تلنگانہ بل پر فیصلہ کے لیے ریاستی اسمبلی کو 6 ہفتوں کی مہلت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-13

تلنگانہ بل پر فیصلہ کے لیے ریاستی اسمبلی کو 6 ہفتوں کی مہلت

آندھراپردیش اسمبلی کو علیحدہ تلنگانہ ریاستی تنظیم جدید بل پر فیصلہ کیلئے 6 ہفتوں کی مہلت دی گئی ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایاکہ صدرجمہوریہ پرنب مکرجی نے کل رات وقت کی حد مقرر کی ہے، جب کہ انہوں نے مرکزی حکومت کو بل دوبارہ ترسیل کردیا، جسے ریاستی اسمبلی میں منظور کرنا ہوگا۔ بل اب آندھراپردیش اسمبلی کو بھیجا جائے گا اور اسپیکر این منوہر کے دفتر کو قبل ازیں اس سے مطلع کردیا گیا ہے۔ ریاستی اسمبلی کے سرمائی اجلاس کا آج آغاز ہوا۔ صدرجمہوریہ نے قانونی رائے طلب کی ہے کیونکہ وہ چاہتے ہیں کہ بل جس کے ذریعہ آندھراپردیش کی تقسیم کے ساتھ تلنگانہ کی تشکیل کی گنجائش موجودہے، اسے منظوری کیلئے ریاستی اسمبلی روانہ کرنے سے قبل قانونی طورپر درست بنایا جائے۔ آندھراپردیش ریاستی تنظیم جدید بل پر ریاستی کانگریس کے چیف منسٹر این کرن کمار ریڈی نے حقیقی طورپر بغاوت کردی ہے۔ انہوں نے حال ہی میں جلسہ عام پر بتایا کہ وہ آندھراپردیش کی تقسیم کی اجازت نہیں دے گے۔ ریڈی نے بتایاکہ ہم دیکھیں گے کہ پارلیمنٹ میں بل کس طرح منظور ہوتا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ متحدہ آندھراپردیش صرف ایک نعرہ نہیں بلکہ ہماری پالیسی ہے، تاہم ماہرین کاکہنا ہے کہ خواہ اسمبلی کچھ ہی کیوں نہ کرے پارلیمنٹ نئی ریاست کی تشکیل کی قانونی سازی پر پیشرفت کرسکتی ہے۔ 5؍دسمبر کو مرکزی کابینہ نے 10 اضلاع پر مشتمل تلنگانہ کی تشکیل کو منظوری دیتے ہوئے نئے ملک کی 29 ویں ریاست کے قیام کیلئے بلیو پرنٹ کا خاکہ پیش کردیا تھا۔ تلنگانہ 10 اضلاع پر مشتمل ہوگا اور آندھراپردیش کا ماباقی علاقہ 13 اضلاع پر مشتمل رہے گا۔ حیدرآباد دونوں ریاستوں کیلئے صرف 10 سالہ مدت تک مشترکہ دارالحکومت رہے گا۔ تلنگانہ کے گورنر کومشترکہ دارالحکومت میں سکونت پذیر افراد کی جان و مال اور ان کی آزادی و سلامتی کی ذمہ داری تفویض کی جائے گی۔ امکان ہے کہ گورنر کی معاونت دو مشیران کریں گے جن کا مرکز تقرر عمل میں لائے گا۔

Telangana Bill sent to AP Assembly; President gives 6 weeks time for discussion

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں