متحدہ ریاست کے لیے کانگریس اور تلگو دیشم سنجیدہ نہیں - وائی ایس آر کانگریس - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-22

متحدہ ریاست کے لیے کانگریس اور تلگو دیشم سنجیدہ نہیں - وائی ایس آر کانگریس

وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے علیحدہ تلنگانہ کی تشکیل روکنے اور متحدہ آندھراپردیش کی برقراری کیلئے جدوجہد جاری رکھنے ایک سیاسی جوائنٹ ایکشن کمیٹی تشکیل دینے کی کوششوں کو اس وقت جھٹکا دیا جب پارٹی نے کانگریس اور تلگودیشم پارٹی کے ساتھ ہاتھ ملانے سے انکار کردیا۔ اے پی نان گزیٹیڈ آفیسرس اسوسی ایشن نے سیاسی جوائنٹ ایکشن کمیٹی تشکیل دینے اقدامات کا آغاز کیا تھا تاہم اسے وائی ایس آر کانگریس پارٹی سے سرد رعمل حاصل ہوا۔ درحقیقت وائی ایس آر کانگریس پارٹی آج این جی اوز اسوسی ایشن کے منعقدہ کردہ ایک کل جماعتی اجلاس سے غائب رہی۔ اس طرح پارٹی نے سیاسی جوائنٹ ایکشن کمیٹی تشکیل دینے کے منصوبوں پر پانی انڈیل دیا۔ ذرائع نے بتایاکہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی جوائنٹ ایکشن کمیٹی میں شامل ہونے کیلئے تیار نہیں ہے کیونکہ اس کا احساس ہے کہ ریاست کی متحدہ ساخت کی برقراری کے معاملہ میں کانگریس اور تلگودیشم پارٹی سنجیدہ نہیں ہیں۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کا یہ بھی احساس ہے کہ کانگریس پارٹی ریاست کی تقسیم کی ذمہ دار ہے جبکہ تلگودیشم پارٹی بھی متحدہ ریاست کیلئے سنجیدہ نہیں ہے اس لئے وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے مجوزہ سیاسی جوائنٹ ایکشن کمیٹی سے دور رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دوسری جانب اے پی این جی اوز اسوسی ایشن داخلی جھگڑوں مے الجھی ہوئی ہے۔ اسوسی ایشن کا ایک حصہ اس کے موجودہ صدر پی اشوک بابو کو باہر کا راستہ دکھانے کا مطالبہ کررہے ہیں جو گذشتہ 6ماہ سے متحدہ آندھراپردیش جدوجہد کی قیادت کررہے ہیں۔ اسوسی ایشن کو آئندہ ماہ کے اوائل میں اپنے تنظیمی انتخابات کا سامنا ہے۔ انتخابات میں اس بات کا پورا امکان ہے کہ اشوک بابو کی جگہ کسی دوسرے قائد کا انتخاب کرلیا جائے گا کیونکہ کئی ضلعی یونٹس نے ان کے خلاف علم بغاوت بلند کردیا ہے۔ اسوسی ایشن نے ایک سیاسی جماعت پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے ملازمین کی تنظیم میں پھوٹ پیدا کردی۔ اگست اور ستمبر میں متحدہ ریاست کیلئے دو ماہ طویل ہڑتال کے بعد اسوسی ایشن میں پھوٹ پیدا ہوگئی۔ اسی دوران اسوسی ایشن کے منعقد کردہ کل جماعتی اجلاس میں شرکت کرنے والی جماعتوں نے آئندہ ماہ اسمبلی میں مباحث کیلئے پیش کئے جانے والے تلنگانہ بل کی سختی سے مخالفت کا فیصلہ کیا ہے۔ تلگودیشم پارٹی کے رکن اسمبلی پی کیشو نے کہاکہ تمام جماعتوں کو تلنگانہ مسودہ بل کی متحدہ مخالفت کرنی چاہئے۔ وزیر ثانوی تعلیم ایس شیلجاناتھ نے پی کیشو کے موقف کی تائید کرتے ہوئے کہاکہ تمام سیاسی جماعتوں کو اس نازک موقع پر اپنے انفرادی ایجنڈے بازو رکھ دینے چاہئیں۔ تلگودیشم کے ارکان پارلیمنٹ وائی ایس چودھری، کے نارائنہ راؤ، ارکان اسمبلی کے ای پربھاکر، پی کیشو، کانگریس رکن پارلیمنٹ شبم ہری ، وزیر شیلجا ناتھ، سی پی آئی ایم قائدین وی ویریا، وائی وینکٹشیور راؤ اور لوک ستہ پارٹی قائد کے سرینواس راؤ نے کل جماعتی اجلاس میں شرکت کی۔

YSRC not ready to form joint panel with Congress-TDP on united AP

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں