غرباء کا مفت علاج ریاستی حکومت کی ذمہ داری - لکھنؤ ہائیکورٹ بنچ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-20

غرباء کا مفت علاج ریاستی حکومت کی ذمہ داری - لکھنؤ ہائیکورٹ بنچ

ہائی کورٹ کی لکھنؤ بنچ نے ایک اہم فیصلہ میں کہا ہے کہ غریبوں کے مفت علاج کا کیا بندوبست وفنڈ ہے اور لوگ کیسے اس کا فائدہ اٹھاسکتے ہیں ۔اس کی تشہیر وسیع پیمانے پر کی جائے ۔ نبچ نے کہا ہے کہ صحت مند زندگی گزارنا ہر شخص کا بنیادی حق ہے اور ریاستی حکومت کی اخلاقی ذمہ داری ہے کہ غریبوں کو مفت علاج دے ۔ اس کے لیے حکومت کی جانب سے جاری آروگیہ فنڈ کی عوامی اطلاع بھی ہندی وانگریزی کے بڑے سر کولیشن والے اخباروں کے توسط سے جاری کریں ۔ عدالت نے کہا کہ یو پی کی آبادی تقریبا 20کروڑ یا اس سے زیادہ ہی ہے اور اس میں 45فیصد لوگ خط افلاس سے نیچے زندگی گزاررہے ہیں۔ ایسے میں ریاستی حکومت کی جانب سے آروگیہ ندھی فنڈ میں پانچ کروڑ روپیہ دیا جانا قابل تحسین ہے ۔ اس سے غریبوں کا علاج ہوسکے گا ۔ پھر بھی حکومت آبادی کے حساب سے اس معاملہ میں اور زیادہ غور کرے ۔ یہ حکم جسٹس دیوی پرساد سنگھ اور جسٹس اشوک پال سنگھ کی عدالت نے دیا ہے ۔ چیف اسٹینڈنگ آئی پی سنگھ نے عدالت کو بتایا کہ ریاستی حکومت نے مالیاتی سال 14۔2013کے لیے آروگیہ ندھی فنڈ کے سلسلہ میں پانچ کروڑ روپے کا فنڈ جاری کردیا ہے ۔ چیف اسٹینڈنگ کونسل نے بتایا کہ ریاستی حکومت علاج وغیرہ کے سلسلہ میں خود کئی بڑے قدم اٹھارہی ہے اور غریبوں کے علاج کے لیے یہ پانچ کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں ۔ انہہوں نے کہا کہ حکومت مفت علاج اور مفت تعلیم کے لیے بہتر کوشش کر رہی ہے ۔ واضح رہے کہ غریب پپوشرما کے گھر میں راج شرما کی ولادت ہوئی ۔باہمی تنازعہ کے سبب جب شیر خوارراج شرما کو اس کی ماں چھوڑکر چلی گئی تو اس کے والد نے ریاست کی سب سے بڑی عدالت میں فریاد کی کہ میرے بیٹے کا علاج کرایا جائے ۔ پپو کی دلیل تھی کہ وہ اپنے بچے کا علاج کراپانے کی استطاعت نہیں رکھتاہے ۔ اس کے چار ماہ کے بچہ کو نمونیا ہے جس سے اس کی زندگی خطرے میں ہے ۔ عدالت نے گزشتہ تاریخ پر کنگ جارج میڈیکل یونیورسٹی کو ہدایت دی تھی کہ شیر خوار راج شرما کا مفت علاج سرکاری خرچ پر کیا جائے ۔عدالت نے چیف اسٹینڈنگ کونسل سے معلومات طلب کی تھی کہ حکومت کے پاس غریبوں کے مفت علاج کا کیا بندوبست ہے ۔اس پر چیف اسٹینڈنگ کونسل آئی پی سنگھ نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار کا مفت علاج چل رہا ہے اور ریاستی حکومت نے 14۔2013کے لیے پانچ کروڑ روپے خطافلاس سے نیچے زندگی گزارنے والوں کے مفت علاج کے لیے جاری کرنے کا حکم دیا ۔

provide free treatment to poor state responsibility - Lucknow High Court Bench

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں