پاکستان سپریم کورٹ میں 14 لاپتہ افراد کی پیشی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-08

پاکستان سپریم کورٹ میں 14 لاپتہ افراد کی پیشی

اسلام آباد
( پی ٹی آئی)
پاکستانی حکام نے سپریم کورٹ کی جانب سے مکرر انتباہ کے بعد ایسے 14افراد کو عدالت میں پیش کیا جن پر سیکیورٹی ایجنسیوں کی جانب سے الزامات عائد کئے بغیر ہی انہیں زیر حراست رکھا گیا تھا۔ چیف جسٹس افتخار چودھری کی زیر قیادت 3رکنی بنچ کے ایک رکن جسٹس عامرغنی مسلم کی عدالت میں ان 14افراد کی پیشی ہوئی۔ لاپتہ افراد کو جس وقت عدالت میں پیش کیا گیا ان کے چہرے نقاب سے ڈھکے تھے۔ ان افراد کو 2گاڑیوں کے ذریعہ عدالت لایا گیا۔ اس وقت اٹارنی جنرل منیر ملک بھی عدالت میں موجود تھے۔ دونوں گاڑیوں کو عدالت کے احاطہ میں داخل ہونے کی اجازت دیدی گئی جبکہ بیرونی گیٹ پر ہی گاڑیوں کو عام طور پر روک دیا جاتاہے۔ معتمد دفاع نے میڈیا کو ان افراد کی تصویر اتارنے یا پھر ان کے نام افشاء کے خلاف انتباہ دیدیا تھا۔ جسٹس مسلم کے چیمبر میں ان افراد کی خفیہ سماعت ہوئی۔ جسٹس مسلم نے عطااللہ کو بھی حاضر عدالت رہنے کا حکم دیدیا تھا جو شمال مغرب شہر ملاکند میں ایک مرکز حراست کے سربراہ ہیں۔ اطلاعات میں بتا یا گیا کہ رشتہ داروں کو لاپتہ افراد کی شناخت کے لیے عدالت میں بلا یا گیا۔ عدالت عظمی نے کل ہی حکام کو لاپتہ افراد کو جسٹس مسلم کی عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت دیدی تھی ۔ عدالت نے ساتھ ہی یہ وضاحت بھی کردی تھی کہ سماعت کے دوران اٹارنی جنرل لاپتہ افراد سے پوچھ تاچھ کرسکتے ہیں۔ قبل ازیں ایک سماعت کے دوران وزیر دفاع خواجہ آصف نے بلوچستان سے 35لا پتہ افراد کی ایک فہرست پیش کی تھی اور ساتھ ہی یہ نشاندہی بھی کردی تھی کہ کس کوکہاں کس جیل میں قید رکھا گیا ہے۔ آصف نے یہ وضاحت بھی کردی تھی کہ 7افراد کو رہا کردیا گیا ہے، 3افراد نے وزیرستان کے قبائیلی علاقہ میں بود و باش اختیار کر رکھی ہے جبکہ ایک شخص سعودی عرب میں مقیم ہے۔ 8افراد افغانستان کے صوبہ کنار کو کوچ کرچکے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتا یا کہ 7افراد سے متعلق اطلاعات حساس ہیں اور 5سے ربط قائم نہ ہوسکا۔ خواجہ آصف نے یہ بھی بتا یا کہ لاپتہ افراد میں سے کوئی بھی شخص فوجی تحویل میں نہیں ہے۔
Pakistan produces 14 'missing' persons in court hearing

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں