پرانے شہر کی خبریں - old city news 31 dec 2013 - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-31

پرانے شہر کی خبریں - old city news 31 dec 2013


hyderabad old city news - حیدرآباد پرانے شہر کی خبریں
2013-dec-31

اعتماد نیوز
آل انڈیا یونانی طبی کانفرنس شاخ آندھراپردیش کی جانب سے مسیح الملک حکیم اجمل خان کی حیات و خدمات پر ایک روزہ ومی سیمنار سنٹرل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف یونانی میڈیسن ایرہ گڈہ پر منعقد ہوا۔ مہمان خصوصی پروفیسر حکیم رئیس الرحمن اڈوائزر یونانی محکمہ آیوش وزارت صحت و خاندانی بہبود حکومت ہند نے افتتاح کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہاکہ ایلوپتھک طریقہ علاج کے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف یونانی میڈیسن، نئی دہلی، اے آئی آئی ایم ایس کے مماثل حکومت ہند نے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف یونانی میڈیسن کے قیام کی منظوری دے دی ہے اور اس کا بجٹ بھی مختص کردیا ہے۔ اندرون دو ماہ تعمیری کام کا آغاز ہوجائے گا جہاں یویانی طب کی سائنٹفک خطوط پر ترقی کے ساتھ ساتھ یونانی میں اعلیٰ تعلیمی کورسیس کا اہتمام کیا جائے گا۔ تقریب کی صدارت ریاستی چیف انفارمیشن کمشنر جناب جنت حسین موظف آئی اے ایس نے کی۔ انہوں نے کہاکہ حکیم اجمل خان کی شخصیت بڑی پرکشش تھی۔ مہاتما گاندھی، پنڈت جواہر لال نہرو اور مولانا آزاد کے ساتھ قدم بقدم جنگ آزادی کی جدوجہد میں پیش پیش تھے۔ انہوں نے مزید کہاکہ حکیم اجمل خان کی پیدائش کو عالمی یوم یونانی منایا جانا چاہئے۔ مہمان اعزازی ڈاکٹر ایم اے وحید ڈائرکٹر سنٹرل ریسرچ یونانی انسٹی ٹیوٹ حیدرآباد نے کہاکہ حکیم اجمل خان نے وقت کی نصب پر ہاتھ رکھا اور یونانی طب کے فروغ کیلئے تحقیقی کاموں پر اطباء کی توجہ مبذول کی۔

اعتماد نیوز
حیدرآباد سٹی پولیس نے نئے سال کے جشن کے پیش نظر شہر میں چوکسی اختیار کرلی ہے اور جگہ جگہ تلاشیاں لی جارہی ہیں۔ ٹینک بنڈ اور نکلس روڈ پر نوجوانوں کے جمع ہونے اور گاڑیوں کی ریسنگ پر روک لگانے پولیس نے 31دسمبر اور یکم جنوری کی درمیانی رات 10تا2بجے کسی بھی قسم کے ٹریفک کو این ٹی آر مارگ، نیکلس روڈ اور اپر ٹینک بینڈ پر جانے کی اجازت نہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ ایک اطلاع کے مطابق یہ پابندی یکم جنوری کی صبح 5بجے تک عائد رہے گی اور آوٹر رنگ روڈپر بھی جو بھیناک حادثات کا مرکز بنتا جارہا ہے، ٹریفک کے داخلہ پر امتناع عائد رہے گا۔ اسی طرح سائبر آباد کمشنریٹ کے تمام فلائی اوورس کو بھی معلنہ اوقات میں ٹریفک کیلئے بند کردیا جائے گا۔ کمشنرس سائبر آباد سی وی آنند نے جشن منانے والوں کو مشورہ دیا کہ وہ فلائی اوورس، آوٹر رنگ روڈ اور وی پی این آر ایکسپریس وے پر نہ جائیں۔ انہوں نے مختلف جشن کے پروگراموں کے انعقاد کے دوران ٹریفک کی باقاعدگی کو یقینی بنانے کیلئے کہا اور کہاکہ منتظمین کو چاہئے کہ وہ شرکت کرنے والوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنائے۔ گاڑیوں کی پارکنگ جشن کے مقام کے احاطہ میں ہی ہونا چاہئے۔ سڑکوں پر ٹریفک کی اجازت نہیں رہے گی۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد اور سائبر آباد میں کئی مقامات پر چیک پوسٹ قائم کئے جارہے ہیں جہاں گاڑیوں کو روک کر آلات کے ذریعہ ڈرائیونگ کرنے والوں کے حالت نشہ میں ہونے کا پتہ چلایا جائے گا اس کے علاوہ اندھی رفتار سے گاڑی چلانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ حیدرآباد کے شہری حدود میں رات 2بجے تک لاریوں، ٹراویل بسوں اور دیگر ہیوی وہیکلس کو داخلہ کی اجازت نہیں رہے گی۔


Hyderabad news, old city news, hyderabad deccan old city news, news of old city

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں