خامیوں سے پاک فہرست رائے دہندگان کی تیاری کی ہدایت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-16

خامیوں سے پاک فہرست رائے دہندگان کی تیاری کی ہدایت

نئی دہلی۔(پی ٹی آئی) آئندہ سال منعقد ہونے والے لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں کا آغاز کرتے ہوئے الیکشن کمیشن نے آج تمام ریاستوں و مرکزی زیر انتظام علاقوں سے کہاکہ وہ نقائص و خامیوں سے پاک فہرست رائے دہندگان کی تیاری عمل میں لائیں۔ کمیشن نے کہا ہے کہ خامیوں سے پاک فہرست رائے دہندگان کی تیاری آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کیلئے اہمیت کی حامل ہے۔ چیف الیکٹورل آفیسرس کو جاری کردہ تفصیلی ہدایات میں الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ خامیوں سے پاک فہرست رائے دہندگان میں ملک کے تمام اہل ووٹرس کے نام شامل ہونے چاہئیں۔ فہرست میں نا اہل لوگوں کے نام قطعی موجودنہ ہوں۔ ان کی نقل کی گنجائش نہ ہو اور ہر ایک رائے دہندہ کی تفصیلات کا صحیح صحیح اندراج ہو۔ کمیشن نے کہا ہے کہ فہرست سے ووٹرس کے ناموں کو غلط طریقوں سے حذف کرنے کا بھی جائزہ لیا جانا چاہئے۔ الیکشن کمیشن نے 16ویں لوک سبھا کیلئے عام انتخابات کے پیش نظر ریاستی چیف الیکٹورل آفیسرس کو تفصیلی ہدایات جاری کیں۔ ملک کی کئی ریاستوں میں فہرست رائے دہندگان پر نظر ثانی کا کام جاری ہے۔ لوک سبھا کے عام انتخابات کے پیش نظر الیکشن کمیشن نے تمام ریاستی چیف الیکٹورل آفیسرس کو ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے نقائص اور خامیوں سے پاک فہرست رائے دہنگان کی تیاری کو یقینی بنانے کیلئے کہا ہے۔ تمام عہدیداروں کو جاری کردہ کمیشن کے مکتوب میں کہا گیا ہے کہ سی ای اوز، ڈی ای اوز، ای آر اوز اور اے ای آر اوز اس بات کو یقینی بنائیں کہ تمام ہدایات پر من و عن عمل آوری کی جائے تاکہ فہرست رائے دہندگان میں غلطیوں کی گنجائش نہ رہے۔ کمیشن نے تمام چیف الیکٹورل آفیسرس سے واضح طورپر کہا ہے کہ تمام اہل ووٹرس کے نام، عمر، پتہ اور دیگر تفصیلات کا صحیح صحیح اندراج عمل میں لایاجائے۔ انتخابات کا انعقاد عمل میں لانے والے ادارہ نے تمام چیف الیکٹورل آفیسرس کو ہدایت دی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ زیادہ سے زیادہ نئے ووٹرس کا آن لائن رجسٹریشن عمل میں لایاجائے۔ کمیشن نے اپنے ماتحت تمام اعلیٰ سطحی عہدیداروں بشمول پرنسپال سکریٹریز، سکریٹریز اور انڈر سکریٹریز کو ہدایت دی کہ وہ فہرست رائے دہندگان پر نظرثانی کی مدت کے دوران مختلف ریاستوں کا دورہ کرتے ہوئے کمیشن کو ایک رپورٹ پیش کریں۔ مکتوب میں بالخصوص اس بات پر زوردیا گیا ہے کہ حقیقی ووٹرس اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کرسکیں۔ کمیشن کو وقتاً فوقتاً اس بات کی شکایات ملتی رہتی ہیں کہ کئی رائے دہندوں کے نام غلط طریقوں سے فہرست رائے دہندگان سے حذف کردئیے گئے ۔ کئی مقامات پر رائے دہی کے موقع پر ہی شکایات حاصل ہوئیں کہ فوٹو شناختی کارڈ رکھنے والے رائے دہندوں کو ووٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی گئی کیونکہ ان کے نام فہرست رائے دہندگان سے غلط طریقوں سے حذف کردئیے گئے تھے۔ کمیشن نے کہاکہ مستقبل میں ایسی غلطیوں کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ کمیشن نے تمام متعلقہ عہدیداروں کو یہ ہدایت بھی دی کہ وہ نئی غلطیوں کو وقوع پذیر ہونے سے بھی روکیں اور نقل کی روک تھام کو یقینی بنائیں۔ اس سلسلہ میں الیکشن کمیشن نے عہدیداروں سے کہا ہے کہ فراہم کردہ انفراسٹرکچر سے استفادہ کیاجائے اور پڑوسی ریاستوں کے ساتھ "ڈی ڈوپلیکیشن" پر کام کیا جائے۔ آئی اے این ایس کے بموجب چیف الیکشن کمشنر وی ایس سمپت نے ہفتہ کے دن امریکہ میں ایک تھنک ٹینک سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مرکزی الیکشن کمیشن نے 2014ء کے لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ ملک بھر کے 780 ملین رائے دہندے 8لاکھ پولنگ اسٹیشنوں پر اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کریں گے۔ جن کیلئے 1.18 ملین الکٹرانک ووٹنگ مشینوں کا استعمال کیا جائے گا۔ عام انتخابات، امکان ہے کہ آئندہ سال اپریل۔ مئی میں منعقد ہوں گے۔ انہوں نے بتایاکہ نئی لوک سبھا یکم جون 2014ء تک تشکیل دے دی جائے گی۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں