چارہ اسکام - لالو پرساد یادو کو سپریم کورٹ کی ضمانت منظور - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-14

چارہ اسکام - لالو پرساد یادو کو سپریم کورٹ کی ضمانت منظور

SC-grants-bail-to-Lalu
سپریم کورٹ نے آج آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو کو چارہ اسکام کیس میں ضمانت دے دی۔ وہ 5سال کی سزا سنائے جانے کے بعد گذشتہ 2ماہ سے سلاخوں کے پیچھے ہیں۔ چیف جسٹس بی ساتا سیوم کی قیادت میں ایک بنچ نے اس بات کو تسلیم کرتے ہوئے کہ مقدمہ میں اس طرح کے جرم میں ملوث دیگر کئی ملزمین ضمانت پر رہا ہیں، سیاست داں کو راحت دے دی۔ بنچ نے تاہم ضمانت کی شرائط اور مچلہ وغیرہ کے تصفیہ کا معاملہ ٹرائیل کورٹ پر چھوڑ دیا۔ سی بی آئی نے جو اس کیس میں استغاثہ ہے درخواست ضمانت کی مخالفت نہیں کی۔ پرساد نے ضمانت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اُن کے ساتھ 44 افراد کو خاطی قرار دیا گیا تھا جن کے منجملہ 37 کی ضمانتیں منظور ہوچکی ہیں۔ صرف وہی ہیں جن کی درخواست ضمانت مسترد کردی گئیں۔ سینئر وکیل رام جیٹھ ملانی نے سابق رکن پارلیمنٹ کی پیروی کرتے ہوئے کہاکہ یادو 12 ماہ سلاخوں کے پیچھے گذار چکے ہیں جن میں گذشتہ دو ماہ بھی شامل ہیں۔ ملانی نے یہ کہتے ہوئے ضمانت منظور کرنے کی اپیل کی کہ جھارکھنڈ ہائی کورٹ جس کے پاس یہ مقدمہ زیر دوراں ہے معاملہ کا فیصلہ کرنے کم ازکم 7 تا8 سال لے گا۔ اس کیس میں سزا ملنے کے بعد یادو پارلیمنٹ کی رکنیت سے محروم ہوگئے۔ آر جے ڈی سربراہ، بہار کے ایک اور سابق چیف منسٹر جگن ناتھ مشرا اور 43دیگر ملزمین کو سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے چارہ اسکام کیس میں 30 ستمبر کو قصور وار قرار دیا تھا۔ اُن پر چائباسہ خزانہ سے 37.7 کروڑ روپئے دھوکہ دہی کے ذریعہ نکالنے کا الزام ہے۔ لالو پرساد یادو نے اپنی درخواست ضمانت میں یہ بھی کہا کہ اُن کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے عدالت نے کوئی وجہ نہیں بتائی۔ سابق چیف منسٹر بہار رابڑی دیوی نے اپنے شوہر اور آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو کو سپریم کورٹ کی جانب سے ضمانت ملنے پر مسرت کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ انہیں عدالت عظمی پر پورا بھروسہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ لالو پرساد کے باہر آنے سے پارٹی کو فائدہ ہوگا۔

Fodder scam: Supreme Court grants bail to Lalu Prasad Yadav

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں