شعبہ اردو تلنگانہ یونیورسٹی کے زیر اہتمام اردو فیسٹیول کا انعقاد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-15

شعبہ اردو تلنگانہ یونیورسٹی کے زیر اہتمام اردو فیسٹیول کا انعقاد

telangana-university-urdu-festival-2013
شعبہ اردو تلنگانہ یونیورسٹی کے زیر اہتمام اردو فیسٹیول کا انعقاد
ڈاکٹر تقی عابدی کا لیکچر اور بین کلیاتی ادبی مقابلے - ڈاکٹر اطہر سلطانہ صدر شعبہ اردو کا بیان

ڈاکٹر اطہر سلطانہ صدر شعبہ اردو تلنگانہ یونیورسٹی و ڈاکٹر موسیٰ اقبال اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ اردو کے صحافتی بیان کے مطابق شعبہ اردو تلنگانہ یونیورسٹی نظام آباد کے زیر اہتمام 23اور24ڈسمبر کو دوروزہ اردو فیسٹیول کا یونیورسٹی کیمپس ڈچپلی نظام آباد میں انعقاد عمل میں آرہا ہے۔ اس اردو فیسٹیول کی افتتاحی تقریب میں کناڈا سے آئے ممتاز محقق ادیب نقاد و دانشور ڈاکٹر تقی عابدی کا خصوصی لیکچر ہوگا۔ اور شہر نظام آباد سے تعلق رکھنے والے اردو میڈیم ڈگری اور پی جی طلبا و طالبات کے لئے بین کلیاتی ادبی مقابلوں کا انعقاد عمل میں آئے گا۔ 23ڈسمبر کو صبح10بجے اردو فیسٹیول کی اففتاحی تقریب سمینار ہال کمپیوٹر سائینس اینڈ انجینیرنگ بلڈنگ تلنگانہ یونیورسٹی میں منعقد ہوگی۔ اس تقریب کی صدارت پروفیسر ایم دھرماراج پرنسپل یونیورسٹی کالج تلنگانہ یونیورسٹی کریں گے۔ ڈاکٹر اطہر سلطانہ صدر شعبہ اردو کی خیر مقدمی تقریر ہوگی۔ پروفیسر محمد اکبر علی خان وائس چانسلر تلنگانہ یونیورسٹی، ڈاکٹر سید تقی عابدی کناڈا، پروفیسر آر لمبادری رجسٹرار اور پروفیسر ایس اے شکور ڈائرکٹر سکریٹری اردو اکیڈیمی اے پی مہمان خصوصی ہونگے۔ جب کہ جناب طاہر بن ہمدان صدر ضلع کانگریس کمیٹی اور ڈاکٹر شجاعت علی راشد اسوسی ایٹ پروفیسر مانو مہمانان اعزازی ہونگے۔ افتتاحی اجلاس میں ڈاکٹر سید تقی عابدی کی کتاب’’ فیض شناسی ،، کا رسم اجرا پروفیسر اکبر علی خان وائس چانسلرانجام دیں گے۔ افتتاحی اجلاس کے بعد طلباء کے لئے ادبی مقابلے منعقد ہونگے ۔ پہلے دن تحریری مقابلہ ،تقریری مقابلہ، ادبی کوئز منعقد ہوگا۔ تحریری مقابلے کے لئے عنوانات’’ کیا تعلیم صرف ملازمت کے لئے ہونی چاہئے۔موجودہ دور میں خواتین کا تحفظ۔ اور موجودو دور میں سماجی پستی اور ہماری ذمہ داریاں رکھے گئے ہیں۔ تقریری مقابلے کے لئے عنوانات اردو سے روزگار کے مواقع مسائل اور امکانات،لڑکیوں کی اعلیٰ تعلیم اور ملازمت کے مسائل اور اعلیٰ تعلیم اور اخلاقی اقدار رکھے گئے ہیں۔ ان مقابلوں کے لئے طلباء انفرادی طور پر شرکت کر سکتے ہیں۔ طلباء اپنے نام کالج کے اردو لیکچرر کے ہاں پیش کریں۔ دوسرے دن نظم خوانی اقبال کی نظموں سے انتخاب اور بیت بازی کے مقابلے منعقد ہونگے اور اسی دن جلسہ تقسیم انعامات عمل میں آئے گا۔ بیت بازی اور ادبی کوئز کے لئے کالج سے دو ٹیمیں حصہ لے سکتی ہیں۔ ان ادبی مقابلوں کے لئے مختلف کالجوں کے لیکچررس کو کنوینرس بنایا گیا ہے۔ تحریری مقابلوں کے کنوینر ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی صدر شعبہ اردو گری راج گورنمنٹ کالج سیدہ نشاط فاطمہ ریسرچ اسکالر شریک کنوینر، تقریری مقابلوں کے لئے عبدالرحمٰن داؤدی لیکچرر اردو بودھن کنوینر اور آفرین سلطانہ متعلم ایم اے اردو سال اول شریک کنوینر، ادبی کوئیز مقابلوں کے لئے ڈاکٹر محمد ناظم علی پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج موڑتاڑ کنوینر اور اسماء بیگم متعلم سال ایم اے سال دوم شریک کنوینر،نظم خوانی کے لئے ڈاکٹر گل رعنا اسسٹنٹ پروفیسر کنوینر اور شمیم سلطانہ لیکچرر اردو ویمنس ڈگری کالج نظام آباد شریک کنوینر اور بیت بازی کے لئے ڈاکٹر موسیٰ اقبال کنوینر اور افتخار فہد ریسرچ اسکالر شریک کنوینر ہونگے۔ ان مقابلوں کے سرپرست اعلیٰ پروفیسر ایم دھرما راج ،کوآرڈینیٹر ڈاکٹر اطہر سلطانہ اور جنرل کنوینر ڈاکٹر موسیٰ اقبال نے تمام ڈگری اور پی جی اردو میڈیم طلبا و طالبات سے کثیر تعداد میں شرکت کرنے اور اردو فیسٹیول 2013کو کامیاب بنانے کی اپیل کی ہے۔

Urdu Festival by Urdu Dept. Telangana University, Nizamabad

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں