امیت شاہ آڈیو ٹیپس اجرا پر تحقیقاتی کمیشن کا غلیل ڈاٹ کام کو سمن - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-31

امیت شاہ آڈیو ٹیپس اجرا پر تحقیقاتی کمیشن کا غلیل ڈاٹ کام کو سمن

پولیس کی جانب سے ایک خاتون کی مبینہ جاسوسی کی تحقیقات کیلئے حکومت گجرات کی جانب سے تشکیل دئیے گئے دو رکنی کمیشن نے غلیل ڈاٹ کام کے آکاش کھیتان کو سمن جاری کئے ہیں اور ان سے کہا ہے کہ وہ آڈیو ٹیپ کی اجرائی کے سلسلہ میں 15جنوری تک حلف نامہ داخل کریں۔ 2 تحقیقاتی نیوز ویب سائٹس کو برا پوسٹ ڈاٹ کام اور غلیل ڈاٹ کام نے 15 نومبر کو دعویٰ کیا تھا کہ گجرات کے سابق وزیر داخلہ امیت شاہ نے اپنے کسی صاحب کی ایما پر ایک خاتون کی غیر قانونی نگرانی کا حکم دیا تھا۔ انہوں نے امیت شاہ اور معطل آئی پی ایس عہدیدار جی ایل سنگھل کے درمیان بات چیت کے ٹیپس کو اپنے دعوی کی تائید میں منظر عام پر لایا تھا۔ تاہم کہا تھا کہ ان ٹیپس کی صداقت کی توثیق نہیں ہوسکی ہے۔ کھیتان نے آج پی ٹی آئی کو فون پر بتایاکہ ہمیں کمیشن سے سمن موصول ہوچکے ہیں۔ ہم سے کہا گیا ہے کہ ٹیپس کی اجرائی کے سلسلہ میں کمیشن میں حلف نامہ داخل کریں۔ ہم کچھ عرصہ بعد (جواب دینے یا نہ دینے کا) فیصلہ کریں گے۔ واضح رہے کہ گجرات پولیس کی جانب سے ایک خاتون کی مبینہ جاسوسی کے سلسلہ میں اپوزیشن جماعتوں اور سماجی تنظیموں کی تنقیدوں کا نشانہ بننے کے بعد حکومت گجرات نے یہ کمیشن تشکیل دیا ہے۔ گجرات ہائیکورٹ کے ریٹائرڈ جج سگنیا بھٹ اور ریٹائرڈ ایڈیشنل چیف سکریٹری کے سی کپور اس کے ارکان میں شامل ہیں۔ کمیشن کو اندرون تین ماہ رپورٹ داخل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ بی جے پی نے 2014ء کے لوک سبھا انتخابات سے عین قبل آڈیو ٹیپس کی اجرائی کو مبینہ سازش قرار دیا ہے تاکہ ان کے وزارت عظمی کے امیدوار نریندر مودی کا نام بدنام کیا جاسکے۔ پارٹی نے سی بی آئی اور کانگریس پر انگشت نمائی کی ہے۔

Snooping controversy: Panel asks Gulail.com to file affidavit by Jan 15

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں