محمد نجیب قاسمی کے تیار کردہ علم حدیث کے پریزینٹیشن کی ریاض میں رسم اجراء - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-15

محمد نجیب قاسمی کے تیار کردہ علم حدیث کے پریزینٹیشن کی ریاض میں رسم اجراء

Hadith-Presentation-Program-Riyadh
ہند نژاد مشہور سعودی محدث ڈاکٹر محمد مصطفی اعظمی کے بدست محمد نجیب قاسمی کے تیار کردہ علم حدیث کے پریزینٹیشن کا رسم اجراء

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں علم حدیث کے پریزینٹیشن کی رسم رونمائی کے لیے ایک پروقارتقریب منعقدکی گئی جس میں ہند نژاد مشہورسعودی محدث اورشاہ فیصل ایوارڈ یافتہ ڈاکٹر محمد مصطفی اعظمی صاحب نے حدیث پریزینٹیشن کی رسم اجراء کے بعدتقریب سے خطاب کرتے ہوئے فرمایاکہ
"ابتداء میں میں سمجھتا تھا کہ مستشرقین کی قرآن وحدیث کے خلاف تحریریں اُن کی لا علمی کی وجہ سے ہیں مگر پچاس سال کے تجربہ کے بعد معلوم ہوا کہ مستشرقین کی اسلام مخالف تحریریں ہمیں گمراہ کرنے کے لئے ہیں"
واضح رہے کہ ڈاکٹر محمد مصطفی اعظمی کاتعلق ہندوستان کے مردم خیز خطہ اعظم گڑھ سے ہے، دارالعلوم دیوبند سے فراغت کے بعد جامعہ ازہر مصر سے ایم اے اور کیمبریج یونیورسٹی لندن سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی ہے۔ جامعہ ام القری مکہ مکرمہ اور کنگ سعود یونیوسٹی میں آپ علم حدیث کے استاذ رہے ہیں۔ آپ ہی نے دنیا میں سب سے پہلے احادیث کو کمپوٹرائزڈ کیا تھا۔ حدیث کی متعدد کتابیں آپ کی تحقیق وتخریج کے بعد شائع ہوئی ہیں۔ آپ کی چند کتابیں خاص کر آپ کی Thesis کا عربی ترجمہ "دراسات فی الحدیث النبوی" متعدد یونیورسٹیوں اور کالجوں کے نصاب میں داخل ہیں۔
اس پروقارتقریب میں مولانامحمدنجیب قاسمی کی کتاب "اصلاحی مضامین"کی رسم اجراء بھی ہوئی جسے ہندوستان کی مشہورومعروف شخصیت پدم شری پروفیسر اختر الواسع صاحب ڈائریکٹر ذاکر حسین انسٹیٹیوٹ آف اسلامک اسٹڈیز ،جامعہ ملیہ اسلامیہ نیودہلی نے انجام دیا،اس موقع پرپروفیسراخترالواسع نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مولانامحمدنجیب قاسمی سنبھلی مبارکبادکے مستحق ہیں کہ اپنی مصروف زندگی کے باوجود وقتاً فوقتاً علمی کام کرتے رہتے ہیں خاص کر علم حدیث کے موضوع پر اتنامفیداورمعلوماتی پریزینٹیشن پیش کیا اور اس طرح کا علمی کام اردو کے علاوہ دیگر زبانوں خاص کر ہندی میں بھی کرنے کا مشورہ دیا۔
واضح ہوکہ پروفیسراخترالواسع جامعہ ملیہ المنائی ایسوسی ایشن کی دعوت پرریاض تشریف لائے تھے۔
اس تقریب میں عالم اسلام کی مشہورشخصیت ، اسلامک فقہ اکیڈمی انڈیاکے نائب صدراوروزارۃ الاوقات کویت کے ایک اعلیٰ ذمہ دارمولانابدرالحسن قاسمی بھی مہمان اعزازی کی حیثیت سے شریک تھے،اوریہ علماء ودانشوران ہندکے لیے بڑاخاص موقع تھاکہ ایک ہی اسٹیج پرہندوستان ہی نہیں بلکہ عالم اسلام کی تین بڑی شخصیات موجودتھیں اورریاض میں مقیم ہندوستان وپاکستان کی کثیرتعدادان کوسننے کے لیے موجودتھی، اس پروقارتقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانابدرالحسن قاسمی نے مولانا محمد نجیب قاسمی کی حدیث کی اس اہم خدمت پردل سے مبارکبادپیش کی،اورکہاکہ ہرانسان کے اندردوچیزیں ہوتی ہیں ایک شخصیت اوردوسراجذبہ،ہرانسان میں پہلے شخصیت ہوتی ہے اوربعدمیں جذبہ جس کے ذریعہ وہ کام انجام دیتاہے لیکن مولانا محمد نجیب قاسمی کے اندرپہلے جذبہ ہے بعدمیں شخصیت،اوریہی وہ جذبہ ہے جوانہیں اپنے وطن سے دوررہنے کے باوجودبھی اس طرح کے علمی ودینی کاموں کے انجام کی فکرپہونچاتاہے،اللہ ان کی خدمات کوقبول فرمائے،آمین ۔

اس موقع پر محمد نجیب قاسمی کے حقیقی دادا مجاہد آزادی وشیخ الحدیث مولانا محمد اسماعیل سنبھلی رحمۃاللہ علیہ کی مشہور ومعروف کتاب "اخبار التنزیل" کی الیکٹرونک کتاب کااجراء بھی پروفیسر اختر الواسع صاحب کے ہاتھوں عمل میںآیا۔ یہ کتاب قرآن وحدیث کی پیشن گوئیاں پر مشتمل ہے۔
یادرہے کہ اس پریزینٹیشن میں علم حدیث سے متعلق تمام ضروری معلومات جمع کردی گئی ہیں اور ان کو اس انداز سے پیش کیا گیا ہے کہ ہر خاص وعام کے لئے انتہائی مفید ہے۔ یہ پریزینٹیشن باصلاحیت ڈیزائنر جناب عالمگیر خان کی کاوشوں کے بعد تیار ہوا ہے جوویڈیو کی شکل میں (www.najeebqasmi.com) اور YouTube پر بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
نجیب قاسمی کی اسلامی ومعلوماتی ویب سائٹ سے سینکڑوں حضرات روزانہ استفادہ کرتے ہیں۔ اس ویب سائٹ میں عمرہ کی ویڈیو، ان کی متعدد کتابیں اور قرآن وحدیث کی روشنی میں تحریر کردہ ان کے سو سے زیادہ مضامین قارئین کے لئے ایک منظم شکل میں پیش کئے گئے ہیں۔ نیز اس ویب سائٹ میں اسلامی الیکٹرانک لائبریری بھی مہیا کی گئی ہے جس میں سینکڑوں کتابیں مفت پڑھنے اور ڈاؤن لوڈ کرنے کے لئے موجود ہیں۔
واضح رہے کہ یہ پروگرام 13/دسمبر 2013بروز جمعہ بعدنمازعصر منعقدکیاگیاتھا ،پروگرام کاآغازمولانااحتشام الحق کی تلاوت قرآن سے ہوا،تقریب کی صدارت مولاناعبدالباری قاسمی نے کی جب کہ نظامت کے فرائض مولاناعبدالرحمن عمری نے انجام دئے۔ آخرمیں مولانااحتشام الحق کی رقت آمیزدعاپرتقریب کااختتام ہوا۔

Hadith Presentation Program by Mohammad Najeeb Qasmi in Riyadh

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں