محمود عباس کو فلسطینی خاتون صحافی کا بطور احتجاج شادی کا پیغام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-08

محمود عباس کو فلسطینی خاتون صحافی کا بطور احتجاج شادی کا پیغام

رملہ
( اے ایف پی )
فلسطین کی ایک خاتون صحافی نے ملک کی معاشی ابتری پر بطور احتجاج صدر محمود عباس کو پیغام نکاح بھیجا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 28سالہ ایمان ہریدی نے فیس بک پر صدر محمود عباس کے نام اپنے میسج میں کہا کہ وہ خراب معاشی حالات کے باعث خوش حال زندگی نہیں گذار رہی ہیں۔ وہ اپنی زندگی کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کے لیے سچ مچ میں صدر محمود عباس سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہونا چاہتی ہیں۔ فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ایمان محمد ہریدی نے صدر ابو مازن کے نام اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ ، میری عمر اب 28سال ہوچکی ہے ۔ میں ایک برد بار فلسطینی خاندان کی چشم و چراغ ہوں۔ پیشہ وارانہ طور پر میں صحافت سے وابستہ ہوں اور فلسطین ٹیلی ویژن میں خدمات سر انجام دے رہی ہوں۔ میں جناب صدر کو حقیقی اور پر خلوص انداز میں پیغام نکاح بھیج رہی ہوں تاکہ اپنی زندگی کی تمنائیں پوری کرسکوں اور معاشرے میں ایک باعزت شہری کے طور پر زندگی گذار سکوں، ایمان ہریدی کا کہنا ہے کہ فلسطین میں جابجا پھیلی بے روزگاری اور غربت کے مسائل کے باعث وہ بھی پریشان ہیں۔ اس کا خاندان کوئی سیاسی اثر و نفوذ نہیں رکھتا ہے لیکن امید ہے کہ صدر محترم میرے اس پیغام کا ، ہاں، میں جواب دیں گے۔ خیال رہے کہ 78سالہ فلسطینی صدر محمود عباس نہ صرف شادی شدہ ہیں بلکہ ان کے بیٹوں کی بھی شادیاں ہوچکی ہیں۔ وہ 2004میں یا سر عرفات کے مبینہ قتل کے بعد فلسطینی اتھارٹی کے سر براہ منتخب ہوئے تھے۔ ان کے نوسالہ عرصہ اقتدار میں فلسطینی اتھارٹی پر کرپشن اور قومی خزانے کی لوٹ مار کے بے پناہ الزامات لگتے رہے ہیں۔
Palestinian journalist proposes marriage to President Abbas as a protest

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں