دہلی کے ہر گھر کو روزانہ 700 لیٹر پانی کی مفت سربراہی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-31

دہلی کے ہر گھر کو روزانہ 700 لیٹر پانی کی مفت سربراہی

دہلی جل بورڈ (ڈی جے بی ) ،دہلی کے ہر ،ایسے گھر کو روزانہ 700لیٹر پانی مفت فراہم کرے گا جس میں باقاعدہ واٹر کنکشن ہے ۔ بورڈ کے ایک رکن نے یہ بات بتائی ۔آج یہاں چیف منسٹر اروند کجریوال کی قیام گاہ پر ڈی جے بی کے عہدیداروں کی،کیریوال سے ملاقات اور تبادلہ خیال کے جلد بعد مذکورہ اعلان کیا گیا ۔ قبل ازیں موصولہ اطلاعات میں کہا گیا تھا کہ دہلی جل بورڈ (ڈی جے بی )کے عہدیداروں نے آج دہلی کے مکانات میں رہنے والوں کے لئے یومیہ 700لیٹر پانی مفت فراہم کرنے کے تعلق سے اور دیگر مسائل پر چیف منسٹر اروند کجریوال سے ان کی قیام گاہ پر بات چیت کی ۔ ڈی جے بی کے لگ بھگ 18عہدیدار،کو شمہی (غازی آباد ) میں آج سہ پہر کجریوال کی قیام گاہ پہنچے ۔ کجریوال ،اپنی علالت کے سبب آج گھر ہی پر رہے ۔ اسی دوران عام آدمی پارٹی کے ایک لیڈر نے بتایا کہ سرکاری سطح پر شکایات وتجاویز کی سماعت کے علاوہ دہلی میں مکین خاندانوں کو یومیہ 700لیٹر پانی ،مفت سربراہ کرنے کے انتہائی اہم مسئلہ پر تبادلہ خیال ہوا ۔ (آخری اطلاعات آنے تک میٹنگ جاری تھی )۔ توقع کی جاتی ہے کہ میٹنگ کے اختتام کے ساتھ ہی پانی کی مفت سربراہی کے تعلق سے اعلان کیا جائے گا ۔ چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال ، شدید بخار کے سبب آج دفتر نہیں آئے ۔ڈاکٹر وں نے انہیں آرام کا مشورہ دیا ہے ۔ کجریوال نے آج صبح اپنے ٹوئٹر پیام میں کہا کہ "کل (اتوار ) سے 102بخار ہے ۔ کئی اسہال ہوئے ہیں ۔ افسوس ہے کہ میں آج حاضر دفتر نہیں ہوسکوں گا "۔ "آج میرے لئے دفتر پہنچنا بہت اہم تھا ۔ ہم نے پانی ( کی سربراہی ) کے بارے میں اعلان کرنے کا منصوبہ بنایا تھا ۔ خدا نے بہت غلط وقت پر بیمار کیا ". ۔کجریوال کے فیملی ڈاکٹر ویپن متل نے اخبار نویسوں کو بتایا کہ کجریوال کو پیچش ہوئی ہے اور انہیں آرام لینے کا مشورہ دیا گیا ہے ۔ سینئر پارٹی لیڈر کمار وشواس نے بتایا کہ کجریوال بہت بیمار ہیں ۔اگر ان کی حالت بگڑ جائے تو ممکن ہے کہ ڈاکٹر س انہیں گلوکوز پر رکھیں ۔ تاہم چیف منسٹر ،سرکاری عیدیداروں کے ساتھ مسلسل ربط میں ہیں ۔ کجریوال ،جنہوں نے گذشتہ شنبہ کو بحیثیت چیف منسٹر دہلی حلف لیا تھا ،خرابی صحت کی بنا پر کل اس "ہون" میں شرکت نہیں کرسکے جو ان کے والد گوئند رام کجریوال نے ترتیب دیا تھا ۔ تاہم اروند کجریوال نے کل غازی آباد میں اپنی قیام گاہ پر عوام الناس سے ملاقات کی اور ان کی شکایات کی سماعت کی لیکن آج وہ اپنے سکریٹریٹ آفس نہیں پہنچ سکے ۔ عام آدمی پارٹی کے انتخابی وعدوں پر آج اہم اعلانات متوقع تھے ۔

AAP announces nearly 700 litres of free water daily to households with metered connection

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں