پرانے شہر کی خبریں - old city news 23 dec 2013 - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-23

پرانے شہر کی خبریں - old city news 23 dec 2013


hyderabad old city news - حیدرآباد پرانے شہر کی خبریں
2013-dec-23

اعتماد نیوز
بیرسٹر اسد الدین اویسی نے حلقہ اسمبلی نامپلی کے بلدی ڈیویژن احمد نگر کے سید نگر - II فرسٹ لانسرز میں مجلس کی طرف سے نصب کیے گئے سالار ملت منرل واٹر پلانٹ کا افتتاح کیا۔ اس پلانٹ میں 3000 لیٹر کے دو ٹینک ہیں جنہیں کوائن بکس سے مربوط کیا گیا ہے۔ ایک روپیہ کا سکہ ڈالنے پر اس کے ذریعہ 11 لیٹر صاف پانی حاصل کیا جا سکتا ہے۔ اس یونٹ سے سینکڑوں خاندانوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی ہوگی اور کالونی کے لوگوں کے علاوہ متصل کالونیوں کے عوام بھی اس سے استفادہ کر سکتے ہیں۔ اس پروگرام کے ذریعہ غریب اور مراعات سے محروم عوام کو پینے کا پانی فراہم کرنا ہے۔ صدر مجلس نے کمیونیٹی ہال کی تعمیر کے مقصد سے خریدی گئی اراضی کی باؤنڈری وال کا سنگ بنیاد رکھا اور احمد نگر ڈیویژن میں 600 سے زائد غریب طلبا میں نوٹ بکس تقسیم کیے۔
قبل ازیں صدر مجلس نے صبح کے اوقات میں حلقہ اسمبلی نامپلی کے بلدی ڈیویژن آصف نگر ، ملے پلی ، وجئے نگر کالونی کے مختلف محلوں کا تقریباً 3 گھنٹے پیدل دورہ کر کے عوام سے ملاقات کی اور بلدی اور دیگر مسائل سے واقفیت حاصل کی۔ اس دورہ میں ان کے ہمراہ حلقہ نامپلی کے ایم ایل اے وراثت رسول خان ، مئیر حیدرآباد ماجد حسین ، کارپوریٹر آصف نگر مسز ملکہ النسا بیگم ، کارپوریٹر وجئے نگر کالونی مسز محسنہ پروین ، کارپوریٹر مراد نگر ذاکر باقری ، کارپوریٹر ریڈ ہلز مسز زہرہ بیگم کے علاوہ سرگرم مجلسی کارکن یاسرعرفات بھی شامل تھے۔ اسد الدین اویسی نے محلہ جات فیل خانہ جدید ، مسکین شاہ باغ ، آصف نگر ، ملے پلی علاقہ کے اتحاد گراؤنڈ ، مجاہد گراؤنڈ ، سعادات گراؤنڈ ، تاج نگر ، فیروز گاندھی نگر ، اندرا نگر اور وجئے نگر کالونی کا دورہ کیا جہاں مقامی عوام نے ان کا والہانہ اور پرجوش خیر مقدم کرتے ہوئے برقی ، سیوریج اور دیگر مسائل سے انہیں واقف کروایا۔

سیاست نیوز
اسمبلی حلقہ ملک پیٹ کے علاقہ سعیدآباد میں ٹی آر ایس کی جانب سے جلسہ عام کا انعقاد کیا گیا۔ صدر ٹی آر ایس اقلیتی سیل اور رکن قانون ساز کونسل محمد محمود علی نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ آندھرا پردیش کے قیام کے بعد سے علاقہ تلنگانہ کے جاگیردار مسلمان آج معاشی اور تعلیمی پسماندگی کا شکار بنے ہوئے ہیں اور متحدہ ریاست کا قیام ان کے لیے سب سے زیادہ نقصان دہ ثابت ہوا ہے۔ علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد مسلمانوں کے ماضی کے موقف کو بحال کرنے کی ہر ممکن منصوبہ بندی تلنگانہ راشٹریہ سمیتی کا نصب العین ہے۔
ٹی آر ایس گریٹر حیدرآباد اقلیتی سیل کے صدر عبدالملک ، جنرل سکریٹری محمد یوسف ، سابقہ ریاستی وزیر این نرسمہا ریڈی ، ایم ستیش اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ تلگو دیشم پارٹی کے قائد سروم نائیڈو ، ان کے بیٹے ستیش کمار ، وائی ایس آر کانگریس کے نعیم اللہ شریف اور ان کے ہمراہ 200 سے زائد نوجوانوں نے اس موقع پر ٹی آر ایس میں شمولیت کا اعلان کیا۔ محمد محمود علی نے مزید کہا کہ زندگی کے تمام شعبوں میں مسلمانوں کی نمائندگی کو یقینی بنانے کے علاوہ تلنگانہ ریاست میں سیکولرازم کا بول بالا رہے گا اور تمام مذاہب و اقوام کے ساتھ انصاف کو یقینی بنانے تک ٹی آر ایس اپنی جدوجہد کو جاری رکھے گی۔ پرانے شہر سے بیروزگاری کا خاتمہ ، مفت تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ریس کورس اور چنچل گوڑہ جیل جیسی لعنت سے پرانے شہر کو پاک و صاف کیا جائے گا اور ان کھلی اراضیوں پر آئی ٹی پارک کا قیام اور کے جی تا پی جی مفت تعلیم کی سہولتیں بھی فراہم کی جائیں گی۔


Hyderabad news, old city news, hyderabad deccan old city news, news of old city

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں