ہندوستان امریکہ کا اہم حلیف - رکن ایوان نمائندگان ڈاکٹر ایمی بیرا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-17

ہندوستان امریکہ کا اہم حلیف - رکن ایوان نمائندگان ڈاکٹر ایمی بیرا

واشنگٹن
(پی ٹی آئی)
ہندوستانی نژادواحد امریکی کانگریسی رکن ڈاکٹرایمی بیرانے کہاہے کہ ہندوستان،ایشیامیں امریکہ کاایک نہایت اہم حلیف ہے اورواشنگٹن کواس بات کی پرواہ کئے بغیرکہ دنیاکی سب سے بڑی جمہوریت کاوزیراعظم کون بنے گا،اپنے تعلقات کومزیدبہتربنانے کی ضرورت ہے۔48سالہ بیرانے جوکیلیفورنیامیں7ویں کانگریسی ضلع کی نمائندگی کرتے ہیں،پی ٹی آئی سے کہاکہ ہند۔امریکہ تعلقات کودونوں ممالک میں کسی مخصوص انتظامیہ یاحکومت تک محدودنہیں کیاجاناچاہےئے،دونوں ممالک کے تعقات محض اقتصادی سطح پرہی نہیں ہیں بلکہ ان میں جغرفیائی۔سیاسی تعلقات بھی پائے جاتے ہیں،یہ تعلقات نہایت اہمیت رکھتے ہیں اوران سے جنوبی ایشیاپرکافی اثرپڑتاہے۔بیراکے مطابق ہندوستان دھیرے دھیرے جنوبی ایشیا میں ایک بنیادی ستون بنتاجارہاہے۔ہندوستان سے تعلق رکھنے والے بیراپہلی امریکی نسل سے تعلق رکھتے ہیں اورکیلیفورنیامیں پیداہوئے اورپلے بڑھے۔وہ امریکی ایوان نمائندگان کیلئے منتخب ہونے والے محض تیسرے ہندوستانی نژادشخص ہیں۔ان سے پہلے دلیپ سنگھ ساوند(1957-63)اوربابی جندال(2005-08)یہ اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔بیرانے جن کے والدین راجکوٹ، گجرات سے امریکہ منتقل ہوئے تھے کہاکہ اس وقت ہماری توجہ ایشیابالخصوص جنوبی ایشیامیں استحکام پرمرکوزہے لہذاہندوستان اس معاملہ میں کافی اہمیت رکھتاہے۔اسی بناپر ہمیں اس بات کی پرواہ نہیں کرنی چاہےئے کہ ہندوستان میں منعقد شدنی عام انتخابات میں کونسی پارٹی فاتح رہتی ہے اورکون حکومت بناناہے۔ان کے مطابق دونوں ممالک کے مابین ایسی رفاقت کاری ہونی چاہےئے جس کا سلسلہ ہمیشہ باقی رہے۔انھوں نے تاہم بی جے پی کے وزارت عظمی کے امیدوارنریندرمودی کوامریکی ویزادئیے جانے سے متعلق سوال کا جواب دینے سے انکارکردیااورکہاکہ اس بارے میں کوئی فیصلہ کرناامریکی حکومت کااختیارہے۔انھوں نے مزیدکہاکہ میں ہندوستان میں ہونے والے انتخابات کے نتائج کی پیش قیاسی نہیں کرسکتاتاہم جوبھی شخص وزیراعظم بنے گا،اس پرامریکہ کے ساتھ قریبی تعلقات کوبرقراررکھنے کی ذمہ داری عائدرہے گی۔انھوں نے واضح طورپرکہاکہ ہندوستان عوام جوبھی فیصلہ کریں گے ہم یاکم ازکم میں اس کااحترام کروں گا۔ایمی بیرانے جورواں برس موسم گرما میں ہندوستان کادورہ کرچکے ہیں،کہاکہ میں سمجھتاہوں کہ یہ ہند۔امریکہ تعلقات کیلئے ایک نہایت پرجوش وقت ہے،مجھے اس بات پربے حد خوشی ہے کہ میں واحدہندوستانی نژادکانگریسی رکن ہوں اور دونوں ممالک کے مابین بہترتعلقات کیلئے نمائندگی کرسکتاہوں جبکہ میں اس بات سے بھی کافی متاثرہوں کہ ہندوستانی عوام اپنے کسی ہم وطن کوبڑے عہدہ پرفائزہونے کوکس قدراہمیت دیتے ہیں۔انھوں نے مزیدکہاکہ مجھے امیدہے کہ دونوں ممالک کے مابین تعلقات کواقتصادی اورسیاسی طورپرمزید آگے بڑھایاجائے گا۔انھوں نے اس امیدکااظہارکیاکہ وہ اپنے ساتھیوں کے ساتھ آئندہ برس پھرایک بارہندوستان کادورہ کریں گے اوراپنے آبائی مقام راجکوٹ جائیں گے۔چونکہ بیرا،امریکی کانگریس میں نمائندگی کرنے والے واحد ہندوستانی ہیں لہذاامریکہ میں موجودنوجوان ہندوستانیوں کی کثیرتعدادان سے کافی متاثرہے اورامریکہ میں بڑے عہدوں پرفائزہونے کیلئے تحریک حاصل کررہی ہے۔
India, a critical American partner in Asia: Indian-American Congressman Dr Ami Bera

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں