کرناٹک وزیر اعلیٰ کا تیقن - اراضی کے بجائے 30 ہزار فلیٹس کی تقسیم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-27

کرناٹک وزیر اعلیٰ کا تیقن - اراضی کے بجائے 30 ہزار فلیٹس کی تقسیم

شہر میں مالی طورپر کمزور رہنے والوں کیلئے 15مقامات پر جملہ 30ہزار فلیٹس تقسیم کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ سدا رامیا نے یہ بات بتائی۔ شہر میں چند سالوں سے جن لوگوں کے پاس مکانات نہیں ہیں ان کیلئے اراضی تقسیم نہیں کئے گئے تھے۔ کانگریس حکومت غریبوں کو اراضی فراہم کرنے کیلئے حتی المقدور کوشش کررہی ہے۔ بنگلور ڈیولپمنٹ اتھاریٹی( بی ڈی اے) کی طرف سے شہر کے کئی علاقوں میں فلیٹس تعمیر کئے گئے فلیٹوں کو لاٹری کے ذریعہ مستحقین میں تقسیم کرنے کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ بجٹ میں 6ہزار فلیٹس تقسیم کرنے کیلئے یقین دہانی کرائی گئی تھی اس کے مطابق آج ایک کمرے والے 1866، 2کمرے والے 962 اور 3کمروں والے 506 فلیٹس تقسیم کئے گئے ہیں۔ اگلے 2014ء مارچ تک ارکاوتی لے آوٹ کے اراضی مالکان کو پوزیشن سرٹیفکیٹس فراہم کئے جائیں گے۔ ارکاوتی لے آوٹ میں 8ہزار سائٹس تیار کرکے تقسیم کردئیے گئے ہیں اس کے باوجود پوزیشن سرٹیفکٹ نہیں دیے گئے ہیں۔ کیمپے گوڑا لے آوٹ کی ترقی اور بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے 700 کروڑ روپئے خرچ کئے جائیں گے۔ اس کیلئے ٹنڈر طلب کئے گئے ہیں۔ یہاں تقریباً 60ہزار اراضی تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ بنگلور پر بڑھنے والا دباؤ کم کرنے کیلئے اپ نگر تعمیر کرنے کا فیصلہ حکومت کے زیر غور ہے۔ وہاں بنیادی اور دیگر سہو لیات فراہم کی جائیں گی۔ جیکا کمپنی کے تعاون سے 65 کلو میٹر پریفرل رنگ روڈ تعمیر کرنے کیلئے فیصلہ بی ڈی اے کرلیا ہے۔ لوگوں کو بیک وقت رہائش گاہ کا مسئلہ حل کرنا ممکن نہیں ہے۔ اس لئے مرحلہ وار اقدامات کئے جائیں گے۔ بجٹ میں اعلان کردہ اسکیموں میں 6 ہزار فلیٹوں کے مقابلے آج 3ہزار فلیٹس تقسیم کئے گئے ہیں۔ بقیہ فلیٹس اگلے سال مارچ تک تقسیم کردیے جائیں گے۔ اس میں شفافیت لانے کیلئے لاٹری کی مدد لی جارہی ہے۔ بنگلور کی آبادی ایک کروڑ سے تجاوز کرگئی ہے۔ 50لاکھ گاڑیاں ہیں۔ آئی ٹی۔ بی ٹی، ایرو اسپیس کی ترقی سے عالمی طورپر شہر کو پہنچانا جارہا ہے۔ بنگلور ڈیولپمنٹ اتھاریٹی (بی ڈی اے) کمشنر شام بھٹ نے کہاکہ غیر قانونی قبضہ جات ہٹاکر 14 ایکڑ زمین پر فلیٹس تعمیر کرنے کا فیصلہ بی ڈی اے کے زیر غور ہے۔ غیر قانونی قبضہ جات ہٹاکر حکومت کے قبضہ میں رہنے والی 326 ایکڑ زمین کو بی ڈی اے کو فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس میں سے 14 ایکڑ زمین میں فلیٹس تعیر کئے جائیں گے۔

BDA to distribute 30,000 flats for the poor

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں