نیلسن منڈیلا کے آخری دیدار کے لیے عوام کا ہجوم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-08

نیلسن منڈیلا کے آخری دیدار کے لیے عوام کا ہجوم

جوہانسبرک
( پی ٹی آئی)
جنوبی افریقہ میں سیاہ فام رہنما نیلسن منڈیلا کے انتقال کے بعد انھیں خراج پیش کرنے والوں کا تانتا بندھ گیا ہے۔ خراج پیش کرنے والوں میں عام افراد سے لے کر عالمی قائدین بھی شامل ہیں۔ مقامی حکومت عالمی قائدین کے لئے مناسب انتظامات کر رہی ہے۔ 15دسمبر کو منڈیلا کو سپرد خاک کر دیا جائے گا۔ اس وقت تک روزانہ ان کی یاد میں مختلف پروگرام منعقد ہوں گے۔ جنوبی افریقہ کے صدر جیکب زوما نے اعلان کیا کہ منڈیلا کے جسد خاکی کو سرکاری اعزاز کے ساتھ پریٹوریا میں رکھ دیا گیا ہے۔ منڈیلا کو ایسٹرن کیپ میں واقع ان کے آبائی گاؤں فونو کے قبرستان میں دفن کیا جائے گا۔ جمعرات کو 95برس کی عمر میں انتقال کر جانے والے منڈیلا کی موت پر جنوبی افریقہ میں ایک ہفتہ کا قومی سوگ منا یا جارہا ہے۔ منڈیلا کی میموریل سروس کا انعقاد آئندہ منگل کو جوہانسبرگ کے فٹبال اسٹیڈیم میں کیا جائے گا۔ اسی دوران اکثر ملکوں میں قومی سوگ کا اعلان کیا گیا ہے اور کئی اقوام کے پرچم اس عظیم رہنما کی موت پر سرنگوں ہیں آسٹریلیا سے امریکہ تک تقریبا ہر ایک ملک کی طرف سے نیلسن منڈیلا کو خراج عقیدت پیش کیا جارہا ہے اور عالمی رہنما جنوبی افریقہ کے عوام اور حکومت کو تعزیتی پیامات بھیج رہے ہیں۔ نیلسن منڈیلا طویل عرصہ سے پھیپڑوں کے مرض میں مبتلا تھے اور وہ اسی عارضہ میں جمعرات کی رات مقامی وقت کے مطابق 9بجے دنیا سے چل بسے۔ دنیا بھر میں مفاہمت اور رواداری کی علامت تصور کئے جانے والے رہنما کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے قریبی دوست آرچ بشپ ڈیزمنڈ ٹوٹو نے کہا کہ منڈیلا 27سال جیل کی بھٹی میں تپنے کے بعد جیل سے کندن بن کر ایک بے عیب شخصیت بن کر نکلے۔ جنوبی افریقہ میں ایک طرف تو لوگ نیلسن منڈیلا کی مثالی جد وجہد کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے محور قص ہیں وہیں کچھ لوگوں کا خدشہ ہے کہیں ملک دوبارہ نسل پرستی کا شکار نہ ہوجائے۔ صدر جیکب زوما نے یہ بھی کہا کہ سابق صدر کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے 10دسمبر کو جوہانسبرگ کے فٹبال اسٹیڈیم میں تقریب منعقد کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم ایک ہفتہ ان کے سوگ میں گزاریں گے۔ ہم ایک بہترین زندگی گذارنے پر ان کی یاد منائیں گے۔ جنوبی افریقہ کی اسٹاک مارکٹ میں 5منٹ کے لئے کاروبار روک دیا گیا۔ جوہانسبرگ میں مکمل طور پر غم اور رنج کی فضا نہین پائی جاتی۔ جوہانسبرگ کے پوش علاقہ جہاں نیلسن منڈیلا کی رہائش واقع ہے وہاں ہزاروں لوگ سڑکوں پر جمع ہیں اور بہت سے لوگ اپنے محبوب لیڈ ر کو ایک کامیاب زندگی گزارنے پر رقص کر کے اور گانے گا کر خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔ اس ہجوم میں ہر عمر اور ہر طبقہ کے لوگ موجود ہیں۔ صدارتی اعلامیہ میں عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے لیڈر کو یاد کرنے گرجا گھروں، مساجد، منادر اور کمیونٹی ہالوں میں جمع ہوجائیں۔

Nelson Mandela death: Crowds gather to pay tribute

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں