عراق میں عسکریت پسندی کا صفایا کر دیا جائے گا - مالکی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-23

عراق میں عسکریت پسندی کا صفایا کر دیا جائے گا - مالکی

بغداد
(یو این آئی )
عراق میں آج یہاں ہونے والے ایک حملے فوجی جنرل سمیت 25فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں ۔پولیس کے مطابق صوبہ عنبر میں مشتبہ طور پر القاعدہ کے ایک کیمپ پر کارووائی کے دوران شدت پسندوں کے حملے کے دوران فوجیوں کی یہ ہلاکتیں ہوئیں ۔ یہ کارووائی بغداد سے تقریبا 380کلومیٹر مغرب میں رتبہ کے قریب کی گئی ۔ ذرائع کے مطابق اس حملے میں ہلاک ہونے والے سینیئر فوجی افسر کی شناخت میجر جنرل محمد الکروی کے طور پر ہوئی ہے جو عراقی فوج کے ساتویں ڈویژن کے کمانڈر تھے ۔عراقی پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں انٹیلی جنس افسران بھی شامل ہیں ۔اس حملے کے بعد عراقی وزیر اعظم نوری المالکی نے عکسریت پسندوں سے نمٹنے کے لیے آہنی پنجہ استعمال کرنے کی پالیسی اختیار کرنے کا اعلان کیا ہے ۔نوری المالکی نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنی بہادر فوج کے اہلکاروں کو کہتا ہوں کہ وہ اس شیطانی اقلیت کے سربراہوں کے خلاف آہنی ہاتھ سے نمٹیں اور ان کا ہر جگہ اس وقت تک پیچھاکریں جب تک عراق ان کی بزدلی سے پاک نہیں ہوجاتا ۔میڈیا کے مطابق عراقی فوجیوں پر یکے بعد دیگرے اس وقت بم حملے ہوئے جب انہوں نے شامی سرحد کے قریب واقع صوبہ عنبر میں مشتبہ طور پر القاعدہ سے تعلق رکھنے والے ایک کیمپ پر چھاپہ مارا ۔ فوجی آپریشن ان اطلاعات کے بعد کیا گیا جن کے مطابق القاعدہ کے عکسریت پسندوں نے اس علاقے میں کیمپ قائم کیے ہوئے ہیں۔ خبر رساں ایجنسیوں نے فوجی افسران کے حوالے سے بتایا ہے کہ جنرل کروی کے ساتھ فوج کے چار دیگر سینیئر افسران بھی ہلاک ہوئے ہیں ۔
Iraq PM vows crackdown on militants

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں