لوک سبھا انتخابات میں بی ایس پی کا تنہا مقابلہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-16

لوک سبھا انتخابات میں بی ایس پی کا تنہا مقابلہ

مایاوتی نے یہاں ایک میگا ریالی میں اپنی پارٹی کی انتخابی مہم کا آغاز کرتے ہوئے آج کہاکہ بی ایس پی، کانگریس، بی جے پی یا کسی اور کے ساتھ اتحاد نہیں کرے گی اور لوک سبھا انتخابات میں تنہا مقابلہ کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ بی ایس پی ملک بھر میں لوک سبھا انتخابات میں تنہا مقابلہ کرے گی۔ وہ اپنی سالگرہ کے موقع پر یہاں ساؤ دھان وشال مہا ریلی سے خطاب کررہی تھیں۔ بی ایس پی سربراہ نے زور دے کہا کہ ان کی پارٹی اترپردیش یا قومی سطح پر کسی پارٹی کے ساتھ اتحاد نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ میڈیا میں ایسی اطلاعات دیکھنے میں آئی ہیں کہ بی ایس پی کانگریس کے ساتھ اتحاد کرنے والی ہے، یہ درست نہیں۔ مایاوتی نے چیف منسٹر گجرات نریندر مودی کو گودھرا فسادات کے سلسلہ میں بھی نشانہ تنقید بنایا۔ انہوں نے کہاکہ جب 6کروڑ کی آبادی رکھنے والی کسی ریاست کا چیف منسٹر ہندوؤ اور مسلمانوں کے درمیان فسادات کی روک تھام میں ناکام رہا تو وہ مختلف مذاہب اور ذات پات سے تعلق رکھنے والے عوام میں کس طرح اتحاد پیدا کرسکے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ گودھرا واقعہ نے ملک کو دہلاکر رکھ دیا لیکن اپنے تمام جلسوں میں مودی گجرات طرز کی ترقی کے بارے میں ہی بات کرتے رہے اور تیقنات دیتے رہے ہیں۔ بی ایس پی لیڈر نے دعویٰ کیا کہ حقیقت کچھ اور ہی ہے۔ انہوں نے ان (مودی) کی آبائی ریاست میں بچوں اور درج فہرست قبائل و طبقات کی اصل حالت کو اجاگر کرنے سی اے جی کی ایک رپورٹ کا حوالہ دیا۔ مایاوتی نے کہاکہ وہ (بی جے پی) کرپشن کو ختم کرنے کا دعویٰ کرتی ہے لیکن گجرات میں اس پر نظر رکھنے والے ادارہ لوک آیوکت کا قیام اس وقت عمل میں لایا گیا جب عدالت نے ایسا کرنے کی ہدایت دی۔ اس کے علاوہ یہ ادارہ بے حد کمزور بھی ہے۔ سابق چیف منسٹر اترپردیش نے کہاکہ وہ (مودی) مہنگائی پر قابو پانے، کرپشن اور بیروزگاری کو ختم کردینے کے علاوہ بیرونی ممالک میں جمع کالادھن واپس لانے کی بات کررہے ہیں لیکن ایک کہاوت ہے کہ "گرجنے والے برستے نہیں"۔ اور اس معاملہ میں یہ کہاوت درست معلوم ہوتی ہے۔ آئی اے این ایس کے بموجب مایاوتی نے کہاکہ کانگریس، بی جے پی اور سماج وادی پارٹی نے انہیں یعنی دلت خاتون کو سیاست میں ابھرنے سے روکنے آپس میں ساز باز کرلی ہے۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں اور اپنے حامیوں سے کہاکہ وہ بی ایس پی کی شمولیاتی پالیسیوں سے عوام کو واقف کرانے ملک کے کونے کونے میں پھیل جائیں۔ انہوں نے اپنے حامیوں سے کہاکہ وہ بہوجن سماج پارٹی کے خلاف سیاسی حریفوں کو "ووٹ منتقلی" حکمت عملی کا مقابلہ کریں۔ ہم صرف دوسروں کے بارے میں شکایات کرتے نہیں رہ سکتے۔ ہمیں اپنے مخالفین کے ناپاک منصوبوں کو شکست دینے حکمت عملی بھی تیار کرنی ہوگی۔ ان کی اس بات پر عوام نے زبردست جوش و خروش کااظہار کیا۔ یو این آئی کے بموجب بی ایس پی و سابق چیف منسٹر اترپردیش مایاوتی نے بالی ووڈ اسٹار اداکارسلمان خان کو مشورہ دیاکہ انہیں اور دیگر ستاروں کو سیفائی مہا اتسو میں فن کا مظاہرہ کرنے سے انکار کردینا چاہئے تھا تاکہ اس تنازعہ سے بچ سکیں جس میں ساری سماج وادی پارٹی گھری ہوئی ہے۔ انہوں نے ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ملائم سنگھ یادو اور ان کے خاندان نے اپنی تفریح کیلئے عوامی فنڈس کا بے جا استعمال کرتے ہوئے سیفائی مہااتسو کے دوران کافی جشن منایا، جب کہ ساری ریاست میں سردی کی لہر چل رہی ہے اور مظفر نگر فساد متاثرین کی مصیبتیں بھی کم نہیں ہوئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ سلمان خان اور دیگر بالی ووڈ اداکاروں کو تنازعہ سے بچنے سیفائی مہا اتسو میں پر فارم کرنے سے انکار کردینا چاہئے تھا۔ تاہم اس سارے معاملہ کو عوام کے سامنے لانے پر انہوں نے میڈیا کی ستائش کی۔ یہاں یہ تذکرہ مناسب ہوگا کہ حکومت اترپردیش نے ٹی وی چینلوں پر اس مہا اتسو کو راست نشر کرنے پر پابندی لگادی تھی جب کہ اس کی سچائی کو منظر پر لانے پر خود چیف منسٹر اکھلیش یادو نے میڈیا والوں کی سرزنش کی تھی۔

BSP to fight Lok Sabha elections alone, Mayawati asserts

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں