لوک پال بل کی منظوری کا امکان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-16

لوک پال بل کی منظوری کا امکان

لوک پال بل پر بحث کے بغیر ہی تائید کرنے بی جے پی کے وعدہ پر بھروسہ کرتے ہوئے ورکرس نے آج یقین ظاہر کیا کہ راجیہ سبھا میں کل قانون سازی کو منظوری مل جائے گی۔ مرکزی مملکتی وزیر عملہ وی نارائن سوامی نے کہاکہ جمعہ کو ایوان بالا میں بل پر بحث مسلسل التواء کی وجہہ سے ممکن نہیں ہوسکی۔ نارائن سوامی نے کہاکہ جمعہ کو راجیہ سبھا میں ترمیم شدہ لوک پال اور لوک ایوکت بل 2011ء پیش کیا۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس اور اس کی حلیفوں اور بی جے پی کی بل کی تائید حاصل ہے۔ اگرچہ حکومت کی باہر سے تائید کرنے والی ملائم سنگھ یادو کی بی ایس پی نے واضح طورپر بل کی مخالفت کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے صحافیوں سے بات چیت کے دوران کہاکہ راجیہ سبھا میں بل کی کل منظوری کا قوی امکان ہے۔ نئی دہلی میں یو این آئی کے بموجب عام آدمی پارٹی (آپ) کے قومی کنوینر اروند کیجرایول نے راجیہ سبھا میں زیر غور ترمیمی لوک پال بل کو کمزور قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا اور کہاکہ اس کی منظوری سے کانگریس کے سوا کسی کو فائدہ نہیں ہوگا اور راہول گاندھی اس کا سہرا اپنے سر باندھیں گے۔ انہوں نے انا ہزارے کی جانب سے بل کی حمایت پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے آج ایک پریس کانفرنس میں دعویٰ کیا کہ مجوزہ قانون سازی سے کرپشن کو روکنا ممکن نہیں ہوگا بلکہ رشوت خوروں کو تحفظ فراہم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ "میں یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ اس لوک پال سے آئندہ 10 برسوں تک ایک بھی شخص کو کٹہرے میں نہیں لایاجائے گا۔ کیجرایول نے کہاکہ انا کو شاید اس بل کی خامیوں کے بارے میں معلومات فراہم نہیں کی گئی ہیں اس لئے وہ اس کی حمایت کررہے ہیں۔ آپ کے لیڈر نے کہا کہ کبھی انا سے ملاقات ہوئی تو وہ اس بل کی خامیوں کے بارے میں انہیں بتائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری لوک پال بل سے بدعنوان سیاسی لیڈروں کو تو دور کسی چوہے تک کو جیل نہیں بھیجا جاسکتا۔ البتہ کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی کو اسے پارلیمنٹ سے منظور کرانے کا سہرا مل جائے گا۔ کیجریوال نے واضح کیا کہ لوک پال بل کی موجودہ شکل میں ان کی پارٹی کو منظور نہیں ہے۔ ان کی پارٹی بہتر لوک پال بل لانے اور اس کے دائرے میں مرکزی تحقیقاتی ایجنسی کو بھی لانے کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ کیجریوال نے انا سے اپنی بھوک ہڑتال ختم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ ان کی صحت ملک اور تحریک کیلئے بہت اہم ہے۔ رالیگاؤں سدھی میں پی ٹی آئی کے بموجب انسداد رشوت ستانی جہد کار انا ہزارنے نے لوک پال بل کمزور ہونے سے متعلق اروند کیجریوال کا دعویٰ مسترد کرتے ہوئے کہاکہ اگر کسی کو یہ محسوس ہوتا ہے کہ بل میں خامیاں ہیں تو اسے اس کیلئے بھوک ہڑتال کرنا چاہئے۔ انہو نے کہا کہ "میں نے بل کے مسودہ کا بغور مطالبہ کیا ہے۔ اس میں ان کی کئی توقعات پوری ہوئی ہیں وہ بل سے مطمئن ہیں۔ انہوں نے بل کو ملک اور عوام کیلئے فائدہ مند قرار دیتے ہوئے اس کا خیرمقدم کیا۔ انا ہزارے نے بل کی تائید کرنے کانگریس، بی جے پی کے بشمول بڑی سیاسی جماعتوں کا شکریہ ادا کیا۔ اسی دوران انا کی غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال آج چھٹویں دن میں داخل ہوگئی ہے۔ وہ پارلیمنٹ میں لوک پال بل کی منظوری کا مطالبہ کرتے ہوئے اپنے آبائی موضع میں یہ ہڑتال کررہے ہیں۔ ان کے معاون سریش پٹھارے نے بتایاکہ مرن برت شروع کرنے کے بعد سے انا کے وزن میں 4کیلو کمی ہوگئی ہے۔ اسی دوران سابق مرکزی وزیر بالا صاحب وکھے پاٹل نے آج ہزارے سے ملاقات کی اور ان سے اظہار یگانگت کیا۔ اس موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وہ اپنی شخصی دلچسپی سے یہاں آئے ہیں اور تمام جماعتوں سے اس احتجاج کی تائید کرنے اور پارلیمنٹ میں بل کی منظوری کو یقینی بنانے کی اپیل کرتے ہیں۔ ہزارے نے راجیہ سبھا میں پیش کردہ ترمیمی بل کی ستائش کی ہے لیکن ان کے سابق با اعتماد رفیق اروند کیجرایول نے اسے "جوک پال" سے تعبیر کرتے ہوئے مسترد کردیا۔ ہزارے نے کہا "میں اسے مکمل طور سے قبول کرتا ہوں۔ اگر بل منظور ہوجائے تو اپنی بھوک ہڑتال ختم کردوں گا۔ بل سے ملک کے غریبوں کا فائدہ ہوگا"۔ کیجریوال نے ٹویٹر پر اپنے ردعمل میں کہا "مجھے حیرت ہے کہ انا نے سرکاری لوک پال بل کو کیسے قبول کرلیا؟ سرکاری لوک پال درحقیقت جوک پال ہے۔

Lokpal bill likely to approve

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں