امریکی سفارتکار خود اپنے قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-30

امریکی سفارتکار خود اپنے قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب

نئی دہلی۔(پی ٹی آئی) امریکی سفارت خانہ اور اس کے قونصل خانے، ملازمین کو اجرت کی ادائیگی کے معاملہ میں شائد خود اپنے قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب ہورہے ہیں۔ سفارتخانہ اور قونصل خانوں میں کارگذار ہندوستانی ملازمین کو امریکہ، قوانین کے مطابق اجرت ادا نہیں کررہا ہے۔ نہ صرف اداروں میں کارگذار بلکہ سفارتکاروں کے گھروں میں کام کرنے والے ہندوستانی ملازمین کو بھی قواعد کے مطابق اجرت نہیں مل رہی ہے۔ دیویانی کھوبر گڈے معاملہ میں امریکہ پر دباؤ میں اضافہ کرتے ہوئے وزارت امور داخلہ کے قائم کردہ ایک خصوصی گروپ کا کل اجلاس منعقد ہوگا جس میں امریکی سفارتخانہ اور قونصل خانوں میں کارگذار ہندوستانی ملازمین کی ادا کی جارہی اجرتوں سے متعلق دستیاب اطلاعات کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس بات کے اشارے مل رہے ہیں کہ ہندوستانی ملازمین کو قواعد کے مطابق اجرات ادا نہیں کی جارہی ہے۔ واضح ہو کہ حکومت ہند نے امریکی سفارتخانہ اور اس کے قونصل خانوں میں برسر خدمت ہندوستانی ارکان عملہ کو ادا کی جانے والی اجرتوں کی تفصیلات طلب کی تھیں تاہم سفارتکاروں کی جانب سے سے معاملہ کو طول دیا جارہا ہے۔ سفارتخانہ اور قونصل خانوں کے علاوہ سفارتکاروں کے گھروں میں ملازم ہندوستانی ارکان عملہ کی تعداد کی تفصیلات بھی طلب کی گئی تھیں۔ ٹیکس کی تفصیلات بھی فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔ اس سلسلہ میں 23دسمبر آخری تاریخ مقرر کی گئی تھی تاہم وزارت امور خارجہ کے ذرائع نے بتایاکہ تفصیلات ہنوز فراہم نہیں کی گئی ہیں۔ سمجھا جاتا ہے کہ امریکی سفارتخانہ نے تاخیر کیلئے کرسمس اور نئے سال کی چھٹیوں کو وجہ قرار دیا ہے۔ نیویارک میں ہندوستانی ڈپٹی قونصل جنرل دیوانی کھوبر گڈے کی گرفتاری اور ان کی توہین آمیز تلاشی کے بعد حکومت ہند نے سخت اقدامات روبہ عمل لاتے ہوئے ہندوستان میں موجود امریکی سفارتکاروں کو دستیاب مراعات واپس لے لی تھیں۔ ان مراعات میں سفارتکاروں کو ہندوستانی ایرپورٹس تک خصوصی رسائی وغیرہ شامل ہیں۔ حکومت کو امریکی ردعمل کا انتظار ہے۔ تاہم دستیاب اطلاعات میں اس بات کے اشارے ملے ہیں کہ ہندوستانی ارکان عملہ جیسے باورچیوں اور ڈرائیوروں کو ماہانہ 12ہزار تا 15ہزار روپئے ادا کئے جارہے ہیں جو صرف 200 تا240 امریکی ڈالر کے مساوی ہوتے ہیں۔ اس طرح یہ نیویارک یا کسی دیگر امریکی شہر میں اقل ترین اجرت 9.47 ڈالر فی گھنٹہ کے مقابلہ کہیں کم ہے۔ اس طرح یہ بات آشکار ہوتی ہے کہ امریکی سفارتکار خود اپنے ہی قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب ہورہے ہیں کیونکہ امریکی جہاں کہیں بھی مقیم ہوں جیسے امریکی سفارتخانے، امریکی قونصل خانے اور سفارتکاروں کی رہائش گاہیں، امریکی خطہ کے طورپر دیکھتے ہیں۔ اگر وہ ملکی قانون کا سہارا لے کر اپنے موقف کو حق بجانب قرار دیتے ہیں اور ہندوستانی ملازمین کو ادا کی جارہی تنخواہوں کی امریکی قوانین سے استثنیٰ کا دعوی کرتے ہیں تو کم ازکم ان حقائق کے منظر عام پر آنے کے بعد امریکہ کوگہری خفت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں