حیدرآباد ایم ایم ٹی ایس ٹرین اسٹیشنوں پر جی پی ایس کی تنصیب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-08

حیدرآباد ایم ایم ٹی ایس ٹرین اسٹیشنوں پر جی پی ایس کی تنصیب

پلیٹ فارم پر موجود مسافرین کو متحرک ٹرینوں کے تازہ ترین موقف پر بروقت معلومات فراہم کرنے کیلئے ساؤتھ سنٹرل ریلوے نے ایک قدم آگے بڑھاتے ہوئے دونوں شہروں کے تمام ایم ایم ٹی ایس کے پلیٹ فارمس پر جدید طرز کا گراں قیمت ایل ای ڈی مسافرین کی معلومات مظاہرہ سسٹم نصب کیا ہے۔ ایس سی آر کے تعلقات عامہ کے کلیدی عہدیدار سامبا سیوا راؤ نے آج یہاں جاری کردہ بیان میں کہا کہ ایم ایم ٹی ایس سسٹم پر مضافاتی مسافرین کی ضرورت کے پیش نظر عصری مانٹیرس نصب کئے گئے ہیں جن سے بروقت مسافرین سے متعلق معلومات فراہم ہوں گی۔ انہیں آوٹ سورسنگ (بیرونی افراد کی خدمات) کی اساس پر نصب کیا گیا ہے۔ اس طریقہ کار کا نمونہ گلوبل پوزیشنگ سسٹم (جی پی ایس) اور جنرل پیکیٹ ریڈیو سسٹم ٹکنالوجی پر مبنی ہے۔ اس وقت ایس سی آر فلک نما۔ سکندرآباد، حیدرآباد۔ لنگم پلی راہداریوں پر واقع 26 سے زائد اسٹیشنوں پر ایم ایم ٹی ایس خدمات فراہم کررہا ہے جس کے ذریعہ اوسطاً یومیہ لگ بھگ 1.5 لاکھ مسافرین کی حمل و نقل عمل میں آتی ہے۔ 2015ء میں ہائی ڈیفینیشن ایل ای ڈی مانیٹرس تاحال تمام 26 ایم ایم ٹی ایس اسٹیشنوں کے 69 پلیٹ فارمس پر نصب کئے گئے ہیں۔ جی پی ایس پر مبنی ریسپٹر ماڈیول جو سیٹلائٹ سے اس کے عرض بلد و طول بلد کے باہمی تال میل کے طریقہ کار سے استفادہ کرتا ہے۔ اس آلہ کے ذریعہ خط رمزی میں تحریر پروسیسنگ اور معلومات کی ترسیل، ٹرین کے نمبر، راہداری اور موجودہ محل وقوع کے بارے میں معلومات کلیدی سرور کو روانہ کی جاتی ہیں جس میں جی پی آر ایس سے استفادہ کیا جاتا ہے۔ کسی بھی قسم کی معلومات کی فراہمی کیلئے انسانی مداخلت کی ضرورت نہیں ہوتی ہے۔ بیرونی کلیدی سرور اسے حاصل کرتا ہے اور خط رمزی میں تحریری معلومات کو قابل فہم عبارت میں تبدیل کرتے ہوئے اسٹیشنوں پر تعینات مقامی سرورس تک پہنچاتا ہے۔ مخصوص اسٹیشنوں پر مقامی سرور پلیٹ فارمس پر نصب ڈسپلے مانیٹرس کو متعلقہ معلومات فراہم کرتا ہے۔

GPS-based monitors installed at Hyderabad MMTS stations

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں