کیرالا اسمبلی اب مثالی نہیں رہی - وزیر دفاع انٹونی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-31

کیرالا اسمبلی اب مثالی نہیں رہی - وزیر دفاع انٹونی

وزیر دفاع اے کے انٹونی نے آج کہا کہ کیرالا اسمبلی اب ملک کی مثالی اسمبلی نہیں رہی ہے ۔ وہ کیرالا کی قانونی ساز اسمبلی کے 125سالہ جشن کی اختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ انٹونی جنھوں نے ریاست کی تین مرتبہ بحیثیت چیف منسٹر خدمت کی ہے اور پانچ مرتبہ ایوان سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے ہیں، کہا کہ ایک وقت ایسا بھی تھا جب کیرالا اسمبلی کی کار کردگی ملک کے لئے مثالی تھی لیکن اب ایسا نہیں ہے ۔ کسی بحث کے بغیر بل منظور کئے جارہے ہیں ۔ نئی نسل کے لیے یہ کوئی اچھا شگون نہیں ہے ۔ سرکاری اور اپوزیشن بنچیں دونوں اس کے لیے مساوی طور پر ذمہ دار ہیں ۔ انٹونی سب سے پہلے 1970ء میں کیرالا اسمبلی کے منتخب ہوئے تھے ۔ گذشتہ ہفتہ کیرالا اسمبلی کے اسپیکر جی کار تھیکیان نے کہا کہ انھیں افسوس ہے کہ 2013میں اسمبلی کے صرف 13اجلاس ہوئے جو ایوان کی تاریخ میں سب سے کم اجلاس ہیں ۔ گذشتہ جون میں ایوان کے آخری سیشن کو مختصر کردیا گیا تھا کیوں کہ اپوزیشن بایاں بازو، ریاست میں سولاراسکام کے مسئلہ پر مسلسل ایوان کی کارروائی میں خلل ڈال رہی تھی ۔ وہ اس اسکام میں اعلی عہدوں پر فائز افراد کے ملوث ہونے کا الزام عائد کر رہی تھی ۔ 1960میں کیرالا اسمبلی کے 94اجلاس ہوئے تھے ۔ گذشتہ برسوں کے دوران اجلاسوں کی تعداد گٹھتی گئی اور جاریہ سال کے دوران یہ گھٹ کر صرف 37دن ہوگئی ۔ اجلاس کے دنوں میں بھی ہنگامہ آرائی کے مناظر اور سرکاری واپوزیشن بنچوں کے ارکان کے درمیان تلخ کلامی کے مناظر دیکھے گئے ۔ ایوان کا آئندہ اجلاس 3جنوری سے شروع ہونے والا ہے ۔ گذشتہ اتوار کو ہی اپوزیشن بائیں بازو نے چیف منسٹر اومن چنڈی کی قیام گاہ کے گھیراؤ کو ختم کیا ہے جس کا آغاز جاریہ ماہ کے اوائل میں ہوا تھا ۔ وہ سولاراسکام کے سلسلہ میں اومن چنڈی سے استعفی کا مطالبہ کرتے ہوئے ان کی قیام گاہ کا گھیراؤ کر رہے تھے ۔ لیفٹ ڈیموکریٹک فرنٹ کے کنویز وائیکوم شوام نے بہر حال انتباہ دیا ہے کہ اومن چنڈی کے خلاف احتجاج اسمبلی میں بھی جاری رہے گا ۔

Kerala Assembly no longer model for the country: Antony

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں