پرانے شہر کی خبریں - old city news 19 dec 2013 - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-19

پرانے شہر کی خبریں - old city news 19 dec 2013


hyderabad old city news - حیدرآباد پرانے شہر کی خبریں
2013-dec-19

Dr. Muhammad-Hamidullah
(پریس نوٹ)
بین الاقوامی سطح کے ممتازمحقق مفسر محدث اور ماہر تعلیم فخر دکن حضرت ڈاکٹر محمد حمید اﷲؒ کی گیارہویں برسی کے موقع پر ان کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے محمد فصیح الدین نظامی نے کہاکہ ڈاکٹر حمید اﷲؒ 1908ء حیدرآباد دکن میں پیدا ہوئے۔ ڈاکٹر حمید اﷲؒ نے اپنی غیر معمولی ذہانت، قوت حافظہ، خدا داد بصیرت، روا داری اور اقدار و افکار کا نقش پیرہن جیسی جنت نظیر سرزمین پر چھوڑا۔ محمد فصیح الدین نظامی نے خطاب جاری رکھتے ہوئے کہاکہ ڈاکٹر حمید اﷲؒ مادر علمی جامعہ نظامیہ کے قابل فخر سپوت اور متحرک و فعال فرزند تھے ان کی زندگی پر مشہور محقق و عالم علامہ ابوالوفا افغانیؒ کا رنگ غالب تھا علامہ افغانی ڈاکٹر صاحب کے استاذ محترم تھے ڈاکٹر حمیداﷲؒ نے علامہ افغانی کے نام ایک سو پچاس خطوط تحریر کئے جن میں علمی و تحقیقی مواد ہے۔ ڈاکٹر حمید اﷲ کے بارے میں علامہ عبدالقدیر صدیقی حسرتؒ فرماتے تھے کہ حمید اﷲؒ کا روحانی علم اس کے ظاہری علم سے زیادہ ہے۔ ڈاکٹر صاحب کا مزاج مناظرانہ نہیں بلکہ صوفیانہ تھا ان کی اسی روش نے ہزارہا یوروپی باشندوں کو اسلام کے دامن رحمت میں پہنچادیا۔ فصیح الدین نظامی نے شیخ السلام لائبریری اینڈ ریسرچ فاؤنڈیشن بہادر پورہ کے زیر اہتمام منعقدہ اجلاس میں بتایاکہ ڈاکٹر حمید اﷲؒ نے قلم کی تلوار سے دیار غیر میں سینکڑوں قلوب کو فتح کیا۔ فرانسیسی ترجمہ قرآن کے ایک کروڑ نسخے جوان کے زور قلم کا نتیجہ تھا۔ سعودی حکومت نے شائع اور تقسیم کئے۔ محمدﷺ، اسلام کا تعارف، عہد نبوی کے میدان جنگ، روزہ کیوں ان کی مشہور تصانیف ہیں۔ دو ہزار سے زائد تحقیقی مقالات دنیا بھر کے کثیر الاشاعت رسائل میں شائع ہوئے، ترکی، ملایشیاء و دیگر ممالک میں آپ نے مہمان پروفیسر کی حیثیت سے لکچرزدئیے۔ شاہ فیصل ایوارڈ کیلئے آپ کا انتخاب ہوا لیکن معذرت کرلی۔ ہجری ایوارڈ ڈکی ایک ملین رقم تحقیقی ادارہ کو عطیہ دی۔ ڈاکٹر حمید اﷲؒ قدیم صالح اور جدید نافع کا حسین امتزاج تھے ان کی شخصیت و خدمات پر ترکی، ہندوستان، پاکستان، فرانس میں کئی کتابیں اور خطوط کے مجموعے شائع ہوئے۔ اسلامی انسائیکلوپیڈیا کی تربیت میں ان کا زبردست رول رہا۔ مولانا محمد عابد حسین نظامی، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی نے اپنے خطاب میں ڈاکٹر حمیداﷲؒ کی زندگی کے ابتدائی گوشوں پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایاکہ ڈاکٹر حمید ابو محمد خلیل اﷲ کے فرزند اور نہایت قوی ذہن و فکر کے حامل طالب علم تھے۔ دارالعلوم قدیم اور جامعہ نظامیہ، عثمانیہ یونیورسٹی میں وہ اول پوزیشن میں ہوا کرتے تھے۔ انہیں مختلف زبانیں سیکھنے کا بڑا شوق تھا وہ پندرہ زبانوں پر عبور کے حامل تھے۔ پابندی، اطاعت، خلوص، لگاتار جستجو، عبادات، اقدار کی پاسداری ڈاکٹر حمید اﷲؒ کامیابی کے عناصر تھے۔ مولانا نے مزْد کہاکہ ڈاکٹر صاحب کے والدین کی تربیت اور دعاؤں نے ان کو عالمی و آفاقی بنادیا۔ اس کے باوجود ڈاکٹر صاحب انتہائی منکسر المزاج اور نہایت سنجیدہ شخصیت کے مالک تھے۔ ابتداء میں قرآن خوانی اور دعائے مغفرت کی گئی۔ اجلاس کا اختتام ناظم لائبریری کی دعا پر ہوا۔

(پریس نوٹ)
معتمد اعزازی انوارالعلوم کالج جناب نواب محبوب عالم خاں کی اطلاع کے مطابق انوارالعلوم ڈگری کالج ملے پلی میں ’راجیو یوا کرنالو" کے تحت اور ریجنل ایمپلائمنٹ آفیسر کی درخواست پر 20 اور 21دسمبر کو ایک میگا جاب میلا منعقد کیا جارہا ہے۔ اس میلہ میں کم و بیش 50 کمپنیاں حصہ لیں گے جو طلباء اور دیگر افراد کو روزگار فراہم کرنے کی خواہش رکھتی ہیں۔ اس جاب میلہ میں مختلف شعبہ جات اور دیگر زمروں میں تقریباً دو ہزار جائیدادوں پر تقررات کی گنجائش ہے۔ مذکورہ میگا جاب میلہ میں تعلیم یافتہ، غیر تعلیم یافتہ اور یہاں تک کہ دسویں کامیاب و ناکام افراد جو مختلف ہنروں میں مہارت رکھتے ہوں وہ بھی روزگار حاصل کرسکتے ہیں۔ مثلاً آئی ٹی آئی فارغ التحصیل، ٹکنیکل ڈپلومہ ہولڈرس، الیکٹریشن، فٹرس، ویلڈرس ،ٹرنرس، پلمبرس، ٹکنیشنس، ڈنٹرس، لیڈیز اور جینٹس ٹیلرس اور پینٹرس وغیرہ کیلئے روزگار حاصل کرنے کا بہترین موقع ہے۔ جاب میلہ میں متلاشیاں روزگار کو اپنے اصل اسنادات کے تین زیراکس سیٹس کے ساتھ بائیو ڈاٹا فارم، ایمپلائمنٹ کارڈ اور دو عدد فوٹوز کے ساتھ شرکت کرتے ہوئے روزگار حاصل کرنے کے اس سنہری موقع سے استفادہ کرنے کی خواہش کی جاتی ہے۔

Hyderabad news, old city news, hyderabad deccan old city news, news of old city

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں