کانگریس اور بی جے پی کو شکست دینے بائیں بازو کا عزم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-16

کانگریس اور بی جے پی کو شکست دینے بائیں بازو کا عزم

کانگریس اور بی جے پی دونوں پارٹیوں کو 2014ء لوک سبھا انتخابات میں شکست دینے بائیں بازو کی پارٹیاں دیگر سیکولر جماعتوں کے ساتھ ہاتھ ملالیں گی۔ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا مارکسسٹ (سی پی آئی ایم) کے جنرل سکریٹری پرکاش کرت نے آج تریپورہ کے دارالحکومت میں یہ بات بتائی۔ دیگر جماعتوں کے ساتھ اتحاد قائم کرتے ہوئے سی پی آئی ایم، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ، بے روزگاری اور کرپشن کے خلاف بطور احتجاج بڑے پیمانے پر ملک گیر مہم چلائے گی۔ کرت نے ملک کی واحد ریاست میں جہاں ان کی پارٹی کو اقتدار حاصل ہے، ایک زبردست اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات بتائی۔ انہوں نے بتایاکہ آنے والے لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کو شکست دینے اور مرکز میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو اقتدار کے حصول سے دور رکھنے کیلئے ہم بھرپورجدوجہد کریں گے۔ کرت نے بتایاکہ14 غیر کانگریسی اور غیر بی جے پی سیکولر جماعتوں نے عوام کیلئے پریشان کن عمومی مسائل کو اٹھانے کیلئے اکتوبر میں نئی دہلی میں ایک اہم کانفرنس منعقد کی تھی۔ سی پی آئی ایم قائد نے بتایاکہ اشیائے ضروریہ بالخصوص اشیائے خوردنی کی قیمتیں ہر روز آسمان سے باتیں کررہی ہیں جبکہ مرکز کی کانگریس حکومت خاموش ہے اور بی جے پی کو صرف اس بات سے دلچسپی ہے کہ وہ وزیراعظم کس کو بنائے۔ بائیں بازو کے قائد نے بتایاکہ ہندوستان کی آزادی کے بعد بی جے پی کی زیر حکمرانی اور نریندر مودی کی زیر قیادت گجرات میں سب سے بڑا فرقہ وارانہ فساد ہوا تھا جبکہ نریندر مودی، بی جے پی کی وزارت عظمی کے امیدوار ہیں۔ وزیراعظم کی حیثیت سے مودی کی کامیابی کے امکان پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے بتایاکہ یہ صورتحال ملک کیلئے انتہائی بدبختانہ ہوی۔ کرت نے بتایاکہ ہندوستان کی 7تا8 ریاستوں میں کانگریس اور بی جے پی کو طاقتور موقف حاصل ہے تاہم دیگر ریاستوں میں بائیں بازو کی جماعتوں کے بشمول دیگر پارٹیوں کا موقف زیادہ مستحکم ہے۔ کرت نے بتایاکہ وہ تریپورہ لفٹ فرنٹ نے چھوٹی سی ریاست میں حکمرانی کا ایسا مظاہرہ کیا ہے جو دیگر بڑی ریاستوں کیلئے ایک مثال ہوگی۔ پارٹی کی سہ روزہ مرکزی کمیٹی میٹنگ کے آخری دن اجلاس کا انعقد عمل میں آیا۔ یہ پہلا موقع ہے کہ 1964ء میں سی پی آئی ایم کی تشکیل کے بعد تریپورہ میں اجلاس منعقد کیاگیا۔ پولٹ بیورو کے 13 ارکان (کور کمیٹی کے مجموعی طورپر 13 اور پولٹ بیورو کے 15ارکان) کے بشمول دیگر 77 مرکزی کمیٹی کے ارکان کے ہمراہ کرت نے سی پی آئی ایم کی سہ روزہ میٹنگ میں شرکت کی جس کا آغاز جمعہ کو ہوا۔ پولٹ بیورو رکن سیتارام یچوری نے بتایاکہ ہندوستان میں عوام کی اکثریت فاقہ کشی کا شکار ہے۔ انہوں نے بتایاکہ ہر روز دنیا بھر میں فاقہ کشی سے 5بچے فوت ہوتے ہیں جبکہ ان میں 3 بچوں کا تعلق ہندوستان سے ہوتا ہے۔ یچوری نے بتایاکہ سی پی آئی ایم، حکومت چلانے کیلئے نہیں بلکہ متبادل محاذ کی تشکیل کیلئے کوشاں رہی ہے تاکہ عوام کے تمام طبقات کی ہمہ گیر ترقی کیلئے متبادل پالیساں روبہ عمل لائی جائیں۔ پولیٹ بیورو کی ایک اور رکن برندا کرت نے تریپورہ کو ہندوستان کی ایک مثالی ریاست قرار دیتے ہوئے بتایا کہ دیگر ریاستیں، تریپورہ کی طرز حکمرانی کی تقلید کرسکتی ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ مدھیہ پردیش کے 95فیصد قبائلی اکثریتی مواضعات میں پینے کے پانی کی کوئی سہولت موجود نہیں اور گجرات، چھتیس گڑھ اور دیگر بی جے پی و کانگریسی زیر اقتدار ریاستوں میں جنگلاتی حقوق قانون کو روبہ عمل نہیں لایا گیا ہے۔ سی پی آئی ایم کیرالا یونٹ کے سکریٹری اور پولیٹ بیورو رکن پنا رائی وجین نے بتایاکہ ان کی ریاست میں کانگریس کی حکومت نہ صرف بائیں بازو کے ارکان و قائدین کو ہلاک کررہی ہے بلکہ اس نے پارٹی قائدین اور ارکان کے خلاف فرضی مقدامات کا اندراج عمل میں لایا ہے۔ پولیٹ بیورو کے ارکان تریپورہ کے چیف منسٹرمانک سرکار اور ایس آر پلے، مغربی بنگال یونٹ کے سکریٹری بمن بوس، ان کے تریپورہ کے ہم منصب بیجن دھر اور دیگر قائدین نے بھی عوامی ریالی سے خطاب کیا۔

left-wing vows to defeat Congress and BJP

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں