پرانے شہر کی خبریں - old city news 24 dec 2013 - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-24

پرانے شہر کی خبریں - old city news 24 dec 2013


hyderabad old city news - حیدرآباد پرانے شہر کی خبریں
2013-dec-24

پریس نوٹ
امارت ملت اسلامیہ آندھرا پردیش کا ایک خصوصی اجلاس ایوان فاضل و عاقل پنجہ شاہ حیدرآباد میں منعقد ہوا۔ حضرت مولانا شاہ جمال الرحمٰن مفتاحی نے بحیثیت امیر ملت اسلامیہ آندھرا پردیش اپنی میعاد کے اختتام پر بحیثیت امیر اپنی خدمات جاری رکھنے سے رخصت چاہی البتہ امارت ملت اسلامیہ کے لیے اپنی سرپرستی جاری رکھنے کے لیے رضامندی ظاہر کی جس پر اجلاس میں شرکاء نے اطمینان کا اظہار کیا۔ غور و خوص کے بعد شرکاء اجلاس نے مولانا محمد حسام الدین ثانی جعفر پاشا کو موزوں و مناسب شخصیت قرار دیتے ہوئے آئندہ معیاد کے لیے متفقہ طور پر امیر ملت اسلامیہ آندھرا پردیش منتخب کیا۔
مولانا جعفر پاشا نے اپنے انتخاب پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ بڑی خوشی اور مسرت کی بات ہے کہ تنظیم کے سرپرست کی حیثیت سے تعاون پر مولانا شاہ جمال نے ہماری گذارش کو قبول فرمایا ہے۔ ان کے علاوہ مولانا خالد سیف اللہ رحمانی بھی امارت ملت اسلامیہ کے سرپرست ہوں گے۔

پریس نوٹ
عام آدمی پارٹی کے یوم تاسیس کا انعقاد حیدرآباد میں عمل میں آیا۔ پارٹی کوآرڈینیشن کمیٹی ممبرس پروفیسر رمیش ریڈی ، ارشد حسین اور ونود کمار نے نگرانی کی۔ تقریب میں سماجی جہدکار محترمہ جسونت صدر بستی وکاس منچ ، ڈاکٹر ناگیشور راؤ ایم ایل سی ، چکارامیا ایم ایل سی ، اقبال احمد انجینئر ، نواز غالب اور محترمہ راجیشوری نے شرکت کی اور خطاب کیا۔ پروفیسر رمیش ریڈی نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کی مستقبل میں 543 ویژن پر نظر ہے اور پارٹی کارکنان اس منصوبہ کو قطعیت دینے پر غور کر رہے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ عام آدمی پارٹی میں شامل ہو جائیں۔ نواز غالب نے بتایا کہ عام آدمی پارٹی کی رکنیت سازی میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ آندھرا پردیش میں اب تک 25 ہزار سے زائد آن لائن ممبرس بن گئے ہیں ، کولکاتا میں ڈھائی لاکھ سے زیادہ ممبر ، کیرالا میں ایک لاکھ سے زیادہ اور دیگر ریاستوں کرناٹک اور تاملناڈو میں بھی تیزی سے ممبرشپ جاری ہے۔ اقبال احمد انجینئر نے کہا کہ اروند کیجریوال نے ہندوستانی سیاست میں ہلچل مچا دی ہے اور اپنی ایمانداری کا لوہا منوا لیا ہے۔ ارشد حسین نے کہا کہ ملک کے عوام کی نظریں عام آدمی پارٹی پر ہیں۔

راست
مدرسہ تدریس القرآن کے زیر اہتمام سروری ٹاورز سنتوش نگر کالونی پر ایک ادبی نشست ڈاکٹر عباس متقی ریٹائرڈ پروفیسر جامعہ عثمانیہ کی صدارت میں منعقد کی گئی۔ نشست کا آغاز وقار احمد انجینئر کی شعرگوئی سے ہوا۔ موصوف نے علامہ اقبال کے چنندہ اشعار کو بہترین انداز میں سامعین کی نذر کیا۔ ڈاکٹر عباس متقی نے اپنے منفرد انداز میں طنز و مزاح کا مکالمہ "ہم جنس پرستی اور انسانوں کے اس غیر فطری عمل پر جنگل کے جانوروں میں پائی جانے والی تشویش" کو خوبصورت فکر انگیز انداز میں پیش کیا۔ محمود شریف نے اپنے عمدہ خیالات کے ذریعہ حاضرین محفل کو اردو کی خدمت کی جانب راغب کیا۔ احمد حسن قدوائی اور مولانا عبدالمقتدر نے شعر و سخن کے ذریعہ سامعین کی داد حاصل کی۔ ظفر الرحمٰن آرکیٹکٹ کے شکریہ پر محفل کا اختتام عمل میں آیا۔


Hyderabad news, old city news, hyderabad deccan old city news, news of old city

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں