پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کا آج سے آغاز - کئی اہم بلوں کی پیشکشی متوقع - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-05

پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کا آج سے آغاز - کئی اہم بلوں کی پیشکشی متوقع

پارلیمنٹ کاسرمائی اجلاس کل سے شروع ہونے والاہے۔یہ مختصراجلاس ہوگاجس میں صرف12دن کام کاج ہوگا۔بدعنوانی اورداخلی سلامتی جیسے موضوعات پرحکومت کوگھیرنے کے لئے اپوزیشن کی تیاری کے درمیان پارلیمنٹ کاسرمائی اجلاس ہنگامہ خیزہونے کی توقع ہے۔ذرائع کے مطابق12دن کے اس مختصراجلاس میں35بل پیش کئے جائیں گے۔آئندہ لوک سبھا انتخابات کوذہن میں رکھتے ہوئے حکومت ان بلوں کوہرحال میں منظورکرانے کی کوشش کرے گی۔ اس کے لئے حکومت کواپوزیشن اوردیگر جماعتوں کی شدیدمخالفت کا سامناہی کیوں نہ کرناپڑے۔یہ اجلاس20دسمبر تک چلے گالیکن کئی پارٹیوں نے اپیل کی ہے کہ تاریخ میں توسیع کی جائے،لہذااجلاس کی مدت بڑھائے جانے کاامکان ہے۔عام طورپرسرمائی اجلاس ایک ماہ تک چلتاہے لیکن اس باراسمبلی انتخابات کی وجہ سے اس کی مدت مختصررکھی گئی ہے۔علاوہ ازیں آہندہ سال اپریل/مئی میں لوک سبھاانتخابات ہونے والے ہیں،اس لئے یوپی اے کے کام کاج کایہ آخری اجلاس ہوگا۔اس کے بعد بجٹ اجلاس منعقد ہوگا،اس میں صرف تصرف بل ہی منظورکرایاجائے گا۔پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کے دوران دونوں بڑی پارٹیوں کانگریس اوربی جے پی کے لیڈروں کی تقریروں اورسخت تیوروں سے اندازلگایاجارہاہے کہ سرائی اجلاس پربھی اس کااثرپڑے گا۔بی جے پی مہنگائی،بدعنوانی اورخواتین کے جنسی استحصال،داخلی سلامتی،2Gاسپکٹرم نیلامی پرمشترکہ پارلیمانی کمیٹی(جے پی سی)کی رپورٹ اوربدعنوانی جیسے مسائل پرگانگریس کوگھیرنے کی تیاری کرے گی۔دوسری طرف اپوزیشن کے تیورکودیکھتے ہوئے کانگریس اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کراس کاڈٹ کرمقابلہ کرنے کی پالیسی بنارہی ہے۔وہ پہلی فرصت میں حکومت گجرات کے ذریعہ ایک لڑکی کی کی جاسوسی کے معاملہ کواٹھاکرنریندرمودی اوربی جے پی پرسخت حملہ کرنے کی تیاری میں ہے۔کانگریس نے کہاکہ یہ غیرقانونی جاسوسی نریندرمودی کے اشارے پرکرائی گئی۔پٹنہ میں نریندرمودی کی ریالی کے دوران ہوئے بم دھماکوں پربی جے پی حکومت کی داخلی محاذپرناکامی کواجاگرکرنے کی کوشش کرے گی۔مہنگائی اوربدعنوانی کے معاملہ پرتوبائیں بازوکی پارٹیاں بھی بی جے پی کے ساتھ ہیں۔حکومت طویل عرصہ سے زیرالتواء خواتین تحفظات بل۔فرقہ وارانہ تشدد(روک تھام)بل اوردرج فہرست ذات وقبائل کوترقی میں تحفظات کابل اورلوک پال بل کواسی اجلاس میں منطورکرانے کی کوشش کرے گی۔خواتین تحفظات بل راجیہ سبھا میں بہت پہلے ہی منظورکیاجاچکاہے لیکن سماج وادی پارٹی اوردیگر جماعتوں کی مخالفت کی وجہ سے لوک سبھا میں پیش نہیں کیاجاسکا۔سماج وادی پارٹی نے ایک بارپھر ترقی میں تحفظات بل کی مخالفت شروع کردی ہے۔لوک پال بل لوک سبھاسے منظورہوچکاہے لیکن راجیہ سبھامیں راشٹریہ جنتادل کے زبردست ہنگامہ کی وجہ سے یہ بل منظورنہیں ہوسکا۔حکومت اس باراسے منظورکرانے کی پوری کوشش کرے گی اوربی جے پی بھی کچھ ترامیم کے بعداس کی حمایت کرسکتی ہے۔علحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل سے متعلق بل پرتقریباتمام پارٹیوں کااتفاق ہے۔حکومت اس بل کوبھی اسی اجلاس میں پیش کرسکتی ہے۔علاوہ ازیں کول ریگولیٹری اتھاریٹی بل2013،بنگلہ دیش کے ساتھ ہوئے سمجھوتہ سے متعلق بل،نیوکلیرسیکوریٹی اتھارٹی بل وغیرہ حکومت کے ایجنڈے میں شامل ہیں۔بی جے پی اور آسام گن پریشداس سرحدی معاہدہ بل کی مخالفت کررہی ہیں۔اس اجلاس میں حکومت رواں مالی سال کے مطالبات زراورریلوے کے مطالبات زربھی منظورکرائے گی۔

Winter Session of Parliament begins today, Centre aiming to push several controversial bills

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں