اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کیلیے تعاون ضروری - آندھرا پردیش اسٹیٹ وقف بورڈ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-31

اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کیلیے تعاون ضروری - آندھرا پردیش اسٹیٹ وقف بورڈ

جناب شیخ محمد اقبال (آئی پی ایس) اسپیشل آفیسر آندھراپردیش اسٹیٹ وقف بورڈ نے کہاکہ اوقافی جائیداد اﷲ تبارک و تعالیٰ کی امانت ہیں اور ان جائیدادوں کے مالک خود اﷲ تعالیٰ ہیں۔ اس کی حفاظت کرنا ہم تمام کی ذمہ دارایاں ہیں۔ جناب شیخ محمد اقبال آج وقف بورڈ دفتر میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ تمام ڈسٹرکٹ کلکٹرس کو وقف بورڈ کی جانب سے مکتوبات روانہ کئے جارہے ہیں، تاکہ مقامی اوقافی جائیدادوں کا تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ جی او ایم ایس نمبر 374 مورخہ 25/جون 2002ء کو حکومت کی جانب سے مذکورہ جی او جاری کیا گیا تھا جس میں ضلع کے کلکٹرس کی صدارت میں وقف جائیدادوں کے تحفظ کیلئے ٹاسک فورس ٹیم تشکیل دی گئی جس میں ڈسٹرکٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کے علاوہ جوائنٹ کلکٹر، ڈسٹرکٹ ریونیو آفیسرس، ڈسٹرکٹ وقف آفیسرس، سب کلکٹرس/آرڈی اوز، میونسپل کمشنر، مائناریٹی ویلفیر آفیسرس اور ڈسٹرکٹ وقف انسپکٹرس اس کمیٹی کے اراکین کو وقف جائیدادوں کی صیانت و تحفظ کیلئے ان کی بھی ذمہ داریاں تفویض کی گئیں۔ ان احکامات کو بذریعہ مکتوبات روانہ کرتے ہوئے نشاندہی کی گئی ہے کہ جہاں جہاں بھی وقف جائیدادیں ہیں اور جو ناجائز قابضین ہیں ان کے خلاف نہ صرف سخت سے سخت کارروائی کریں بلکہ اس کے متعلق مفصل رپورٹ روانہ کریں۔ انہوں نے کہاکہ وقف ایکٹ یکم نومبر 2013ء کو ترمیم کرتے ہوئے اس میں وقف بورڈ کو اختیارات دئیے گئے ہیں کہ جہاں بھی اوقافی جائیدادوں پر ناجائزقابضین ہیں، ان کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کیا جاسکتا ہے۔ جناب شیخ محمد اقبال نے کہاکہ بحیثیت اسپیشل آفیسر وقف بورڈ وہ اپنی ذمہ داری بنا کسی دباؤ کے بخوبی انجام دیں گے۔ بعض لوگوں نے اﷲ کی خوشنودی کیلئے اپنی جائیدادوں کو وقف کیا ہے تاکہ غریب مسلمانوں کی فلاح و بہبود ہوسکے ۔ انہوں نے کہاکہ جہاں بھی ناجائز قابضین کا مسئلہ ہے ضلعی سطح پر وہاں کی کمیٹیوں کو متحرک کرتے ہوئے اس کے حصول کے اقدامات کئے جائیں گے۔ شیخ محمد اقبال نے کہاکہ وقف بورڈ و دیگر اقلیتی اداروں میں عملہ کی کمی کے باعث کچھ دشواریاں پیش آرہی ہیں، اس کو بہت جلد حل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ اقلتیوں کیلئے 10 پری میٹرک 20 پوسٹ میٹرک اور 12اقامتی اسکولس جو خانگی عمارتوں میں چلائے جارہے ہیں۔ کرنول، نیلور اور ورنگل کا دورہ کیا تو ہاسٹلس کو دیکھ کر حیرت ہوئی کہ ایک ہی مقام پر طلبہ تعلیم بھی حاصل کررہے ہیں اور آرام بھی کررہے ہیں۔ میں نے مکتوب حکومت کو روانہ کیا، جس میں درخواست کی گئی ہے کہ ہاسٹلس اور اقامتی اسکولس کو باقاعدہ ذاتی عمارتوں میں منتقل کیاجائے، تاکہ مزید اقلیتی طلبہ و طالبات داخلہ لے سکیں اور مزید سہولتیں طلبہ کیلئے فراہم کی جاسکیں۔ انہوں نے کہاکہ اردو اکیڈیمی کی جانب سے کل ہند صنعتی نمائش میں ایک اسٹال لگایا جائے گا۔ جس میں اقلیتوں کی تمام تر اسکیمات سے بھی واقف کروایا جائے گا۔ جناب شیخ محمد اقبال نے تمام اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں سے خواہش کی کہ وہ غریب اقلیتوں کی فلاح و بہبود اور اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کیلئے متعلقہ عہدیداروں کے ساتھ تعاون کریں۔ اس سلسلے میں تفصیلات معلوم کرکے کارروائی کی جاسکے۔

cooperation necessary for the protection of wakf property - AP state Wakf board

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں