سینئر سفارتکار مقدمہ - ہندوستان کا امریکہ پر مسلسل دباؤ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-20

سینئر سفارتکار مقدمہ - ہندوستان کا امریکہ پر مسلسل دباؤ

ہندوستان نے آج امریکہ پر دباؤ بڑھاتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ سینئر سفارتکار دیویانی کھوبرا گاڈے کے خلاف مقدمہ غیر مشروط طورپر خارج کردیا جائے اور ایسے اشارے ملے ہیں کہ دونوں ملک تعلقات کوبگاڑنے والے اس مسئلہ کی یکسوئی کیلئے پس پردہ سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ امریکہ کے سکریٹری آف اسٹیٹ جان کیری کی جانب سے گرفتاری پر اظہار افسوس کے بعد ان کے ہم منصب سلمان خورشید نے آج برسر عام مطالبہ کیا کہ 39 سالہ کھوبڑا گاڈے کے خلاف مقدمہ سے دستبرداری اختیار کی جائے جنہیں ویزا فراڈ کے معاملہ پر گرفتار کیا گیا تھا اور جامعہ تلاشی لی گئی تھی۔ اس دوران ہندوستان اور امریکہ نے آج رات سفارتکاری کی گرفتاری سے پیدا صورتحال کو قابو میں لانے کے اقدامات کے بارے میں بات چیت کی۔ انڈر سکریٹری آف اسٹیٹ سیاسی اموروینڈ ی شرمن نے خارجہ سکریٹری سجاتا سنگھ کو فون کیا اور سکریٹری آف اسٹیٹ جان کیری اور مشیر قومی سلامتی شیوشنکر مینن کے درمیان کل کی بات چیت کو آگے بڑھایا۔ 20تا25 منٹ کی بات چیت کے دوران شرمن اور سنگھ نے مسئلہ کی یکسوئی کیلئے بعض مخصوص اقدامات کے بارے میں بات چیت کی اور انڈر سکریٹری آف اسٹیٹ نے امریکی استغاثہ کے عہدیدار پریت برارا کے موقف سے بے تعلقی کا اظہار کیا جنہوں نے سینئر سفارتکار کی گرفتاری کی مدافعت کی تھی۔ اس دوران دیویانی کے ساتھ روا سلوک پر مایوس وزیراعظم منموہن سنگھ نے وزیر خارجہ سلمان خورشید اور مشیر قومی سلامتی شیوشنکر مینن کو ہدایت دی کہ وہ اس مسئلہ کی یکسوئی کو یقینی بنائیں۔ سفارتکار سے متعلق واقعات پر نظر رکھنے والے منموہن سنگھ کو مینن نے جان کیری کے ساتھ کل رات اپنی بات چیت سے واقف کروایا۔ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی ترجمان میری ہارف نے اس تحریری بیان میں کہا کہ چونکہ کیری بھی دیویانی کی ہم عمر 2 بیٹیوں کے باپ ہیں، اس لئے وہ دیویانی کی گرفتاری پر ہندوستان میں ظاہر کئے گئے احساسات کو اچھی طرح سمجھتے ہیں۔ ہارف نے کہاکہ مینن کے ساتھ اپنی بات چیت میں کیری نے اس واقعہ پر افسوس اور فکر مندی ظاہر کی ہے جس کی وجہہ سے ہندوستان کے ساتھ ہمارے قریبی تعلقات متاثر ہوئے ہیں۔ سلمان خورشید نے بتایاکہ کل رات ان کے امریکی ہم منصب جان کیری نے ان سے بات کرنے کی کوشش کی لیکن اس وقت وہ دستیاب نہیں تھے اس لئے امریکی وزیر خارجہ نے اس مسئلہ پر قومی سلامتی مشیر سے بات کی۔ کیری فلپائن میں ہیں اور وقت کا کافی فرق ہے۔ اگرچہ خورشید نے کہاکہ وہ جان کیری سے بات چیت کیلئے دستیاب نہیں تھے، یہ قیاس کیا جارہا ہے کہ وزیر خارجہ نے اس معاملہ پر ہندوستان کی برہمی ظاہر کرنے کیلئے کیری کا فون نہیں اٹھایا۔ سلمان خورشید نے کہاکہ سفارتکار نے ایسا کوئی گھناونا جرم نہیں کیا جس کیلئے اس کے ساتھ ایسا سلوک کیا جائے اور جس طرح سے واقعات سامنے آرہے ہیں ان سے ایسا لگتا ہے کہ سفارتکار کے خلاف سازش کی گئی ہے۔ دیویانی کھوبرا گاڈے کی گرفتاری اور ان کے ساتھ نازیبا سلوک کے خلاف آج کولکتہ اور حیدرآباد میں احتجاج کئے گئے اور اس واقعہ پر تمام سیاسی جماعتوں کی جانب سے تنقیدوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ایک ایسے وقت جب کہ کھوبرا گاڈے کے ساتھ سلوک پر ہندوستان اور امریکہ کے درمیان تناؤ پیدا ہوگیا ہے چیف جسٹس آف انڈیا پی ستا سیوم نے امریکہ کی قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کی کارروائی کو نا پسند کیا ہے۔ انہوں نے چینائی میں صحافیوں کو بتایاکہ اس بارے میں فیصل ہکرنا حکومت پر منحصر ہے کیا اقدامات کئے جائیں لیکن ایک فرد کی حیثیت سے ان کا خیال ہے کہ ہمارے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ایسا نہیں ہونا چاہئے۔ انڈو امریکن چیمبر آف کامرس میں سفارتکار کے ساتھ آہانت آمیز سلوک کے خلاف احتجاج کی تائید کی ہے اور مطالبہ ہے کہ امریکہ غیر مشروط طورپر معافی مانگے۔ سی پی آئی ایم اور کانگریس کارکنوں نے کولکتہ میں امریکن سنٹر تک جلوس نکالا۔ کھوبرا گاڈے کے خلاف امریکی کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے بی وائی ایف آئی اور ایس ایف آئی اور کانگریس نے کہاکہ کیس فوری واپس لینا چاہئے۔ پارلیمانی امور کے وزیر کمل ناتھ نے آج دہلی میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ جب تک امریکہ اپنی غلطی تسلیم کرکے معافی نہیں مانگے گا دونوں ملکوں کے تعلقات معمول پر نہیں آسکتے۔ امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کل قومی سلامتی مشیر شیوشنکر مینن سے فون پر بات چیت کی تھی اور ہندوستانی سفارتکار کے ساتھ سلوک پر افسوس کااظہار کیا تھا۔ پارلیمانی امور کے وزیر نے مزید کہا " انہیں تسلیم کرنا ہوگا کہ ان سے غلطی سرزد ہوئی ہے اور ہم اسی صورت ہی مطمئن ہو پائیں گے"۔ پی ٹی آئی کے بموجب ممبئی میں دیویانی کھوبرا گاڈے کے والد نے آج دھمکی دی ہے کہ اگران کی سفارتکار بیٹی کے خلاف ویزا فراڈ کے من گھڑت الزامات خارج نہیں کئے گئے اور ان کے وقار کو بحال نہیں کیا گیا تو وہ بھوک ہڑتال کریں گے۔ انہوں نے اس واقعہ کے بعد امریکہ کے اٹارنی پریت بھرارا کے ریمارکس کو ہندوستانی عدلیہ پر حملہ قرار دیا۔ اتم کھوبرا گاڈے جو ایک ریٹائرڈ آئی اے ایس آفیسر ہیں کہا کہ ان کی بیٹی کی گرفتاری ایک سازش ہے۔ انہوں نے کہاکہ دیویانی نے کوئی فراڈ نہیں کیا ہے اور اپنی خادمہ کی اجرت کے بارے میں کوئی جھوٹی معلومات نہیں دی ہیں۔

India steps up pressure on USA

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں