گجرات میں خاتون کی مبینہ جاسوسی - تحقیقاتی کمیشن قائم کرنے کا حکم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-27

گجرات میں خاتون کی مبینہ جاسوسی - تحقیقاتی کمیشن قائم کرنے کا حکم

گجرات پولیس کی جانب سے کی گئی ایک نوجوان خاتون کی مبینہ جاسوسی کی چھان بین کے لئے آج مرکزی کابینہ نے ایک تحقیقاتی کمیشن قائم کرنے کا حکم دے دیا۔ بتا یا جاتا ہے کہ مذکورہ مبینہ جاسوسی، اس وقت کے وزیر داخلہ گجرات امیت شاہ کی ایما پر کی گئی۔ با خبر ذرائع نے یہ بات بتائی ۔ تحقیقاتی کمیشن کے قیام کا فیصلہ کابینہ کے اجلاس نے کیا۔ وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ نے اجلاس کی صدارت کی۔ آج جاری کردہ ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تحقیقات میں ان معاملا ت کا جائزہ لیا جائے گا جو گجرات، ہماچل پردیش اور دہلی میں، مبینہ طور پر کسی اختیار کے بغیر جسمانی /الکٹرانک جاسوسی کے طور پر کئے گئے۔ با خبر ذرائع نے بتا یا کہ مذکورہ تحقیقاتی کمیشن کے صدر کی حیثیت سے سپریم کورٹ کے کسی ریٹائرڈ جج کو نامزد کئے جانے کا امکا ن ہے۔ اس سلسلہ میں اعلان، ممکن ہے کہ آئندہ چند روز میں کیا جائے۔ دو تحقیقاتی ویب سائٹس کوبرا پوسٹ اور غلیل ڈاٹ کام نے 15نومبر کو دعوی کیا تھا کہ امیت شاہ نے ایک ، صاحب کی ایماپر مذکورہ خاتون کی غیر قانونی جاسوسی کرنے کا حکم دیا تھا۔ مذکورہ، صاحب کے بارے میں عام خیال یہ ہے کہ وہ گجرات کے چیف منسٹر نریندر مودی ہیں۔ حکومت گجرات نے پہلے ہی اس کیس کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ امیت شاہ اب بی جے پی کے اتر پردیش امور کے انچارج ہیں۔ کابینہ کے مذکورہ فیصلہ پر بی جے پی نے برہمی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ اصل نشانہ مودی ہیں جو اب پارٹی کے امدیوار وزرات عظمی ہیں۔ یو این آئی کے بمو جب حکومت گجرات کی جانب سے ایک خاتون کی جاسوسی کے الزامات کا جائزہ لینے انکوائری کمیشن کی تشکیل کا خیر مقدم کرتے ہوئے کانگریس نے آج کہا کہ بہت پہلے ایسا کیا جانا چاہئے تھا۔ سینئر قائد اور اے آئی سی سی جنرل سیکریٹری گروداس کامت نے یہاں ایک ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایسا بہت پہلے ہونا چاہئے تھا۔ میں کابینہ اور وزیر اعظم کو مبارکباد دیتا ہوں۔ اے آئی سی سی جنرل سیکریٹری ڈک وجئے سنگھ نے بھی مرکزکی جانب سے انکوائری کمیشن کی تشکیل کا خیر مقدم کیا۔ انھوں نے کمیشن کی تشکیل کی مدافعت کرتے ہوئے کہا کہ یہ (جاسوسی معاملہ ) ملک کے ٹیلیگراف ایکٹ اور آئی ٹی ایکٹ کی سراسر خلاف ورزی ہے۔کسی کو ذمہ دار بنانا ضروری ہے۔ بی جے پی کے اس استدلال پر کہ حکومت گجرات پہلے سے اس معاملہ کی تحقیقات کرارہی ہے، ڈگ وجئے سنگھ نے کہا کہ حکومت گجرات کی تحقیقات کی مثال ایسی ہے جیسے ملزم خود اپنے کیس کا فیصلہ کررہا ہو۔ اسی دوران موصولہ علیحدہ اطلاع کے مطابق بی جے پی نے جاسوسی معاملہ کی تحقیقات کے لیے ایک انکوائری کمیشن تشکیل دینے مرکز کے فیصلہ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے آج کانگریس پر الزام عائد کیا کہ وہ چیف منسٹر نریندر مودی کے خلاف الزام تراشی کر رہی ہے۔ پارٹی نے کہا کہ مرکزی کابینہ کے اقدام کو عدالت میں چیلنج کیا جائے گا۔ بی جے پی کے قومی صدر راجناتھ سنگھ نے تحقیقاتی ایجنسیوں کے مودی کے خلاف بیجا استعمال پر کانگریس کو نشانہ تنقید بنا یا۔ انھوں نے کہا کہ مرکز نریندر مودی کو ہراساں کررہا ہے لیکن سچائی سامنے آکر رہے گی ۔ سینئر بی جے پی لیڈر ارون جیٹلی نے کہا کہ کمیشن کے تقرر سے متعلق کابینہ کا فیصلہ قانونی طور پر مشتبہ ہے اور اسے عدالت میں چیلنج کیا جائے گا۔ بی جے پی نے الزام عائد کیا کہ کانگریس الزام تراشی اور انتخابی سیاست میں ملوث ہورہی ہے۔

Centre to set up judicial panel to probe 'snoopgate'

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں