آندھرا پردیش میں برقی استعمال کی شرح دیگر ریاستوں سے زیادہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-12

آندھرا پردیش میں برقی استعمال کی شرح دیگر ریاستوں سے زیادہ

برقی کی طلب میں اضافہ اور مطالبہ کے پیش نظر ضلعی سطح پر قابل تجدید توانائی کے ذریعہ شمسی توانائی اور ونڈ انرجی کو فروغ دیا جائے گا۔ برقی کے تحفظ کے ذریعہ بلارکاؤٹ برقی سربراہی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ برقی بچت کے ذریعہ ریاست کو برقی کی موثر سربراہی میں کافی مدد ملے گی۔ برقی کی بچت کی وجہہ سے صارفین کے بلوں میں کمی آئے گی اور اس کے ذریعہ صارفین کو رقم کی بھی بچت ہوگی۔ چیف سکریٹری ڈاکٹر پی کے موہنتی نے اعلیٰ سطحی اجلاس میں ان خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ حیدرآباد کے ایسی عمارتیں جس کا رقبہ 5000 مربع فٹ ہے اور دیگر بڑے شہروں میں پہلے مرحلہ کے تحت ان عمارتوں کی چھتوں پر سولار پینل لگائے گئے ہیں تاکہ ان کو برقی سربراہی کی جاسکے۔ شمسی توانائی کے ذریعہ حاصل ہونے سے روایتی برقی کی بچت ہوگی اور اس طرح سے برقی کی کمی کو ریاست بھر میں دور کیا جاسکتا ہے۔ اس کے علاوہ تمام سوشیل ویلفیر ہاسٹلس وغیرہ میں بھی سولار پاور پینل نصب کئے گئے ہیں۔ حکومت نے نشانہ لگایا کہ نیو اینڈرینیوبل انرجی ڈیولپمنٹ کارپوریشن آف آندھراپردیش لمیٹیڈ( این آر ای ڈی سی اے پی) کے تعاون سے آئندہ 5سالوں میں 5000 میگاواٹ ونڈ توانائی پیدا کی جائے گی۔ ہرسال 500 میگاواٹ برقی پیدا کی جائے گی۔ اس کے علاوہ شمسی توانائی کے ذریعہ 500 میگاواٹ سالانہ برقی پیداوار کا بھی منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ اہم وقت ہے کہ ہم شمسی اور ونڈ توانائی کی پیداوار کیلئے کوششوں کا آغاز کریں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت برطاینہ نے بھی ریاست میں شمسی توانائی کے فروغ کیلئے یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے ہیں۔ ڈاکٹر پی کے موہنتی نے مزید کہاکہ برقی کے تحفظ اور بچت کو اس وقت ممکن بنایا جاسکتا ہے جبکہ 2.5 کرور برقی صارفین حکومت سے تعاون کرتے ہوئے برقی بچت کو یقینی بنائیں۔ حکومت تنہا طورپر اس نشانہ کو پورا نہیں کرسکتی۔ عوامی تعاون نہایت ضروری ہے۔ اسپیشل سکریٹری محکمہ توانائی مستر ساہو نے کہاکہ ریاست میں آج فی صارف 1019 برقی یونٹس کا استعمال کرتا ہے۔ اس سے پتہ چلتا ہے کہ ریاست میں ترقی کی شرح ملک کی دیگر ریاستوں سے زیادہ ہے۔ سری سریش چندا چیف منیجنگ ڈائرکٹر اے پی ٹرانسکو نے کہاہے کہ نہ صرف ریاست بلکہ ملک بھر میں برقی طلب میں ہرسال اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ اجلاس میں اسپیشل سکریٹری محکمہ توانائی منندرا، کملاکر بابو نے بھی شرکت کی۔

AP electricity power consuming rate more than other states P.K. mohanty

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں