سیما آندھرا کے صدر مقام کی نشاندہی کے لیے ماہرین کی کمیٹی کی تشکیل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-08

سیما آندھرا کے صدر مقام کی نشاندہی کے لیے ماہرین کی کمیٹی کی تشکیل

مرکزی وزیر دیہی ترقیات مسٹر جئے رام رمیش نے کہا ہے کہ ریاست کی تقسیم کے بعد آندھراپردیش کے نئے صدر مقام کی نشاندہی کیلئے مرکز، ماہرین کی کمیٹی تشکیل دے گا۔ پارلیمنٹ میں تلنگانہ بل کی پیشکشی کے 45 دن میں ماہرین کی کمیٹی نئے صدر مقام کی سفارش کرے گی۔ حکومت، نئے صدر مقام میں راج بھون، سکریٹریٹ، ہائی کورٹ دیگر تمام سہولتوں کیلئے مالیہ فراہم کرنے کی پابند ہے۔ مرکزی وزیر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ مسٹر جئے رام رمیش نے آندھراپردیش کی سیاسی جماعتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ تقسیم کے عمل کے تعلق سے "خطرناک" بیانات نہ دیں اور تقسیم کے عمل میں تعاون کریں۔ انہوں نے کہاکہ تقسیم کا عمل انتہائی دکھ بھرا ہے تاہم سیاسی عمل عوام کو تقسیم کرنے کی بجائے متحد رکھنے کا ہونا چاہئے۔ تلنگانہ بل مسودہ کی تیاری کرنے والوں میں شامل اہم جئے رام رمیش نے کہا بل میں بلا رکاوٹ تقسیم اور مساوات کو یقینی بنانے کی قانون سازی ہے تاہم سیاسی جماعتیں اگر سیاسی خطرناک بیانات دیں تو کوئی بھی بل عوام میں اعتماد پیدا نہیں کرے گا۔ مرکزی وزیر جئے رام رمیش راجیہ سبھا میں آندھراپردیش کی نمائندگی کرتے ہیں۔ اعتماد نیوز کے بموجب جئے رام رمیش نے واضح کیا کہ آئندہ پیر تک تلنگانہ بل آندھراپردیش قانون ساز اسمبلی میں پیش کئے جانے کا امکان ہے۔ انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ رائلسیما کی ترقی کیلئے بندیل کھنڈ کی طرز پر پیاکیج کی سفارش کی گئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پولاورم پراجکٹ کے ذریعہ 25ہزار خاندان مستفید ہوں گے۔ جئے رام رمیش نے کہاکہ پولاورم سے متعلق انہیں شخصی طورپر اعتراض ہے۔ باوجود اس کے بل میں اسے شامل کیا گیا ہے۔ مرکزی وزیر نے پولاورم کی تعمیر میں تلنگانہ اور سیما آندھرا سے تعاون کی خواہش کی ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس مرتبہ بل میں تمام موضوعات کو شامل کیا گیا ہے جبکہ سابق میں کبھی بھی ایسا نہیں ہوا۔

committee of experts to identify Seemandhra capital

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں