اخوان المسلمون دہشت گرد تنظیم - وزیر اعظم مصر کا اعلان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-25

اخوان المسلمون دہشت گرد تنظیم - وزیر اعظم مصر کا اعلان

قاہرہ
(پی ٹی آئی )
مصر میں معزول صدر محمد مرسی کی جماعت اخوان المسلمون کو حکومت نے آج دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا ۔ اس سے چند گھنٹے قبل ہی ایک پولیس عمارت کو نشانہ بناتے ہوئے کار بم دھماکہ کیا گیا جس میں کم از کم 14افراد ہلاک اور 100سے زائد زخمی ہوگئے ۔ مرسی کی حکومت کو فوج کی جانب سے اقتدار سے بیدخل کرنے کے بعد یہ اب تک کا سب سے ہلاکت خیز حملہ ہے ۔ اس حملہ کے بعد فوج کی زیر سر پرستی حکومت نے دہشت گردی کے خلاف سختی سے نمٹنے کا عہد کیا ہے ۔سرکاری خبر رساں ایجنسی \"مینا\" نے وزیر اعظم کے ترجمان شریف شوکی کے حوالہ سے کہا کہ وزیر اعظم ہاضم البیبلا وی نے اخوان المسملمون کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا ہے ۔ مصر میں ایک بہترین منظم سیاسی طاقت سمجھی جانے والی اخوان کو ایسے وقت دہشت گرد تنظیم قرار دیا گیا ہے جب کہ چند ہفتوں بعد ہی ایک نئے دستور پر ریفرنڈم ہونے والا ہے ۔ اس ریفررنڈم کو صدر مرسی کے خلاف جولائی میں فوج کی بغاوت کے بعدجمہوریت کی بحالی کے لئے ایک بڑا قدم سمجھا جاتا ہے۔مصر کی ایک عدالت نے پہلے ہی اخوان کی سرگرمیوں پر امتناع عائد کردیا ہے ۔فوجی حمایت یافتہ عبوری حکومت اکثر وبیشتر ملک میں عکسریت پسندوں کو فنڈ فراہم کرنے کا اسلام پسندتحریک پر الزام عائد کرتی رہی ہے۔فوجی بغاوت کے بعد سے تحریک کے رہنما محمد بدیع کے بشمول 2000سے زائد اخوانیوں کو گرفتار کیا جاچکا ہے ۔وزیر اعظم بیبلاوی کی جانب سے اخوان کو دہشت گرد قرار دینے سے چند گھنٹوں قبل ہی شمالی شہر منصورہ میں ایک سیکورٹی عمارت طاقتورددھماکہ سے دہل گئی جس میں کم از کم 14افراد ہلاک اور 130سے زائد زخمی ہوگئے کسی بھی گروپ نے دھماکہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے ۔ بیبلاوی نے کہا کہ دھماکہ کے ذمہ داروں کو بخشا نہیں جائے گا ۔ گورنر صوبہ وقحیہ عمر الشوتسی نے بتایا کہ مہلوکین میں بیشتر پولیس ملازمین ہیں ۔یہ دھماکہ کار بم کے ذریعہ کیا گیا ۔ مہلوکین میں 8پولیس جوان اور زخمیوں میں صوبائی پولیس سربراہ بھی شامل ہے ۔ دوسری جانب اخوان المسلمون نے بھی دھماکہ کی مذمت کی اور اسے مصری عوام کے اتحاد پر راست حملے سے تعبیر کیا ۔ یہ دھماکہ نصف شب کے بعد ہوا جو فوجی بغاوت کے بعد پہلا بڑا دہشت گرد حملہ ہے ۔ حملہ کے فوری بعد کا بینہ کا ایک اجلاس طلب کیا گیا اور اخوان المسلمون کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کا اعلان کیا گیا ۔ وزیر داخلہ محمد ابراہیم نے کہا کہ ملک کو ایسے دشمن کا سامنا ہے جس کا نہ کوئی مذہب ہے اور نہ کوئی قوم ۔ انہوں نے دھماکوں کے مقام کا معائنہ کیا ۔ فوج نے بھی اس دھماکہ دہشت گرد حملہ قرار دیا جبکہ صدراتی محل سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ایسے حملے دہشت گردی کو اکھاڑ پھینکنے حکومت کے عزم میں اضافہ کا سبب بنیں گے ۔
Egypt Declares Brotherhood a 'Terrorist Group'

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں