وقف بل کو کابینہ کی منظوری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-31

وقف بل کو کابینہ کی منظوری

مسلمانوں کے ایک دیرینہ مطالبہ کی تکمیل کرتے ہوئے مرکزی کابینہ نے آج ایک بل کو منظوری دی ہے جس کے تحت وقف جائیدادوں کو عوامی ملکیت کا موقف دیا جائے گا اور وقف اراضی پر غیر مجاز قبضہ کو فوجداری جرم قرار دیا جائے گا۔ توقع ہے کہ وقف املاک (غیر مجاز قابضین کی برخاستگی) بل کو 5فروری سے شروع ہونے والے پارلیمنٹ کے سرمائی سیشن میں پیش کیا جائے گا۔ اگرچہ وقف املاک پر غیر مجاز قبضہ کا کوئی ٹھیک اندازہ نہیں ہے لیکن مسلم فرقہ کے ارکان کا کہنا ہے کہ یہ 50فیصد سے زیادہ اراضیات ہوسکتی ہیں۔ ذرائع نے بتایاکہ مجوزہ قانون سے وقف عہدیداروں کو املاک پر سے قبضہ برخاست کرانے اور خاطیوں کے خلاف قانونی کارروائی کے اختیارات مل جائیں گے۔ مجوزہ قانون سے پورے ملسم فرقہ کا فائدہ ہوگا کیونکہ اس کے ذریعہ قبضوں سے وقف جائیدادوں کے تحفظ کیلئے ایک موزوں میکانزم فراہم ہوگا۔ ایک سرکاری بیان میں یہ بات کہی گئی۔ ذرائع نے بتایاکہ یہ مسلم فرقہ کا ایک دیرینہ مطالبہ تھا کیونکہ وقف اراضیات پرغیر قانونی قبضہ فرقہ کی فلاح و بہبود کیلئے ترقی میں رکاوٹ ہے۔ سچر کمیٹی نے سفارش کی تھی کہ وقف املاک کو عوامی ملکیت کا درجہ دیا جائے کیونکہ یہ جائیدادیں عوام کے فائدہ کیلئے ہے۔ افراد کیلئے نہیں اور ان املاک پر قبضہ کرنے والوں کو سرکاری اراضی پر قبضہ کرنے والے افراد کی طرح نمٹنا چاہئے۔ وزیر اقلیتی امور کے رحمن خان اس بل کے پرزور حامی تھے اور ان کا اصرار ہے کہ اگر وقف املاک پر ناجائز قبضوں سے سختی سے نہیں نمٹا گیا تو وقف جائیدادوں کی ترقی ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کل قومی وقف ترقیاتی کونسل کے بارے میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اس قانون کی ضرورت پر زور دیاتھا۔ اس اجلاس میں صدر کانگریس سونیا گاندھی اور وزیراعظم منموہن سنگھ نے بھی شرکت کی تھی۔ لوک سبھا انتخابات سے قبل چھوٹے قبیلوں کیلئے تحفظات کی سمت ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے حکومت نے ایسے فرقوں کی نشاندہی کیلئے ایک کمیشن تشکیل دیا ہے۔ حکومت نے تقریباً 60ذاتوں اور فرقوں کو جو اب تک تحفظات کی سہولت سے استفادہ نہیں کرسکے ان کیلئے ریزرویشن کو یقینی بنانے کیلئے دیگر پسماندہ طبقات کی فہرست میں ترمیم کو منظوری دی۔

Cabinet approves wakf properties bill

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں