دہشت گردی کے لیے اسلامی نظریات کے استعمال کی مذمت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-16

دہشت گردی کے لیے اسلامی نظریات کے استعمال کی مذمت

جمعیت العلماء ہند نے آج مختلف مذاہب، فرقوں اور مسلم مکاتب فکر کے درمیان ہم آہنگی و امن کا عہد کرنے کیلئے زائد از ایک لاکھ مسلمانوں کو جمع کرنے کا دعویٰ کیا اور دہشت گردی کیلئے اسلامی نظریات کے غلط استعمال کی مذمت کی۔ تمام شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والے مسلمانوں کو نہ صرف مسلمانوں بلکہ دوسرے مذاہب کے درمیان بھی بھائی چارہ، ہم آہنگی اور امن کیلئے راغب کرنے کی کوشش کرتے ہوئے اس پروگرام کے مقررین میں بے قصور افراد کے تحفظ کیلئے قرآن مجید کے پیغام اور تعلیمات کو پیش کیا اور سماجی نا انصافی کو ختم کرنے پر زوردیا۔ دہشت گردی کیخلاف سخت موقف اختیار کرتے ہوئے مقررین نے اتفاق رائے سے دہشت گردی کیلئے اسلامی نظریات کے استحصال کے خلاف خیالات کااظہار کیا۔ دیوبند میں گذشتہ 2 دن کے دوران عالمی امن کانفرنس کے موقع پر ہونے والے مباحث و روداد کے نتیجہ میں عالمی امن فورم کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے جمعیت العلمائے ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی نے کہاکہ عالمی امن فورم نے مالدیپ، پاکستان، بنگلہ دیش، میانمار، سری لنکا ، برطانیہ، نیپال اور امریکہ کو دہشت گردی کے خلاف کام کرنے کیلئے یکجا کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ فورم اس بات کو یقینی بنائے گا کہ دنیا بھر کی اسلامی تنظیمیں ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف عالمی پہل کریں اور اس مشترکہ مقصد میں ایک دوسرے کی مدد کریں۔ انہوں نے کہاکہ امن کا ماحول پیدا کرنے کیلئے ہم ذمہ دار ہیں اور ہمیں امن زیادتی اور نا انصافی کے خلاف لڑائی کے اس عہد پر عمل کرنے کیلئے کام کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ ہم ایک ایسی دنیا قائم کرنا چاہتے ہیں جہاں کوئی نا انصافی اور خونریزی نہ ہو۔ اس موقع پر خطاب کرنے والے ممتا علماء میں مولانا فضل الرحمن صدر جمعیت العلمائے اسلام پاکستان، قاری عثمان منصور پوری صدر جمعیت العلمائے ہند، مفتی محمد رضوان سری لنکا اور مفتی نور محمد برما شامل ہیں۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں