غیر حاضر رائے دہندگان کو حق رائے دہی دلانے پر غور - الیکشن کمیشن - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-20

غیر حاضر رائے دہندگان کو حق رائے دہی دلانے پر غور - الیکشن کمیشن

الیکشن کمیشن نے آ! کہا ہے کہ وہ روزگار، بیماری یا کسی دوسری وجہہ سے اپنے حق رائے دہی کا استعمال نہ کرنے والے لوگوں کو حق دلانے کیلئے انٹرنیٹ سمیت تمام تکنیکی اقدامات کرنے پر غوروخوص کررہا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر وی ایس سمپت نے آج یہ یقین دہانی صنعت کار اور کانگریس کے ممبر پارلیمنٹ نوین جندل کو کرائی جنہوں نے مسٹر سمپت سے ملاقات کرکے انتخابات کے وقت ووٹنگ سے محروم رہ جانے والے لوگوں کوانٹرنیٹ یا بذریعہ ڈاک حق رائے دہی کے استعمال کی اپیل کی تھی۔ مسٹر جندل نے گذشتہ ہفتہ اس سلسلے میں الیکشن کمشنر نسیم زیدی سے بھی ملاقات کی تھی۔ انہوں نے کہاکہ ووٹر روزگار، تعلیم، بیماری یا دیگر کسی وجہہ سے اپنے علاقہ یا بیرون ملک چلا جائے تو ایسی حالت میں انٹرنیٹ، ڈاک یا کسی دوسرے ذریعہ سے ووٹنگ کی اجازت دی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ غیر مقیم ہندوستانیوں کو بھی اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنے کی اجازت ملنی چاہئے۔ مسٹرجندل نے کہاکہ دنیا کے کئی ممالک میں غیر حاضر ووٹروں کیلئے انٹرنیٹ ووٹنگ، نیابتی ووٹنگ، پوسٹل ووٹنگ جیسے طریقے رائج ہیں۔ اسی طرح ہمارے ملک میں بھی غیر حاضر ووٹروں کو اپنے ووٹ کا استعمال کرنے کی اجازت ملنی چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے غیر مقیم ہندوستانیوں کووٹ دینے کا حق دیا ہے لیکن وہ اپنے حلقہ انتخاب میں جاکر ہی حق رائے دہی کا استعمال کرسکتے ہیں۔ پارلیمنٹ میں ایک سوال کے جواب میں کہا گیا ہے کہ 2012ء میں ہونے والے پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات میں صرف 13 غیر مقیم ہندوستانیوں نے اپنے حلقہ میں پہنچ کر حق رائے دہی کا استعمال کیا تھا۔ مسٹر جندل نے کہاکہ الیکشن کمیشن نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ اس مسئلے پر سنجیدگی سے غور کرے گا اور کہاکہ آئندہ لوک سبھا انتخابات میں بہت کم وقت رہ گیا ہیل لہذا چناؤ کے بعد تمام ممکنہ اقدامات پر غور کیا جائے گا۔ سمپت نے کہاکہ انٹرنیٹ پر حق رائے دہی کے تعلق سے الیکشن کمیشن کافی سرگرمی اور تیز رفتاری سے کام کرے گا۔ انٹرنیٹ ووٹنگ کی اجازت دینے کیلئے سلامتی سے متعلق مسائل کا حل بھی بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ کمیشن ان تمام پہلوؤں پر تکنیکی ماہرین سے مشورہ کرے گا۔

Chief Election Commissioner india on Absentee Voting

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں