The revised Lokpal Bill in the Rajya Sabha amid severe disruption filing
مرکز میں لوک پال اور ریاستوں میں لوک آیوکتاؤں کے قیام سے متعلق لوک پال بل کو آج شور وغل کے درمیان راجیہ سبھا میں پیش کیا گیا۔ ایوان کی ایک سلکٹ کمیٹی نے غور و خوص کے بعد ایوان میں اسے پیش کیا جبکہ سماج وادی پارٹی کے ارکان نے مہنگائی کے مسئلہ پر بحث کا مطالبہ کرتے ہوئے زبردست شوروغل کیا۔ اس دوران دفتر وزیراعظم میں مملکتی وزیر وی نارائن سامی نے لوک پال ولوک آیوکت بل 2011 ایوان میں پیش کیا جسے لوک سبھا میں پہلے ہی منظور کیا جاچکا ہے۔ سلکٹ کمیٹی کی تجویز کردہ 13 ترمیمات کے بعد اسے ایوان میں پیش کیا گیا۔ لوک پال بل کے روز اول سے ہی مخالفت کرنے والی سماج وادی پارٹی نے غالباً اس اقدام پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ وہ حکومت کے خلاف پیش کردہ تحریک عدم اعتماد کی تائید کرے گی اگر اسے لوک سبھا میں پیش کیاگیا۔ سماج وادی کے ایک سینئر لیڈر نے کہاکہ اگر لوک سبھا میں تحریک عدم اعتماد لائی گئی تو ہم اس کی تائید کریں گے۔ تاہم پارٹی تحریک کیلئے پیش کردہ نوٹس کا حصہ نہیں بنے گی۔ یاد رہے کہ ایس پی کے لوک سبھا میں 22 ارکان ہیں اور وہ یوپی اے کی باہر سے تائید کررہی ہے۔ پارٹی لیڈر نے کہا کہ سماج وادی پارٹی تحریک عدم اعتماد کی اس لئے تائید کرے گی کیونکہ وہ چھوٹی ریاستوں کی تشکیل کے خلاف ہے۔ ذرائع کے مطابق ایس پی لوک پال بل کی شدت سے مخالفت کرے گی اور اُسے روکنے وہ کسی حد تک بھی جاسکتی ہے۔ ایس پی کا کہنا ہے کہ بل کی موجودہ شکل میں تائید نہیں کی جاسکتی کیونکہ اس سے پولیس راج کا دور شروع ہوجائے گا۔ اس کے علاوہ پارٹی کیلئے لوک پال بل سے کہیں زیادہ اہم مسئلہ مہنگائی ہے۔ سماج وادی پارٹی نے واضح اشارہ دیا کہ وہ مہنگائی کے مسئلہ پر بحث ہونے تک لوک پال بل پر بحث ہونے نہیں دے گی۔ ایس پی کے رکن راجیہ سبھا رام گوپال یادو نے پارلیمنٹ کے باہر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ہم نے مہنگائی پر بحث کیلئے نوٹس دی ہے پہلے اس معاملہ پر بحث ہونی چاہئے اس کے بعد ہی کوئی دوسرا مسئلہ زیر بحث آسکتا ہے۔ جب تک مہنگائی کے مسئلہ پر بحث نہ ہو ہم ایوان میں کوئی کام کاج ہونے نہیں دیں گے۔ دوسری جانب بی جے پی نے اس بات پر زوردیا کہ ایوان بالا میں نظم بحال رکھنے تمام جماعتوں کو اتفاق کرنا چاہئے اور لوک پال بل پر بحث پر حصہ لینا چاہئے۔ راجیہ سبھا میں بی جے پی کے ڈپٹی لیڈر روی شنکر پرساد نے کہاکہ بی جے پی لوک پال بل کی منظوری کی خواہاں ہے ہم تمام ارکان سے ایوان میں سکون بحال رکھتے ہوئے بحث کی اجازت دینے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ قائد اپوزیشن ارون جیٹلی بل پر بی جے پی کا موقف پیش کریں گے۔ مہنگائی کے مسئلہ پر بحث کیلئے ایس پی کے اصرار کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر پرساد نے کہاکہ خود بی جے پی بھی افراط زر اور اگسٹا ویسٹ لینڈ معاملات جیسے مسائل پر بحث کی خواہاں ہے لیکن لوک پال بل ایک اہم مسئلہ ہے اس پر بحث ہونی چاہئے۔ یاد رہے کہ پارلیمنٹ کے رواں سیشن میں جن لوک پال بل کی منظوری کا مطالبہ کرتے ہوئے انسداد رشوت ستانی جہد کار اناہزارے اپنے آبائی موضع رالیگاؤں سدھی میں غیر معینہ مدت کی ہڑتال پر ہیں۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں