ہم جنسی سے متعلق قانون میں ترمیم کے خلاف حکومت کو سخت تنبیہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-30

ہم جنسی سے متعلق قانون میں ترمیم کے خلاف حکومت کو سخت تنبیہ

نئی دہلی۔(پی ٹی آئی) ہم جنسی کے خلاف سپریم کورٹ کے فیصلہ کی حمایت کرتے ہوئے مختلف مذاہب کے رہنماؤں نے تعزیرات ہند کی دفعہ 377 میں ترمیم یا تنسیخ پر حکومت کو سخت وارننگ دی۔ ہندو، مسلم، سکھ، عیسائی اور جین مذہب کے قائدین نے سپریم کورٹ کے فیصلہ کے خلاف حکومت کی درخواست نظر ثانی کی سختی سے مخالفت کی۔ ان رہنماؤں نے کہاکہ ہم جنسی مغربی تہذیب کی لعنت ہے، جس کے نتیجہ میں ہندوستان کی مذہبی، سماجی اور ثقافتی اہمیت ختم ہوجائے گی۔ نئی دہلی میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی ہند سید جلال الدین عمری نے حکومت کو ہم جنسی کی اجازت دینے کے خلاف سخت وارننگ دی اور کہاکہ اگر دفعہ 377 کو منسوخ کیا گیا یا اس میں ترمیم کی گئی تو حکومت کو اس کے نتائج بھگتنے ہوں گے۔ تمام مذاہب کے قائدین ہم جنسی کے خلاف ملک بھر میں تحریک چلارہے ہیں اور وہ عنقریب حکومت اور ارکان پارلیمنٹ سے ملاقات کرتے ہوئے اس بات کو قائل کرائیں گے کہ وہ ہم جنسی کی مخالفت کریں۔ مولانا جلال الدین عمری نے وارننگ دیتے ہوئے کہاکہ اگر حکومت اپنے فیصلہ پر اٹل رہتی ہے تو ملک بھر میں تحریک چلائی جائے گی، مظاہرے کئے جائیں گے۔ تمام مذاہب کے رہنما متحد ہوکر احتجاج کریں گے۔ شنکر آچاریہ اوم کار نندا سرسوتی نے کہاکہ ہم جنسی ایک بیماری ہے۔ ہم جنس پرستوں کو چاہے کہ وہ اپنا علاج کرائیں اور مذہبی رہنماؤں سے رجوع ہوں۔ ہم جنسی کے خلاف ایک جلسہ عام میں دہلی اقلیتی کمیشن کے سربرہا صفدر ایچ خان نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر ہم جنسی کو جرم قرار نہ دینے حکومت کی کوششوں کے خلاف ایک قرارداد بھی منظوری کی گئی۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں