مسلمانوں کے ساتھ ایس پی بھی وہی کر رہی ہے جو بی جے پی نے کیا - مایاوتی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-31

مسلمانوں کے ساتھ ایس پی بھی وہی کر رہی ہے جو بی جے پی نے کیا - مایاوتی

یہ الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ مظفر نگر میں سماج وادی پارٹی بھی وہی کر رہی ہے جو بی جے پی نے گجرات میں مسلمانوں کے ساتھ کیا ہے ، بہو جن سماج پارٹی (بی ایس پی ) سر براہ مایا وتی نے آج مظفر نگر سے فساد متاثرین کا جبری تخلیہ کرانے پر اکھیلیش یادو حکومت کو نشانہ تنقید بنایا ۔ انھوں نے ریلیف کیمپوں میں بچوں کی اموات کے لیے حکومت اتر پردیش کو ذمہ دار ٹھرایا ۔ مایا وتی نے الزام عائد کیا کہ سماج وادی پارٹی حکومت فساد متاثرین کی زبر دستی کیمپ چھوڑ نے پر مجبور کرتے ہوئے ان کے زخموں پر نمک چھڑک رہی ہے ۔ ان متاثرین کے پاس قیام کی کوئی جگہ نہیں ہے اس کے باوجود انھیں بے آسرا کیا جارہا ہے ۔ حکومت کے نرم رویہ سے فساد کے ملزمین کو کھلی چھوٹ مل گئی ہے جو ابھی تک گرفتاری سے بچ رہے ہیں ۔ مایاوتی نے ضلع مظفر نگر اور شاملی میں سماج وادی پارٹی کے اقدامات کو گجرات میں مسلمانوں کے خلاف بی جے پی حکومت کے اقدامات کے مماثل تک قرار دے ڈالا ۔ مایا وتی نے یہاں ایک بیان میں الزام عائد کیا کہ ضلع مظفر نگر اور شاملی کے متاثرین کے مصائب کے لیے ایس پی اور بی جے پی میں واضح گٹھ جوڑ ہے ۔ سپریم کورٹ ، اقلیتی کمیشن اور انسانی حقوق کمیشن کی کئی ہدایت کے باوجود ریاستی حکومت فساد متاثرین کو کوئی بھی راحت فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے ۔ اس کے بجائے سماج وادی پارٹی قائدین متاثرین پر سیاسی جماعتوں کے ایجنٹ بن جانے کا الزام عائد کر رہے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ ریلیف کیمپس کو منہدم کردینے حکومت اترپردیش کی غیر انسانی حرکت کو قطعی برداشت نہیں کیا جاسکتا ۔ مایا وتی یہاں پارٹی کے ایک پروگرام میں آنے والے لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر پارٹی کی کارکردگی کا جائزہ لے رہی تھیں ۔ انھوں نے مظفر نگر اور ضلع شاملی کے ریلیف کیمپس میں سردی کی وجہ سے کئی بچوں کی اموات کے لیے ریاستی حکومت کو ذمہ دار ٹھرایا ۔ بی ایس پی سربراہ نے کہا کہ مسلمان اس حکومت کے دور میں خوف اور عدم تحفظ کے احساس کے ساتھ جی رہے ہیں کیوں کہ ریاست کو جنگل راج نے اپنی گرفت میں لے لیا ہے ۔

SP doing same in Muz, what BJP did against Muslims in Gujarat -Mayawati

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں