غذا پانی اور ماحول سے زہریلے اثرات گھٹانے کی ضرورت - صدر جمہوریہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-28

غذا پانی اور ماحول سے زہریلے اثرات گھٹانے کی ضرورت - صدر جمہوریہ

علیگڑھ۔(یو این آئی) صدرجمہوریہ پرنب مکرجی نے آج کہاکہ مزید کسی تاخیر کے بغیر زمین کی زرخیزی کی بحال کرنے کی ضرورت ہے اور پانی' غذا اور ماحول میں زہریلے اثرات کو کم کرنے زرعی و صنعتی طریقہ کار میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے۔ پرنب مکرجی نے آج یہاں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں 37 ویں انڈین سوشل سائنس کانگریس کا افتتاح کرتے ہوئے کہاکہ حیاتیائی تنوع اور قدرتی وسائل کے تحفظ پر سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے۔ غذا اور توانائی سلامتی کیلئے محدود قدرتی وسائل کا مستقل استعمال درکار ہے کیونکہ یہ چیز پائیدار ترقی کیلئے ہماری حکمت عملی کا ایک اہم حصہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہاں یہ تذکرہ ضروری ہے کہ توانائی کے موثر استعمال اور ہندوستانی معیشت میں ڈھانچہ جاتی تبدیل کو فروغ دینے کی ہماری پالیسیوں کی وجہہ سے معیشت میں توانائی کی شدید طلب میں کافی کمی آئی ہے۔ انسان ارتقائی اور تاریخی عمل کا ثمرہ ہوتے ہیں۔ قدرت کا مالک بننے کی خواہش نے اب تک کئی سرگرمیوں تک رہنمائی کی ہے لیکن اس خواہش کو قدرت کے ساتھ تعاون کے فلسفہ سے تبدیل کرنے اور ماحولیاتی پائیدار ترقی کے نئے معیارات وضع کرنے کی ضرورت ہے۔ پرنب مکرجی نے کہاکہ ہمارے بابائے قوم مہاتما گاندھی اکثر کہا کرتے تھے کہ زمین ہماری ضروریات کے تکمیل کیلئے کافی ہے لیکن ہمارے لالچ کی تکمیل نہیں کرسکتی۔ پرنب مکرجی نے کہاکہ زمین کے تین چوتھائی حصہ پر پانی ہونے کے باوجود صرف ایک فیصد پینے کا پانی دستیاب ہے جس کی بھاری مقدار آلودہ ہوچکی ہے۔ علاوہ ازیں دریائیں خشک ہورہی ہیں اور زمین کے اندر موجود پانی کا استحصال کیا جارہا ہے۔ جہاں پانی ہوتا ہے وہاں زندگی ہوتی ہے اور جہاں پانی نہیں ہوتا وہاں کوئی زندگی نہیں ہوتی۔ لہذا آبی وسائل کے تحفظ کی ضرورت ہے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں