دریائے کرشنا پر پلی چنتلا پراجکٹ کا خواب شرمندۂ تعبیر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-06

دریائے کرشنا پر پلی چنتلا پراجکٹ کا خواب شرمندۂ تعبیر

دریائے کرشنا پر کے ایل راؤ پلی چنتلا کثیر مقاصد پراجکٹ جو کئی دہوں سے متعدد رکاوٹوں کا شکار رہا ہے، بالآخر وہ معرض وجود مے آرہا ہے۔ یہاں سرکاری ذرائع نے بتایاکہ کرشنا ، گنٹور، نلگنڈہ، پرکاشم اور معربی گوداری کے لاکھوں افراد کا خواب حقیقت میں شرمندہ تعبیر ہوجائے گا، جب کہ چیف منسٹر این کرن کمارریڈی، 7دسمبر کو پراجکٹ قوم کے نام معنون کریں گے۔ یہاں سرکاری ذرائع نے آج یہ بات بتائی۔ ضلع گنٹور میں ناگر جنا ساگر کے بہاؤ کے رخ پر کرشنا ندی پر پراجکٹ کی تعمیر کی تجویز ایک صدی قدیم ہے۔ 1911ء مے برطانوی انجینئرس کے ایلس نے کرشنا ندی پر پلی چنتلا میں توازن پیدا کرنے والے ذخیرہ آب کی تعمیر کامنصوبہ پیش کیا تھا۔ 1964ء میں قانون ساز کمیٹی نے اس مقام پر پراجکٹ کی تعمیر کی سفارش کی تھی، تاہم صرف 1988ء میں ہی اسے عملی جامہ پہنایا جاسکا۔ 1988ء میں سابق چیف منسٹر این ٹی راما راؤ نے 269 کروڑ لاگتی پراجکٹ کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا تھا، تاہم ضروری منظوریوں کے فقدان پر کام کا آغاز نہیں ہوسکا۔ 2004ء میں اس وقت کے چیف منسٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی نے اپنے پسندیدہ پروگرام جل یگنم کے تحت 680 کروڑ تخمینی لاگت کے ساتھ پراجکٹ کا آغاز کیا تھا تاہم اس کی تکمیل کے وقت پر اس کے مصارف 1,830,97 کروڑ روپئے ہوگئے۔ پراجکٹ کیلئے 27,424,76 ایکڑ اراضی حاصل کی گئی اور تخلیہ کنندہ افراد کو 9668 امکنہ جاتی قطعات اراضی میں تقسیم کئے گئے تھے۔ اس پراجکٹ سے 4 اضلاع کے 13.8 لاکھ ایکڑ اراضی کی آبیاری ہوگی۔ علاوہ ازیں ضلع کے بالخصوص نلگنڈہ ضلع جہاں کے پانی میں مضر صحت فلورائیڈ موجود ہے، کے لاکھوں عوام کی پیاس بھی بجھے گی۔ پراجکٹ میں45.77 ٹی ایم سی آبی ذخیرہ کیا جاسکے گا۔ اور 120 میگاواٹ برقی پیدا کی جاسکتی ہے۔ پراجکٹ پر تعمیر کردہ پل سے گنٹور اور حیدرآباد کے درمیان فاصلہ میں کمی ہوگی۔ پلی چنتلا پراجکٹ کرشنا ندی پر تعمیر کردہ پانچواں پراجکٹ ہے، جسے پراجکٹ کے مقام پر پلی چنتلا موضع میں ایک آرائشی ستون کی نقاب کشائی کرتے ہوئے قوم کے نام معنون کیا جائے گا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ پراجکٹ کا سہرا سر لینے کیلئے جلسہ عام کے مقام سواریا میدان میں پراجکٹ کا ایک ماڈل نصب کیا گیا ہے۔ بڑی تعداد میں لوگ اس مقام کو آرہے ہیں۔ اہم بات یہ ہے کہ ایک ایسے وقت قوم کے نام پراجکٹ معنون کیا جارہا ہے جب کہ پڑوسی ریاست کرناٹک کے ساتھ کرشنا ندی کی آبی شراکت داری پربرجیش کمار ٹریبونل کے فیصلہ کے کرشنا ڈیلٹا کے کسان اور تمام پارٹیاں پر زور احتجاج کررہی ہیں۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں