کانگریس وزرائے اعلیٰ کے ساتھ راہل گاندھی کا حکمت عملی سیشن - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-28

کانگریس وزرائے اعلیٰ کے ساتھ راہل گاندھی کا حکمت عملی سیشن

نئی دہلی۔(پی ٹی آئی) نائب صدر کانگریس راہول گاندھی ایم پی نے آج پارٹی کے اعلیٰ قائدین اور 12 کانگریس زیر حکومت ریاستوں کے چیف منسٹروں کے ساتھ ایک اہم حکمت عملی سشن منعقد کیا تاکہ پارٹی کو آنے والے لوک سبھا انتخابات میں سخت مقابلہ کیلئے تیار کیا جائے۔ دن بھر طویل اجلاس کا آغازآج صبح ہوا۔ اجلاس' 15۔ رکاب گنج روڈ المعروف بہ "کانگریس وار روم" میں شروع ہوا۔ کانگریسی چیف منسٹروں کے علاوہ سینئر پارٹی قائدین اے کے انٹونی' سشیل کمار شنڈے' پی چدمبرم' احمد پٹیل' جئے رام رمیش' ڈگ وجئے سنگھ' جناردھن دیویدی' کپل سبل اور کے وی تھامس نے شرکت کی۔ حالیہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی شکست کے بعد یہ سشن' پہلا بڑا انتخابی عمل تھا۔ کانگریس پارٹی ایک ایسی حکمت عملی کو قطیعت دے رہی ہے جس کے ذریعہ اُن ریاستوں میں اُس کا اقتدار باقی رہے جہاں وہ اب برسر اقتدار ہے۔ آج منعقدہ سشن (کانکلیو) میں مہنگائی کی روک تھام پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور غذائی سلامتی کے مسئلہ پر بھی غور کیا گیا۔ غذائی سلامتی اسکیم شروع کرنے والی ریاستوں میں ہریانہ اور اترکھنڈ' سب سے اول ہیں جہاں کانگریس کی حکومت ہے۔ یوپی اے کا خیال ہے کہ یہ اسکیم' لوک سبھا انتخابات 2014ء میں پارٹی کیلئے مثبت اثر کی حامل ہوگی۔ راہول گاندھی' پارٹی فورم کے علاوہ عوامی فورموں میں بھی وقفہ وقفہ سے انسداد رشوت ستانی کا مسئلہ اٹھاتے رہے ہیں۔ فیڈریشن آف انڈین چیمبرس آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے اجلاس میں گذشتہ 21دسمبر کو راہول گاندھی نے کہا تھا کہ رشوت ستانی وہ سب سے بڑا مسئلہ ہے جو عوام کا خون چوس رہا ہے۔ موصولہ اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ اے آئی سی سی کا اجلاس' آئندہ 17 جنوری کو منعقد ہوگا۔ اس میں مستقبل کی حکمت عملی پر غور کیا جائے گا۔ توقعات یہ ظاہر کی جارہی ہیں کہ اس اجلاس میں راہول گاندھی کو آئندہ لوک سبھا انتخابات کیلئے پارٹی کا امیدوار وزارت عظمی نامزد کیا جائے گا۔ گذشتہ جنوری میں کانگریس کے فکر انگیز اجلاس کے دوران راہول گاندھی کو پارٹی کا نائب صدر بنائے جانے کے بعد سے پارٹی امور میں ان کے رول میں قابل لحاظ اضافہ ہوگیا ہے۔ واضح رہے کہ 2014 عام انتخابات کیلئے بی جے پی نریندر مودی کو بحیثیت وزیراعظم امیدوار پیش کرتے ہوئے کانگریس کو بری طرح شکست دینے کیلئے کوشاں ہے۔ میڈیا میں بھی عام انتخابات کا چرچہ زوروں پر ہے ایسے میں کانگریس کیلئے خود کو ثابت کرنا بڑا مشکل ہوتا جارہا ہے۔


Rahul Gandhi holds strategy session with top leaders, CMs

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں