اے پی این جی اوز کا 22 جنوری کو چلو حیدرآباد مظاہرہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-16

اے پی این جی اوز کا 22 جنوری کو چلو حیدرآباد مظاہرہ

آندھرا پردیش نان گزیٹیڈ آفیسرس اسوسی ایشن نے منگل کے دن ،چلو حیدرآباد، کا اعلان کیا ہے ۔ سیما آندھرا کے سرکاری ملازمین کی اسوسی ایشن 22جنوری کو ریاستی اسمبلی کا گھیراؤ کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے ، تاکہ ریاست کی تقسیم کے خلاف احتجاج میں شدت لائی جاسکے ۔ اے پی این جی اوز اسوسی ایشن کے صدر پی اشوک بابو نے علاقہ رائلسیما اور سیما آندھرا کے ہر ایک خاندان سے کہا ہے کہ وہ کم سے کم ایک رکن خاندان کو ، چلو حیدرآباد ، مارچ کے لیے روانہ کریں ۔ واضح ہوکہ ریاستی اسمبلی میں آندھرا پردیش کی تنظیم جدید بل 2013پر مباحث جاری ہیں ۔ سردست اسمبلی کو سنکرانتی کی تعطلات ہیں ، تاہم 17جنوری کو اجلاس دوبارہ منعقد ہوگا ۔ صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے بل پر مباحث مکمل کرکے اپنی رائے 23جنوری تک روانہ کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ اے پی این جی اوز کے اسوسی ایشن نے 22جنوری کو عمارت اسمبلی کا محاصرہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،تاکہ اسمبلی میں تلنگانہ بل کو شکست دینے کے مطالبہ پر زور دیا جاسکے ۔ اشوک بابو نے کہا کہ سیما آندھرا سے تعلق رکھنے والے تمام 159ارکان اسمبلی کو چاہیے کہ وہ تلنگانہ بل کے خلاف ووٹ دیں ۔ انہوں نے سیما آندھرا کی تمام سیاسی جماعتوں اور قائدین سے اپیل کی کہ وہ "چلو حیدرآبا د " ریالی میں شرکت کریں اور علیحدہ تلنگانہ کی تشکیل کی مخالفت کرتے ہوئے عمارت اسمبلی کے محاصرہ میں حصہ لیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ظاہر کرنا چاہتے ہیں کہ عوام میں متحدہ ریاست کے تئیں کس قدر شدید جذبات پائے جاتے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ہمارا احتجاج کسی ایک مخصوص علاقہ کے خلاف نہیں ہے ۔ اشوک بابو نے مزید بتایا کہ ضرورت پڑنے پر ہم ریاست کی تقسیم روکنے کے لیے پارلیمنٹ مارچ کا بھی اہتمام کریں گے ۔اے پی این جی اوز اسوسی ایشن نے تاہم 17اور 18جنوری کو قبل ازیں سیما آندھرا بند کی اپیل سے دست برداری اختیار کرلی ہے ۔ اسوسی ایشن نے ستمبر میں حیدر آباد میں ایک جلسہ عام کا اہتمام کیا تھا ، جس میں علیحدہ تلنگانہ کی تشکیل کے لیے ریاست کو تقسیم کرنے مرکزی حکومت کے فیصلہ کے خلاف احتجاج کیا گیا تھا ۔

AP NGOs gives call for Chalo Hyderabad on Jan 22nd

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں