو مختلف نظریات کے درمیان لڑے جائیں گے۔ ایک نظریہ وہ ہے جو لوگوں کو بانٹنا چاہتا ہے اور دوسرا نظریہ وہ ہے جس کے تحت ہندوستان کو متحد رکھنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ پارٹی نے اعتدال پسند، سیکولر اور جمہوری نظریے کو فروغ دینے ک یعہد کا اعادہ کرتے ہوئے تمام ہم خیال نظریات والی سیاسی اور سماجی طاقتوں سے متحد ہونے اور آپس میں تعاون کرنے کی اپیل کی ہے۔ حالیہ اسمبلی انتخابات میں پارٹی کی خراب کارکردگی کی اصل وجہہ بننے والی بدعنوانی اور مہنگائی کے بارے میں پارٹی نے کہاکہ مستقبل میں ان سے نپٹنا اس کی اولین ترجیح ہوگی۔ پارٹی نے بدعنوانی کو کسی بھی حالت میں برداشت نہ کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے کہاہے کہ اس کی زیر قیادت مرکزی حکومت نے اس سے نپٹنے کیلئے کئی اقدامات کئے ہیں۔ لوک پال بل کو پاس کرنے کیلئے حکومت کی تعریف کرتے ہوئے قرارداد میں اسے ایک ہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ یہ بدعنوانی سے نپٹنے کیلئے تنہا کافی نہیں ہوگا۔ ہندوستان کو ایک جامع انسداد بدعنوانی ضابطے کی ضرورت ہے جسے حکومت نے 9 نئے مرکزی قوانین کے ذریعہ تیار کیا ہے۔ ان میں سے6بل پارلیمنٹ کے سامنے زیر غور ہیں۔ پارٹی نے آئندہ ماہ ہونے والے پارلیمانی اجلاس میں پاس کرنے کیلئے پارلیمنٹ اور حکومت سے اپیل کی ہے۔ پارٹی نے مہنگائی کو عام آدمی پر سب سے بڑا بوجھ قرار دیتے ہوئے کہاکہ قیمتوں میں اضافے کے خلاف لڑائی کانگریس کی مضبوط پالیسی ساز ترجیح رہے گی۔ اقتصادی ترقی، سرمایہ کاری اور بنیادی ڈھانچے کا ذکر کرتے ہوئے قرارداد میں کہا گیا ہے کہ کانگریس روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور عام آدمی کی آمدنی میں اضافہ کرنے کیلئے انتہائی ضروری تیز رفتاری اقتصادی ترقی کیلئے اپنے عہد کا اعادہ کرتی ہے۔ عالمی کساد بازاری کے باوجود ہندوستان دنیا میں دوسرے سب سے بڑے اور تیز رفتار اقتصادی نظام والے ملک کی فہرست میں برقرار ہے۔ اگر کساد بازاری سے متاثر حالیہ برسوں کو شامل کرلیاج ائے تب بھی کانگریس کی زیر قیادت ترقی پسند اتحاد (یوپی اے) حکومت کے تحت گذشتہ 9 سال کی مدت کے دوران شرح نمو میں سب سے بہتر ہے۔ کانگریس تیز رفتار اقتصادی ترقی کو برقراررکھنے کے مواقع پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ سماجی بہبود کے پروگراموں کیلئے حکومت کو ریونیو ملتا ہے۔ پارٹی نے گھریلو اور غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے سازگار کاروباری ماحول بنائے رکھنے اور چھوٹے تاجروں اور چھوٹے درمیانہ زمرے کے صنعت کاروں کو خاص طورپر بڑھاوا دینے کے عہد کااظہار کیا۔

Congress promises corruption-free government

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں